Inquilab Logo

امیت شاہ اور اجیت پوار کے درمیان ملاقات کے بعد قیاس آرائیاں

Updated: November 12, 2023, 12:01 PM IST | Agency | Mumbai

پہلے شردپور پھر امیت شاہ سے اجیت پوار کی ملاقات کے بعد بی جے پی کے قریبی روی رانا نے دعویٰ کیا کہ اجیت پوار کی کی کوشش جاری ہے، لوک سبھا الیکشن تک شرد پوار بی جے پی کے ساتھ آجائیں گے۔

Ajit Pawar and Praful Patel with Amit Shah. Photo: PTI
اجیت پوار اورپرفل پٹیل ، امیت شاہ کے ساتھ ۔ تصویر: پی ٹی آئی

یک روز قبل اجیت پوار کی پہلے اپنے چچا شرد پوار اس کے بعد مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کے بعد مہاراشٹر کے سیاسی حلقوں میں ایک بار پھر چہ میگوئیاں شروع ہو گئی ہیں جبکہ اس معاملے میں کچھ لیڈران کے بیانات سے آئندہ ریاست میں پھر کسی سیاسی ہنگامے کے اشارے ملنے لگے ہیں۔ حالانکہ این سی پی کی جانب سے اسے تہوار پر کی گئی ایک ملاقات قرار دیا گیا ہے جس میں ’کچھ عمدہ‘ باتیں بھی ہوئیں۔
  یاد رہے کہ جمعہ کو خبر آئی تھی کہ اجیت پوار نے پونے میں اپنے چچا شرد پوار سے ملاقات کی ہے جن سے بغاوت کرکے انہوں نے بی جے پی سے ہاتھ ملا لیا تھا ۔ یہ ملاقات شرد پوار کے بھائی پرتاپ رائو پوار کے گھر پر ہوئی تھی۔ وہاں سے نکل کر اجیت پوار دہلی گئے تھے۔ این سی پی ( اجیت) کے کارگزار صدر پرفل پٹیل اور پارٹی کے ریاستی صدر سنیل تٹکرے بھی ان کے ساتھ تھے۔ امیت شاہ کے دہلی میں ۸؍ کرشن مینن روڈ پر واقع رہائش گاہ پر یہ ملاقات ہوئی۔ ملاقات کے بعد پرفل پٹیل نے ایک ٹویٹ کے ذریعے اس کی اطلاع بھی دی۔ انہوں نے لکھا ’’دہلی میں مرکزی وزیر محترم امیت شاہ کے ساتھ ایک ’معنی خیز ملاقات‘ ہوئی ۔ میں ممنون ہوں کہ انہوں نے تہوار کے موقع پر ہمیں مدعو کیا اور دیوالی کی مبارکباد دی۔‘‘ ہرچند کہ اجیت پوار کی دونوں لیڈران سے ملاقات تہوار کی مناسبت سے کی گئی لگتی ہے لیکن سیاسی حلقوں میں اس تعلق سے چہ میگوئیاں جاری ہیں ۔ لوگ اس کے کئی معنی نکال رہے ہیں ۔ 
 اجیت پوار کی شرد پوار کو منانے کی کوشش جاری؟ 
 اس دوران بی جے پی حامی رکن اسمبلی روی رانا نے یہ کہہ کر سنسنی پھیلا دی کہ اجیت پوار این سی پی سربراہ شرد پوار کو منانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ وہ کسی طرح نریندر مودی کے ساتھ آجائیں ۔ روی رانا نے دعویٰ کیا کہ اجیت پوار کافی حد تک شرد پوار کو منانے میں کامیاب ہو چکے ہیں اور امید ہے کہ لوک سبھا الیکشن تک شرد پوار بی جے پی سے ہاتھ ملا لیں ۔ رکن اسمبلی نےکہا کہ شرد پوار اگر بی جے پی کے ساتھ آ گئے تو حکومت اور بھی مضبوط ہوگی اور عوام کے کام کرنے میں آسانی ہوگی۔ روی رانا نے دعویٰ کیا کہ اجیت پوار شرد پوار کو کئی باتیں سمجھانے میں کامیاب رہے ہیں اور پوار صاحب جلد کوئی قدم اٹھا سکتے ہیں ۔ اس کے بعد دہلی میں اجیت پوار کی وزیر داخلہ امیت شاہ سے جو ملاقات ہوئی ہے اس میں بھی سیاسی گفتگو ضرور ہوئی ہوگی۔ اگر سب کچھ ٹھیک رہا تو شرد پوار لوک سبھا الیکشن سے قبل بی جے پی کے ساتھ آجائیں گے۔ 
 اجیت پوار کے ساتھ کا بھی روی رانا سے ملتا جلتا بیان 
روی رانا کے اس بیان پر این سی پی کی جانب سے کوئی رد عمل نہیں آیا ہے لیکن اجیت پوار کے ساتھی اور کابینہ وزیر دھرم رائو بابا آترام نے الگ الفاظ میں تقریباً وہی بات کہی ہے جو روی رانا نے کہی ہے۔ انہوں نے کہا ’’ ریاستی کابینہ کی توسیع ، وزارتوں اور سرکاری اداروں کے عہدوں کی تقسیم اسی موقع پر ہوجانی چاہئے ۔ اگر ایسا ہو گیا تو لوک سبھا الیکشن میں ہدف حاصل کرنا آسان ہو جائے گا اور مہایوتی ( بی جے پی، این سی پی اور شندےگروپ) کی زیادہ سے زیادہ سیٹیں آئیں گی۔ ‘‘ انہوں نے کہا ’’ امیت شاہ کے ساتھ اجیت پوار کی جو ملاقات ہوئی ہے اس میں اس معاملے پر ضرور گفتگو ہوئی ہوگی۔‘‘ آگے دھررائو بابا نے کہا ’’ ہم سب این سی پی والوں کو متحد ہو جانا چاہئے ۔ نیز اجیت داد اور صاحب ( شردپوار) کی قیادت میں یکجا ہو جانا چاہئے۔‘‘ ظاہر سی بات ہے دونوں گروہ کے یکجا ہونے کا مطلب ہے کہ شرد پوار کا گروپ ہی بی جے پی کی طرف آئے گا۔ انہوں نے کہا ’’ شرد پوار صاحب ہمارے قائد ہیں ۔ ان کا آشیرواد ہم پر بنا رہنا چاہئے۔ یہی ہماری خواہش ہے۔ سیاست میں آپس میں ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں ۔ امیت شاہ اور اجیت پوار کی بھی ملاقات ہوئی۔‘‘ دھرم رائو بابا کے مطابق ’’ ان دونوں کے درمیان کیا باتیں ہوئیں معلوم نہیں ۔ ممکن ہے کہ سیاسی گفتگو بھی ہوئی ہو۔‘‘ یاد رہے کہ اجیت پوار اور امیت شاہ کے درمیان جمعہ ڈیڑھ گھنٹے تک گفتگو ہوتی رہی۔ اتنی طویل ملاقات تہوارکی مبارکباد دینے کیلئے نہیں ہوتی۔ مہاراشٹر کے بعض حلقوں میں خبر تھی کہ یہ ملاقات مراٹھا ریزر ویشن کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے تھی لیکن این سی پی سے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ شرد پوار کو اپنی طرف کرنے کیلئے بی جے پی ایڑی چوٹی کا زور لگا رہی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK