Inquilab Logo

شولا پورمیں  پہیہ نکلنےسے ایس ٹی بس پلٹ گئی ، ۱۰؍ مسافر زخمی

Updated: November 27, 2023, 12:13 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

ناندیڑ کی سمت تیز رفتاری سےجانے والی بس کے پچھلے دونوں ٹائر ایک جھٹکے سے نکلے جس کے سبب بس الٹ گئی ، جس وقت یہ حادثہ پیش آیا تب بس اولے کاسے گاؤں کے قریب پہنچ چکی تھی۔

Bus accident. Left: The wheels that came off the bus, the rear end which was badly damaged. Photo: INN
حادثہ کا شکار ہونے والی بس۔ بائیں جانب: وہ پہیے جو بس سے نکل گئے، پچھلا حصہ جسے بری طرح نقصان پہنچا۔ تصویر : آئی این این

اولے کاسے گاؤں میں اتوار کو مہاراشٹر اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ (ایم ایس آرٹی سی ) کی مسافروں سے بھری بس پلٹ گئی۔ اس حادثے میں ۱۰؍ مسافروں  کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں  جن میں  سے ۳؍ مسافر شدید زخمی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق شولاپور-دھولیہ قومی شاہراہ پر یہ حادثہ ناندیڑ کی سمت جانیوالی ایس ٹی بس کے ساتھ پیش آیا ہے۔
معاملے کی تفصیل یہ ہے کہ متاثرہ ایس ٹی بس علی الصباح ناندیڑ جارہی تھی۔ ابھی شولاپور بس اسٹینڈ سے نکلے بس کو پندرہ منٹ ہی ہوئے تھے کہ اولے کاسے گاؤں کے نزدیک بس کے پچھلے پہیے اچانک نکل گئے۔ اس باعث بس کا توازن بگڑا اور ہائی وے پر الٹ گئی۔ بس میں سوار مسافروں کی جان بچ گئی ہے۔ تاہم حادثے میں ۱۰؍ مسافر زخمی ہو گئے ہیں ، جن میں ۳؍ مسافروں  کو شدید چوٹیں  آئی ہیں ۔ زخمیوں  کو شولا پور کے گورنمنٹ اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ تادم تحریر یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ حادثے سے دوچار ہونے والی بس کا نمبر کیا ہے اور اس میں کتنے مسافر سوار تھے۔ 
 اس واقعہ سے ایس ٹی کارپوریشن کی بدانتظامی کی پول ایک بار پھر کھل گئی ہے۔خیال رہے کہ ایک ہفتے میں ایس ٹی بس کا یہ دوسرا حادثہ ہے۔۲۱؍ نومبر (منگل) کی دوپہر، شولاپور سے لاتور جا رہی ایس ٹی بس کا اسٹیئرنگ خراب ہوا تھا اور ڈرائیور نے اسٹیئرنگ پر قابو کھو دیا تھا۔ اس وجہ سے ایس ٹی بس ڈیوائیڈر توڑکر سڑک کے کنارے گڑھے میں جاگری تھی۔ اس حادثے میں ۶؍ مسافر زخمی ہو گئے تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK