سیوا آرگنائزیشن کے زیر اہتمام مختلف مساجدو مدارس میں طلبہ کی یو پی ایس سی اور ایم پی ایس سی کے تعلق سے رہنمائی کیلئے پروگرام منعقد۔
EPAPER
Updated: January 03, 2026, 12:26 PM IST | Mukhtar Adeel | Mumbai
سیوا آرگنائزیشن کے زیر اہتمام مختلف مساجدو مدارس میں طلبہ کی یو پی ایس سی اور ایم پی ایس سی کے تعلق سے رہنمائی کیلئے پروگرام منعقد۔
عصری تعلیم کے حصول کے ساتھ حفظ قرآن مجید حفظ کرنے والے طلبہ کو ’ مجھے افسر بننا ہے‘ مہم سے جوڑنے کیلئے مالیگاؤں میں سیوا آرگنائزیشن کے زیر اہتمام منظم سرگرمیاں مرحلے وار انجام دی جارہی ہیں۔ تنظیم کے مقامی کنوینر جاوید منصوری نے بتایا کہ سیوا آرگنائزیشن نے طلبہ کو یونین پبلک سروس کمیشن اور مہاراشٹر پبلک سروس کمیشن کے زیر اہتمام ہونے والے اعلیٰ مسابقتی امتحانات میں شرکت کی ترغیب، امتحانات کی تیاری کیلئے درکار مفصل معلومات، امتحانات میں شریک طلبہ کی مالی اعانت اور دیگر مثبت مقاصد کے تحت مالیگاؤں میں ’مجھے افسر بننا ہے‘ مہم شروع کی ہے۔
انقلاب کی تحقیق کے مطابق گزشتہ ۳۰؍ دسمبرکو بعد نماز مغرب مالیگائوں کی مسجد زینب میں مصلیوں ، طلبہ اور اہل علم کی خصوصی نشست منعقد کی گئی تھی۔ یہاں پر مولانا ساجد ندوی ( رکن سیوا آرگنائزیشن، مالیگاؤں )نے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس نیت سے تعلیم حاصل کریں کہ جس شعبے میں جائیں دین کی خدمت کریں۔ انسانیت کی بنیاد پر کام کریں۔ دنیا کیلئے نفع بخش بنیں۔ اگر اس نیت کے ساتھ انگریزی، مراٹھی، ہندی، سائنس، ریاضی یا دیگر مضامین پڑھے جائیں تواس کے مثبت اثرات طلبہ کواپنے تعلیمی نتائج میں دِکھائی دیں گے۔
زینب مسجد میں ہوئی نشست سے قبل ۲۷؍ دسمبر کو مغرب کی نماز کے بعد یوسفیہ مسجد (ایم ایچ بی کالونی) میں مدرسہ یوسفیہ کے شعبہ حفظ میں پڑھنے والے طلبہ کے ساتھ جاوید منصوری نے گفت وشنید کی۔ ابتدا میں یونین پبلک سروس کمیشن اور مہاراشٹر پبلک سروس کمیشن کے ساتھ دیگر سرکاری ملازمتوں کے بارے میں مفصل معلومات فراہم کی گئی۔ اس کے بعد طلبہ کو سوالات کرنے کا موقع دیا گیا۔ طلبہ کے سوالات کا مدلل اور سہل جواب جاوید منصوری نے دیا۔ اِس موقع پر مدرسہ یوسفیہ کے ناظم مفتی عبدالرحیم کا سیوا آرگنائزیشن شاخ مالیگاؤں نے خصوصی شکریہ ادا کیا۔ واضح رہے کہ مسجد زینب اور مسجد یوسفیہ میں جاری مدرسہ یوسفیہ میں نشستوں سے قبل سیوا کے کارکنان نے شوریٰ کی مشورے کے مطابق مالیگاؤں کے ہڈکوکالونی علاقے میں تعلیمی گشت کا اہتمام بھی کیا تھا۔ سیوا کی اِن علمی سرگرمیوں سے صنعتی شہر میں ایک خوشگوار تبدیلی کی دستک سنائی دے رہے ہیں۔