Inquilab Logo

ریاستی بجٹ : حکومت کی نظر بی ایم سی الیکشن پر

Updated: March 10, 2023, 8:52 AM IST | Mumbai

مختلف پروجیکٹوں کیلئےہزاروں کروڑروپے مختص کئے۔ نائب وزیراعلیٰ دیویندر فرنویس کے مطابق ممبئی کی تزئین کاری کے تحت شہری سہولیات میں بہتری کے ۸۲۰؍ کاموں پر ایک ہزار ۷۲۹؍ کروڑ روپے کا تخمینہ ہے جن میں ۱۲۱؍ کام مکمل ہوچکے ہیں اور بقیہ کام جاری ہیں

Chief Minister Eknath Shinde and Deputy Chief Minister Devendra Farnavis addressing the media.
وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے اورنائب وزیراعلیٰ دیویندرفرنویس میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے۔(تصویر:سیّدسمیرعابدی)

 برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی )الیکشن پر نظر رکھتے ہوئےریاستی حکومت نے جمعرات کو ملک کی معاشی راجدھانی ممبئی کیلئے کئی ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا۔  وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس جو ریاستی وزیر خزانہ بھی ہیں، نے کہاکہ ’’دادر میں ہمارا آئیڈیل، مہامانو، بھارت رتن  ڈاکٹر بابا صاحب کی یادگار اپریل  ۲۰۲۵ءتک مکمل ہو جائے گی۔ اس  پروجیکٹ کیلئے ۳۴۹؍ کروڑ روپے اوردستیاب کرائے گئے  ہیں اور بقیہ ۷۴۱؍ کروڑ ر روپے کا فنڈ  دستیاب ہوگا۔ شیواجی پارک دادر میں ہندو ہردئے سمراٹ بالاصاحب ٹھاکرے میموریل کے پہلے مرحلے کا کام امسال مئی تک مکمل ہو جائے گا۔ اس مقصد کیلئے حکومت  ۳۵۱؍کروڑ روپے دستیاب کرائے گی۔‘‘
’’مسافروں کی سہولت ہماری اوّلین ترجیح‘‘
 دیویندرفرنویس نے بتایا کہ ممبئی میں ایم ایم آر اور    تھانے کے علاقے میں مسافروں کی سہولت ہماری اولین ترجیح ہے۔ اس کیلئے ۳۳۷؍ کلومیٹر طویل میٹرو نیٹ ورک تیار کیا جا رہا ہے اور ۴۶؍ کلومیٹر طویل سڑک کو ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ہے۔ ۲۴-۲۰۲۳ء میں مزید ۵۰؍ کلومیٹر کے حصے کا کام شروع کر دیا جائے گا۔انہوں نے مزید بتایا کہ ممبئی میں شروع کئے جانے والے نئے میٹرو پروجیکٹ یہ ہیں: ممبئی میٹرو لائن ۱۰- گائیمکھ سے شیواجی چوک، میرا روڈجس کی کل لمبائی ۹ء۲؍ کلومیٹر ہے جس پر۴؍ ہزار ۴۷۶؍ کروڑ روپے کا تخمینہ  ہے۔ میٹرو لائن ۱۱- وڈالا تا چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمنس جس کی کل لمبائی ۱۲ء۷۷؍ کلومیٹر ہے پر ۸؍ ہزار ۷۳۹؍ کروڑروپے کا تخمینہ ہے۔ میٹرو لائن۱۲-کلیان تا تلوجہ کی لمبائی ۲۰ء۷۵؍کلومیٹر   اور اس  کا  تخمینہ ۵؍ ہزار ۸۶۵؍ کروڑ روپے  ہے۔ ان منصوبوں کو جلد مکمل کر لیا جائے گا۔
ممبئی کی تزئین کاری کے  پروجیکٹ
 نائب وزیراعلیٰ نے بتایا کہ ’’ممبئی کی خوبصورتی  کیلئے  ۸۲۰؍  پبلک یوٹیلیٹی  (عوامی سہولتوں) کی بہتری کے کام کئے گئے ہیں جن کی  لاگت  ایک ہزار ۷۲۹؍کروڑ روپے  ہے جس میں سے ۱۲۱؍ کام مکمل ہو چکے ہیں اور بقیہ کام جاری ہیں ۔‘‘انہوں نے یہ بھی کہا کہ پارسک ہلز ٹنل، میرا بھائندر کو پانی کی فراہمی، ممبئی ٹرانس ہاربر لنک پروجیکٹ اور فلائی اوور کے مختلف کام امسال ممبئی میٹروپولیٹن ریجن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے ذریعہ مکمل کئے جائیں گے۔
ممبئی میٹروپولیٹن ریجن میں واٹرٹرانسپورٹ 
 ریاستی  نائب وزیر اعلیٰ فرنویس نے اعلان کیا کہ  تھانے اور وسئی کی کھاڑیوں  میں واٹر ٹرانسپورٹ کے ذریعے ممبئی کوجوڑنے  کے پروجیکٹ پر ۴۲۴؍ کروڑ روپے خرچ کئے جائیںگے۔ گیٹ وے آف انڈیا کے قریب ریڈیو کلب میں مسافروں کی سہولت اور جیٹی کی تعمیرکے پروجیکٹ کیلئے ۱۶۲ء۲۰؍ کروڑ روپے منظورکئے گئے ہیں۔ اس سے جنوبی ممبئی سے کلیان، ڈومبیولی، تھانے، وسئی کھاڑی  اور نوی ممبئی تک مسافروں کوآمدورفت میں سہولت ہوگی ۔  انہوں نے یہ بھی بتایا کہ محکمہ شہری ترقیات کی اسکیم کے اخراجات کے تحت۹؍ ہزار ۷۲۵؍ کروڑ روپے فنڈ کی تجویز  ہے۔ محکمہ ٹرانسپورٹ اور بندرگاہوں کیلئے ۳؍ ہزار ۷۴۶؍ کروڑ اور ۲۴-۲۰۲۳ء  میں جنرل ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ کیلئے ایک ہزار ۳۱۰؍ کروڑ روپے کے فنڈ کی تجویز ہے۔ انہوںنے مزید کہا کہ کافی سرمایہ کاری کے ساتھ بنیادی ڈھانچے کی بہتری کی تیسری  اسکیم کے اخراجات کے تحت کل ۵۵,۰۵۸,۵۵؍ کروڑ روپے کے تخمینہ کی تجویز  ہے

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK