• Sat, 17 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اسٹارٹ اپس تبدیلی کے محرک ہیں : نریندر مودی

Updated: January 17, 2026, 3:26 PM IST | Agency | New Delhi

وزیرِ اعظم نے اسٹارٹ اپس انڈیا کے قومی دن کے موقع پر کہا :یہ ملک کی معیشت اور معاشرے کے مستقبل کو نئی شکل دے رہے ہیں۔

Prime Minister Narendra Modi. Picture: INN
وزیر اعظم نریندر مودی۔ تصویر: آئی این این
وزیرِ اعظم  نریندر مودی نے اسٹارٹ اپس انڈیا کے قومی دن کے موقع پر اسٹارٹ اَپ کی دنیا سے وابستہ تمام افراد کو دلی نیک خواہشات پیش کیں۔ اس برس کی تقریبات کو خصوصی اہمیت حاصل ہے کیونکہ یہ تقریبات اسٹارٹ اَپ انڈیا پہل کے آغاز کے دس برس مکمل ہونے کی علامت ہیں۔  وزیرِ اعظم نے کہا کہ یہ دن اُن لوگوں خصوصاً نوجوانوں کے حوصلے، اختراعی سوچ اور کاروباری جذبے کا جشن منانے کا موقع ہے، جنہوں نے عالمی اسٹارٹ اَپ ماحولیاتی نظام میں ہندوستان کے عروج کو توانائی بخشی ہے۔ 
اسٹارٹ اَپس کے انقلابی کردار پر زور دیتے ہوئے نریندر مودی نے کہاکہ ’’اسٹارٹ اَپس تبدیلی کے محرک ہیں جو ہماری معیشت اور معاشرے کے مستقبل کو نئی شکل دے رہے ہیں۔ یہ ہمارے سیارے کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں غیر معمولی کام کر رہے ہیں اور ساتھ ہی لوگوں کے لیے نئے مواقع پیدا کر رہے ہیں۔ مجھے اُن تمام افراد پر فخر ہے جنہوں نے بڑے خواب دیکھنے کی ہمت کی، روایتی حدود کو چیلنج کیا، خطرات کاسامنا کیا اور اپنے اسٹارٹ اَپس کے ذریعے بامعنی اور انقلابی اثرات مرتب کیے۔‘‘ 
وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ ہندوستانی حکومت تمام متعلقہ فریقین کے ساتھ مل کر اسٹارٹ اَپ ماحولیاتی نظام کو مضبوط بنانے کے تئیں مسلسل کام کر رہی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہندوستان کی جانب سے شروع کی گئی ریفارم ایکسپریس نے اسٹارٹ اَپس کے لیے ایک سازگار ماحول پیدا کیا ہے، جس کے نتیجے میں وہ اب خلاء اور دفاع جیسے اُن شعبوں میں بھی قدم رکھ پا رہے ہیں جنہیں کبھی ناقابلِ تصور خیال کیا جاتا تھا۔ انہوں نے اس بات پر فخر کا اظہار کیا کہ اسٹارٹ اَپس ’آتم نربھر‘ کی تعمیر میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں اور حکومت اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ وہ خطرات مول لینے اور مسائل کا حل تلاش کرنے والے نوجوانوں کی بھرپور حمایت جاری رکھے گی۔ 
مودی نے سرپرست، انکیوبیٹرز، سرمایہ کار، تعلیمی ادارے اور دیگر شراکت دار سمیت اسٹارٹ اَپس کے وسیع تر ماحولیاتی نظام کے کردار کو بھی سراہا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ان کی رہنمائی اور بصیرت نوجوان اختراع کاروں کی حوصلہ افزائی میں نہایت معاون ثابت ہوگی ہے اور ہندوستان کی ترقی کی داستان میں اہم کردار ادا کرے گی۔ 
وزیرِ اعظم نے اختراع، استقامت اور قومی ترقی کے محرک کے طور پر ہندوستان کے اسٹارٹ اَپس پر اپنے بھرپور اعتماد کابھی اعادہ کیا۔ 
ایک سنسکرت شلوک کا حوالہ دیتے ہوئے  مودی نے ہندوستانی نوجوان کاروباریوں کے عزم و استقلال اور لگن کی ستائش کی اور کہا کہ ان کی انتھک کوششیں اسٹارٹ اَپ کی دنیا میں نئے ریکارڈ قائم کر رہی ہیں۔ وزیراعظم نے زور دیا کہ ان کی توانائی اور جذبہ ہی وکست بھارت کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کی سب سے بڑی طاقت ثابت ہوگا۔ 
  مودی نے ایکس  پر سلسلے وار پوسٹ میں لکھاکہ ’’اسٹارٹ اپ انڈیا کے قومی دن کے موقع پر اسٹارٹ اَپس کی دنیا سے وابستہ تمام افراد کو دلی نیک تمنائیں۔ آج کا دن اس لیے نہایت خاص ہے کہ ہم اسٹارٹ اَپ انڈیا کے آغاز کے ۱۰؍ برس مکمل ہونے کا جشن منا رہے ہیں۔ یہ دن ہمارے عوام، خصوصاً نوجوانوںکے حوصلے، اختراعی اور کاروباری جذبے کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا موقع ہے، جنہوں نے عالمی اسٹارٹ اَپ ماحولیاتی نظام میں ہندوستان کے عروج کو نئی توانائی بخشی ہے۔‘‘ وزیر اعظم نے مزید کہاکہ ’’ہندوستانی حکومت تمام متعلقہ شراکت داروں کے ساتھ مل کر ہندوستان کے اسٹارٹ اَپ ماحولیاتی نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کام کر رہی ہے۔ ہندوستان کی جانب سے شروع کی گئی ریفارم ایکسپریس یعنی (اصلاحات کے سلسلے) نے اسٹارٹ اَپس کے لیے ایک نہایت سازگار ماحول پیدا کیا ہے، جس کے باعث وہ خلاء، دفاع اور دیگر ایسے شعبوں میں قدم رکھ پا رہے ہیں جو پہلے ناقابلِ تصورخیال کئے جاتے تھے۔‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK