Updated: November 12, 2026, 10:05 PM IST
| Madrid
اسپین میں گزشتہ ۱۰ برسوں میں اوسط کرائے تقریباً دوگنا ہو چکے ہیں۔ میڈرڈ میں اکتوبر کے دوران ۵۰ مربع میٹر کے فلیٹ کا کرایہ تقریباً ۱۱۷۰ یورو ماہانہ تھا، جبکہ اوسط مجموعی ماہانہ تنخواہ تقریباً ۲۴۶۰ یورو ہے۔ گزشتہ ماہ میڈرڈ میں ماریکارمین نامی ایک ۸۷ سالہ خاتون کی بے دخلی اور بعد ازاں خاتون کے انتقال کے بعد عوامی غصے میں مزید اضافہ ہوا۔ مہم چلانے والوں نے ہڑتال کی کال دینے کیلئے ان کے کیس کو بطور حوالہ استعمال کیا۔
کرایوں اور جائیداد کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے خلاف بدھ کے روز اسپین میں ملک گیر ہڑتال میں لاکھوں مزدوروں نے شرکت کی۔ اس پرزور احتجاج کی وجہ سے یورو زون کی چوتھی بڑی معیشت میں ذرائع آمدورفت درہم برہم ہوگئے اور متعدد کاروبار بند رہے۔ یہ ہڑتال ”تنخواہیں۔ رہائش۔ قیمتیں۔“ کے نعرے کے تحت کی گئی۔ واضح رہے کہ یہ ہڑتال گزشتہ ۱۴ برسوں میں ملک میں پہلی عام ہڑتال ہے اور بنیادی طور پر مہنگائی اور گزر بسر کے اخراجات کے خلاف ہونے والی پہلی ہڑتال ہے۔
منتظمین کا کہنا ہے کہ بارسلونا میں ہونے والے احتجاج میں ۴ لاکھ افراد نے مارچ کیا، جبکہ شہر کے حکام نے یہ تعداد ۵۵ ہزار بتائی۔ حکام کے اندازے کے مطابق شدید بارش کے باوجود میڈرڈ میں ایک لاکھ ۲۰ ہزار مظاہرین شریک ہوئے۔ بارسلونا میں پرامن مارچ کے بعد، نوجوان مظاہرین کے چھوٹے گروپوں نے پاسیو ڈی گراسیا (Paseo de Gracia) پر دکانوں کے شیشے توڑے، آگ لگائی اور فسادات روکنے کیلئے بلائی گئی پولیس پر پٹاخے اور آتش بازی کا سامان پھینکا۔ نقاب پوش افراد کے ایک گروہ نے ایپل اسٹور میں گھسنے کی بھی کوشش کی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اسپین بھر میں ۴۹ افراد کو گرفتار کیا گیا۔ ہوائی اڈوں کے آپریٹر ’اے ای این اے‘ (AENA) نے اطلاع دی کہ تقریباً ۵ فیصد پروازیں منسوخ ہوئیں۔
یہ بھی پڑھئے: غزہ معاملے پر امریکی کارکنوں کا آئی سی سی سے ٹرمپ اور روبیو کے گرفتاری وارنٹ جاری کرنے کا مطالبہ
یونینز اور کاروباری گروپوں میں اختلاف
مزدور یونینز ’سی سی او او‘ (CCOO) اور ’یو جی ٹی‘ (UGT) نے کہا کہ کار سازی اور بندرگاہوں میں شرکت ۹۰ فیصد جبکہ توانائی کے شعبے میں ۷۵ فیصد رہی۔ کاروباری گروپ ’سی ای او ای‘ (CEOE) نے اس ہڑتال کو ”ناکامی“ قرار دیا اور مجموعی شرکت تقریباً ۵ فیصد بتائی۔ تاہم دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ریٹیل اور مہمان نوازی کے شعبوں کے مقابلے بھاری صنعت اور ٹرانسپورٹ میں شرکت زیادہ رہی۔
عوام میں غصے کی وجہ کیا ہے؟
اسپین میں گزشتہ ۱۰ برسوں میں اوسط کرائے تقریباً دوگنا ہو چکے ہیں۔ میڈرڈ میں اکتوبر کے دوران ۵۰ مربع میٹر کے فلیٹ کا کرایہ تقریباً ۱۱۷۰ یورو ماہانہ تھا، جبکہ اوسط مجموعی ماہانہ تنخواہ تقریباً ۲۴۶۰ یورو ہے۔ گزشتہ ماہ میڈرڈ میں ماریکارمین نامی ایک ۸۷ سالہ خاتون کی بے دخلی اور بعد ازاں خاتون کے انتقال کے بعد عوامی غصے میں مزید اضافہ ہوا۔ مہم چلانے والوں نے ہڑتال کی کال دینے کیلئے ان کے کیس کو بطور حوالہ استعمال کیا۔ ۷۴ سالہ المودینا لوپیز نے کہا کہ ان کا ۴۳ سالہ بیٹا اب بھی گھر خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتا۔ رہائشی حقوق کے گروپ لیز کی خودکار تجدید اور کرایہ داروں کے لیے مضبوط تحفظات چاہتے ہیں۔ یونینز مزید سرکاری رہائش گاہوں اور کم از کم اجرت کے نئے معاہدے کا مطالبہ کر رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: مالدیپ: اسرائیلی پاسپورٹ رکھنے والوں کے داخلے پر مستقل پابندی کی تیاری
سیاسی داؤ پیچ
وزیرِ اعظم پیڈرو سانچیز نے ۲۹ نومبر کو انتخابات کا اعلان کر رکھا ہے۔ اکتوبر میں ہونے والے ایک ٹرین حادثے، جس میں ۶۹ افراد ہلاک ہوئے تھے، سے ان کی انتخابی مہم کو نقصان پہنچا تھا۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ان کی سوشلسٹ پارٹی کو توجہ دوبارہ رہائش کے مسئلے پر مرکوز کرنے کیلئے ایک پرامن ہڑتال کی ضرورت ہے۔