• Tue, 20 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

دہلی کے نظم و نسق پر ریاست کی اپوزیشن لیڈر آتشی کا اظہار تشویش

Updated: January 20, 2026, 11:53 AM IST | Agency | New Delhi

وزیر داخلہ امیت شاہ کو خط لکھ کر ملاقات کا وقت مانگا، کہاـ: یہ میری آئینی ذمہ داری ہے کہ میں آپ کو حالات سے آگاہ کروں۔

Delhi opposition leader Atishi. Picture: INN
دہلی کی اپوزیشن لیڈر آتشی۔ تصویر: آئی این این
عام آدمی پارٹی کی لیڈر اور دہلی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر آتشی نے راجدھانی میں لا اینڈ آرڈر کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کو ایک خط لکھ کر گزشتہ چند ماہ کے دوران دہلی میں ہونے والے مجرمانہ واقعات کا ذکر کیا ہے۔ ساتھ ہی سابق وزیر اعلیٰ دہلی آتشی نے لا اینڈ آرڈر کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کرنے کیلئے وزیر داخلہ سے ملاقات کا وقت مانگا ہے۔ انہوں نے خط میں لکھا ہے کہ یہ میری آئینی ذمہ داری ہے کہ میں آپ کو حالات سے آگاہ کروں۔
آتشی نےلکھا کہ گزشتہ کچھ وقت سے، خاص طور پر حالیہ کچھ مہینوں میں دہلی میں پیش آنے والے مجرمانہ واقعات نے عام شہریوں کو خاص طور سے خواتین، معمر شہریوں اور تاجروں کے دلوں میں خوف اور عدم تحفظ کا ماحول پیدا کر دیا ہے۔ قتل، لوٹ پاٹ اور گولی باری کے مسلسل واقعات سے لوگوں میں ڈر و خوف کا ماحول پیدا ہو رہا ہے۔ انہوں نے مزید لکھا کہ دہلی کو سیکوریٹی چاہئے، خاموشی نہیں۔
انہوںنےمزید خط میں لکھا کہ ’’میں دہلی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ہونے کے ناطے راجدھانی دہلی کے لا اینڈ آرڈر کی مسلسل بگڑتی ہوئی صورتحال کے متعلق گہری تشویش کے ساتھ یہ خط لکھ رہی ہوں۔‘‘ انہوں نے اپنے خط میں کچھ واقعات کا بھی ذکر کیا ہے، جن میں وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کے گھر کے پاس  عام آدمی پارٹی کے کارکن کا قتل، گریٹر کیلاش میں جِم کے باہر سرے عام قتل اور لال قلعہ کے پاس بم دھماکہ وغیرہ شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حملے عام شہریوں کے تحفظ کے نظام پر بڑا سوالیہ نشان ہے۔
آتشی نے لکھا کہ زیادہ تر معاملوں میں پولیس کی تاخیر، بے عملی اور جوابدہی کی کمی سے متعلق مسلسل لوگوں کی شکایتیں سامنے آ رہی ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ دہلی پولیس کے براہ راست مرکزی وزارت کے تحت ہونے کے باوجود جرائم پر موثر کنٹرول قائم ہوتا ہوا نظر نہیں آ رہا ہے۔ آپ لیڈر کا کہنا ہے کہ ملک کی راجدھانی ہونے کے ناطے دہلی کا نظم و نسق صرف ایک ریاست کا معاملہ نہیں ہے، بلکہ یہ پورے ملک کے وقار، داخلی تحفظ اور جمہوری نظام سے منسلک معاملہ ہے۔ آج عام شہری یہ سوال پوچھنے کو مجبور ہے کہ جب ملک کی راجدھانی ہی محفوظ نہیں ہے تو عام لوگ اپنے تحفظ کیلئے کس پر بھروسہ کریں۔
سابق وزیر اعلیٰ نے لکھا کہ ’’ یہ میری آئینی ذمہ داری ہے کہ میں شہریوں کے خدشات اور توقعات کو آپ کے علم میں لاؤں۔ اسی سلسلے میں میری آپ سے گزارش ہےکہ دہلی کے نظم و نسق کی بگڑتی صورتحال، پولیس انتظامیہ کی جوابدہی اور شہریوں کے تحفظ سے جڑے سنگین مسائل پر آپ سے ذاتی طور پر ملاقات کیلئے وقت دیں تاکہ ان معاملات پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا جا سکے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK