Inquilab Logo Happiest Places to Work

سادھوی پرگیہ و دیگر کیخلاف ریاستی سرکار فوراً ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹائے

Updated: August 04, 2025, 2:02 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

این سی پی (اجیت پوار) کے قومی جنرل سیکریٹری سید جلال الدین کا مطالبہ ، کہا کہ وزیراعلیٰ سے جلد ملاقات ممکن، ہم آئین اور مساوات کی بالا دستی چاہتے ہیں۔

NCP (Ajit Pawar) National General Secretary Syed Jalaluddin. Photo: INN
این سی پی (اجیت پوار ) کے قومی جنرل سیکریٹری سیّد جلال الدین۔ تصویر: آئی این این

مہاراشٹر کے نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار کی قیادت والی این سی پی کے قومی جنرل سیکریٹری اور اقلیتی شعبہ کے چیئرمین سید جلال الدین نے اتوار کو  یہاں میڈیا کو جاری کردہ ایک بیان میں کہاکہ جس طرح ممبئی ٹرین  بلاسٹ کیس میں باعزت بری ہوئے مسلم ملزمین کے خلاف  دیویندر فرنویس کی قیادت والی ریاستی حکومت  نے سپریم کورٹ سے فیصلہ کو کالعدم قرار دینے کے لئے اپیل کی ہے، اسی طرح امید ہے کہ مالیگائوں بلاسٹ کیس۲۰۰۸ء میں بھی حکومت بری ہوئی سادھوی پرگیہ سنکھ ٹھاکر، کرنل پروہیت اور دیگر کے خلاف بھی ہائی کورٹ جائے گی اور عدالت عالیہ سے اپیل کرے گی کہ وہ فیصلہ کو کالعدم قرار دے۔ 
 پریس ریلیز کے مطابق این سی پی لیڈر سید جلال الدین نے کہاکہ’’ مرکزی حکومت کا ایجنڈا ہے کہ سب کا ساتھ سب کا وکاس سب کا وشواس اور یہ تبھی زمین پر حقیقت میں نظر آئے گا جب اس معاملہ میں بھی ریاستی حکومت ہائی کورٹ جائے ورنہ لوگوں خاص کر اقلیتی طبقے میں قانون برتنے کے سوال پر دوہرے معیار اور امتیازی سلوک کا احساس جنم لے گا۔ مالیگاؤں بم بلاسٹ کے مہلوکین کے ورثا ، متاثرین اور انصاف پسند سیکولر ذہن رکھنے والے لوگوں کو اس فیصلے سے دھچکا لگا ہے۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہاکہ ’’ہم دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہیں ۔ ہمارے یہاں شہری اپنی اپنی پسند کے مذاہب پر عمل کرتے ہیں اور بہت سے ایسے ہوتے ہیں جو کسی بھی مذہب پر عمل نہیں کرتے ہیں یعنی شہریوں کو مذہب کے معاملہ میں پوری آزادی ہے، لیکن حکومت کا کوئی مذہب نہیں ہوتا ہے اور حکومت کی یہ ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ سبھی شہریوں کے مذاہب کا احترام کرے او ر کسی کو کسی کی توہین کی اجازت بالکل نہ دے اور مساوات و برابری کو یقینی بنائے اور اپنے کسی عمل سے کوئی ایسا پیغام نہ دے جس سے یہ میسیج جائے کہ حکومت کسی ایک مذہب کی حمایتی  ہے اور دوسرے مذہب والوں کی مخالف ہے یاان کیساتھ بھید بھائو کررہی ہے، اس لئے مالیگائوں بلاسٹ معاملہ میں ضروری ہے کہ فرنویس سرکار عدالت عالیہ میں فیصلہ کو کالعدم قرار دینے کی عرضی فوری دائر کرے اور عدالت سے اپیل کرے کہ فیصلہ کو فوری طور پر نہ صرف سنا جائے بلکہ فیصلہ میں فوری طور سے روک لگائی جائے۔‘‘ انہوں نے کہاکہ’’ دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں ہوتا ہے، لیکن ایک معاملہ میں حکومت کی اتنی چستی اور دوسرے معاملہ میں اگر سستی برتی گئی تو لوگوں کے دلوں میں دوہرے معیار کا احساس پیدا ہوگا۔ ‘‘ انہوں نے  یہ بھی کہا کہ اس معاملہ میں کانگریس پارٹی اور خاص کر اس کی ممبئی صدر اور رکن پارلیمان  ورشا گائیکواڑ کی رائے بھی اسی طرح سامنے آنی چاہئے جس طرح ممبئی ٹرین  بلاسٹ معاملے میں سامنے آئی تھی۔   جلال الدین نے آگے کہاکہ ہم ریاستی سطح پر سرکار کا حصہ ہیں لیکن ہم ایک سیکولر پارٹی ہیں اور دستور کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں ۔ جلد ہی اس سلسلہ میں وزیراعلیٰ کو خط بھی لکھیں گےاور ملاقات بھی کریں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK