کوئز ٹائم ممبئی کی نویں سالانہ تقریب’’اردو کی محبت میں‘‘ بروز منگل ۲۴ ؍نومبر شام ۵ بجے ، میئرس ہال، اندھیری مغرب ممبئی میں منعقد ہوگی۔
EPAPER
Updated: November 04, 2026, 4:22 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai
کوئز ٹائم ممبئی کی نویں سالانہ تقریب’’اردو کی محبت میں‘‘ بروز منگل ۲۴ ؍نومبر شام ۵ بجے ، میئرس ہال، اندھیری مغرب ممبئی میں منعقد ہوگی۔
کوئز ٹائم ممبئی کی نویں سالانہ تقریب’’اردو کی محبت میں‘‘ بروز منگل ۲۴ ؍نومبر شام ۵ بجے ، میئرس ہال، اندھیری مغرب ممبئی میں منعقد ہوگی۔ اس پروگرام کی کنوینر ڈاکٹر زاہدہ حامد اقبال صدیقی نے تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ ہر سال ’’اردو کی محبت میں‘‘ ان شخصیات کی خدمت میں ’’اعترافیہ ایوارڈ‘‘ اور ’’محبِ اردو اعزاز‘‘ پیش کیا جاتا ہے جو اردو زبان، ادب ، صحافت اور تعلیم کے شعبوں میں بے لوث مثالی خدمات انجام دے رہے ہیں، یہ دونوں ایوارڈ یادگاری میمنٹو اور سند کی صورت میں پیش کئے جاتے ہیں۔ اس موقع پر تدریس سے وابستہ شعراء کی محفل ’’اساتذہ کا مشاعرہ‘‘ بھی ہوتا ہے۔اس سال ’’اردو کی محبت میں‘‘ کی خصوصیت یہ ہے کہ خانوادۂ سیماب اور کوئز ٹائم ممبئی کے اشتراک سے ’’اعجاز صدیقی ایوارڈ‘‘ کا آغاز کیا جارہا ہے۔ یہ ایوارڈ دس ہزار روپے، ہدیۂ تہنیت، یادگاری میمنٹو اور سند پر مشتمل ہوگا جو ہر سال ریاستی سظح پر کسی ایک سینئر شاعر ادیب یا ادبی صحافت سے وابستہ شخصیت کی خدمت میں پیش کیا جائے گا۔ اردو کے عظیم شعراء میں سے ایک علامہ سیماب اکبرآبادی کے فرزند اور جانشین اعجاز صدیقی نے اپنے والد کے جاری کردہ رسالے ماہنامہ شاعر کی ۴۵ ؍سال تک ادارت کی۔
یہ بھی پڑھئے: سی ای ٹی امتحان میں ۲۵؍لاکھ لے کر کمزور طلبہ کو پاس کیا جارہا ہے: روہت پوار
انہوں نے ماہنامہ شاعر کا ایسا معیار قائم کیا کہ اس میں تخلیقات کی اشاعت کو شعرا ءاور ادباء باعثِ فخر سمجھتے تھے۔ وہ خود ایک بلند پایہ شاعر اور ادیب تھے، اسی لئے کوئز ٹائم ممبئی اور خانوادۂ سیماب نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ ان سے منسوب ایک خصوصی ایوارڈ جاری کیا جائے۔ سالِ رواں۲۰۲۶ء کے سبھی ایوارڈ یافتگان کے ناموں کا اعلان ۲۰؍ نومبر کو کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ آٹھ برسوں میں ادب، صحافت، تعلیم اور ثقافت سے وابستہ کئی اہم شخصیات کی خدمت میں با وقار ’’اعترافیہ ایوارڈ‘‘ اور ’’محبِ اردو اعزاز‘‘ پیش کیا جاچکا ہے جن میں ڈاکٹر قاضی نوید احمد صدیقی ، ڈاکٹر عبداللہ امتیاز، محمد رفیع انصاری، اشتیاق سعید، ڈاکٹر شفیع چوبدار ، ڈاکٹر صادقہ نواب سحر، محمد اسلم پرویز، عبید اعظم اعظمی، پرنسپل ضیا ء الرحمان انصاری ، ڈاکٹر قمر صدیقی، ڈاکٹر ذاکر خان ذاکر، یوسف دیوان، ڈاکٹر ممتاز منور پیر بھائی ، شاہ تاج خان، امتیاز خلیل ، مجیب خان، سواتی ثانی ، آفتاب حسنین، ڈاکٹر کاظم ملک، پرنسپل عامر انصاری، شعیب ہاشمی، خلیق الزماں نصرت ، جاوید جمال الدین، ڈاکٹر کلیم ضیاء، سعید احمد خان، مبشر اکبر، شاداب رشید، پرنسپل علیمہ مومن، فرحان حنیف وارثی ،عامر اصغر ،اختر خان لالہ ، میر صاحب حسن، مشتاق کریمی، ڈاکٹر علاء الدین شیخ، کمال مانڈلیکر، پرنسپل ڈاکٹر نسرین خالد شیخ، ڈاکٹر معیزہ دلوی، وجاہت عبدالستار اور عدنان سرکھوت شامل ہیں۔