• Fri, 11 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’ایران کے ساتھ کھڑے ہوں، اسرائیل کو ہتھیار دینا بند کیا جائے‘‘

Updated: September 11, 2026, 8:58 AM IST | Sajid Mahmood Sheikh | Mumbai

پریس کانفرنس میں ونچت بہوجن اگھاڑی کے صدر پرکاش امبیڈکر کا حکومت سے پُرزورمطالبہ۔ ایران کی حمایت میں یکم اکتوبر کو دھرنا دینے کا اعلان بھی کیا۔

Prakash Ambedkar addressing a press conference. Other party office-bearers are also visible. Photo: INN
پرکاش امبیڈکرپریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے۔ پارٹی کے دیگر عہدیداران بھی نظر آرہے ہیں۔ تصویر: آئی این این

ونچت بہوجن اگھاڑی کے قومی صدر ایڈوکیٹ  پرکاش امبیڈکر نے  ممبئی میں ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مرکز کی بی جے پی حکومت کی خارجہ پالیسی پر شدید تنقید کی اور ایران کی کھل کر حمایت کا اعلان کیا۔پریس کانفرنس بیلارڈ اسٹیٹ میں واقع پارٹی دفتر  ٹھاکرے ہاؤس میں منعقد ہوئی۔ پرکاش امبیڈکر نے کہا کہ ’’ہندوستان کے عوام ایران کے ساتھ ہیںجبکہ بی جے پی اور آر ایس ایس کی حکومت اسرائیل کے ساتھ کھڑی نظر آ رہی ہے۔‘‘انہوں نے یہ بھی کہا کہ گزشتہ چند دنوں سے جو حالات ہیں ،اس سے امریکہ-اسرائیل بمقابلہ ایران جنگ مزید بھڑکنے کے آثار ہیں لیکن ایسے نازک وقت میں حکومت کا موقف واضح نہیں ہے۔

ایران کے تاریخی تعاون کا ذکر کرتے ہوئے پرکاش امبیڈکر نے کہا کہ ’’جب کشمیر کے مسئلے پر اوپیک کے تمام ممالک ہندوستان کے خلاف تھے، اس وقت بھی ایران واحد ملک تھا جو ہندوستان کے ساتھ کھڑا رہا۔ لہٰذا آج جب ایران مشکل میں ہےتو ہندوستان کو بھی اس کا ساتھ دینا چاہئے۔‘‘

پرکاش امبیڈکر نے اعلان کیا کہ ونچت بہوجن اگھاڑی  یکم اکتوبر کو ممبئی میونسپل کارپوریشن ہیڈ آفس اور چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمنس (سی ایس ایم ٹی) کے سامنے احتجاجی دھرنا دے گی۔اس احتجاج کے ذریعے پارٹی کے دو اہم مطالبات ہیں ۔پہلا حکومت ہند ایران کی حمایت کرے اور کھل کر اس کے ساتھ کھڑی ہو۔دوسرا  جب تک جنگ جاری ہے، ہندوستان اسرائیل کو کسی بھی قسم کے ہتھیار فروخت یا فراہم نہ کرے۔انہوں نے اٹلی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اٹلی حکومت نے اسرائیل کو ہتھیار لے جانے والے پانچ جہازوں کو روکا ہے جبکہ ہندوستان کی غیر واضح پالیسی سے بین الاقوامی سطح پر ملک کی بدنامی ہو رہی ہے۔ اس بدنامی کو روکنے اور عوام میں بیداری کیلئے یہ احتجاج کیا جا رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK