مسلسل بارش اور آبی ذخائرسے پانی چھوڑے جانے کے سبب کئی ندیوں میں طغیانی،کئی گاؤں زیر آب،کئی ہزار ہیکٹر فصلیں تباہ۔
EPAPER
Updated: September 29, 2025, 2:48 PM IST | Agency | Ahmednagar/Aurangabad
مسلسل بارش اور آبی ذخائرسے پانی چھوڑے جانے کے سبب کئی ندیوں میں طغیانی،کئی گاؤں زیر آب،کئی ہزار ہیکٹر فصلیں تباہ۔
ریاست بھر بارش نے تباہی مچا دی ہے۔ کئی اضلاع میں آبی ذخائر سے پانی چھوڑے جانے کے سبب ندیوں میں سیلابی صورتحال ہے ۔ سنیچرکو رات بھراور اتوار کو بھی بارش جاری رہی ۔ ۶؍ اضلاع میں انتظامیہ کی جانب سے ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے اورکہا گیا ہے کہ انتہائی ضروری کام کے بغیر گھر سے باہر نہ نکلیں۔ان اضلاع میں ممبئی، تھانے، پال گھر، جالنہ اور رائےگڑھ شامل ہیں۔ ناسک اور پونے گھاٹ کے بالائی علاقوں میں بھی موسلادھار بارش کیلئے ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ مسلسل بارش کے باعث ریاست کے کئی حصوں میں بڑے پیمانے پر سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔
مراٹھواڑہ میں تھوڑی راحت ملے گی
محکمہ موسمیات نے اطلاع دی ہے کہ۲۹؍ ستمبر کو مراٹھواڑہ کے تمام ۸؍ اضلاع میں ہلکی سے درمیانی بارش متوقع ہے، جس سے گزشتہ دو دنوں میں ہونے والی بھاری اور موسلادھار بارش کے بعد شدت میں کمی آئے گی۔ ان اضلاع میں اورنگ آباد، جالنہ، بیڑ، لاتور، پربھنی، ناندیڑ، ہنگولی اور عثمان آباد شامل ہیں۔ محکمہ کے مطابق مغربی ودربھ اور شمالی مدھیہ مہاراشٹر میں موجود کم دباؤ والا علاقہ مسلسل کمزور ہو رہا ہے جس کے باعث بارش کی شدت میں کمی دیکھنے کو ملے گی۔ پیشنگوئی کے مطابق۲۹؍ ستمبر کو گرج چمک کے ساتھ بارش اور۳۰؍ تا۴۰؍ کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ اس سے پہلے۲۷؍ اور۲۸؍ ستمبر کو خطے میں بھاری سے شدید بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ۲۴؍گھنٹوں میں ناندیڑ ضلع کے لوہا میں۱۳؍ سینٹی میٹر، کنڑ اور ویجا پور میں بالترتیب ۱۳؍ اور۱۲؍ سینٹی میٹر، جبکہ خلد آباد میں۱۱؍سینٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ پالم (پربھنی) میں۱۰؍ سینٹی میٹر، پٹودا اور پورنا میں۹؍ سینٹی میٹر کے علاوہ بیڑ، ہنگولی اور عثمان آباد کے کئی مقامات پر نمایاں بارش ہوئی۔شدید بارش نے مراٹھواڑہ کے دیہی و شہری علاقوں میں بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا۔ کئی گاؤں منقطع ہو گئے، نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور سڑکوں و پلوں پر آمدورفت معطل رہی۔ ریاستی حکومت نے تمام اضلاع میں ہائی الرٹ جاری کیا ہے اور وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے کلکٹروں کے ساتھ مسلسل جائزہ میٹنگیں کی ہیں۔ نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کی ٹیمیں عثمان آباد سمیت دیگر متاثرہ علاقوں میں بچاؤ اور امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
اورنگ آباد ضلع میں آج اسکول بند رہیں گے
محکمہ موسمیات کے الرٹ اور اورنگ آباد ضلع میں مسلسل بارش اور اتوار کو سیلابی صورتحال کے پیش نظر ضلع انتظامیہ نے پیر کو تمام اسکولوں میں تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ڈسٹرکٹ آفیسر دلیپ سوامی حالات پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ شدید بارش کے باعث جائیکواڑی ڈیم سمیت بڑے ذخائر سے پانی چھوڑا گیا، جس میں اس وقت۱ء۲۵؍ لاکھ کیوسک پانی گوداوری بیسن میں خارج کیا جا رہا ہے۔ اس اخراج نے نشیبی علاقوں میں پانی کی سطح میں اضافہ کر دیا ہے اور انتظامیہ مسلسل صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ زراعت کو بھی بھاری نقصان پہنچا ہے، کھڑی خریف فصلیں زیر آب آگئی ہیں۔
احمد نگر ضلع میںشدید بارش سے مکان کی دیوار گری،معمر خاتون ہلاک
احمد نگر ضلع میں لگاتار موسلادھار بارش نے ایک اور جان لے لی۔ جامکھیڑ تحصیل کے پمپلگاؤں میں کل رات ایک مکان کی دیوار گرنے سے۷۵؍ سالہ بزرگ خاتون پاروبائی کسان گاوانے ملبے کے نیچے دب کر شدید زخمی ہوگئیں اور اتوار کی صبح زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔ اس حادثہ میں انکے شوہر زخمی ہیں۔