لاڈلی بہن اسکیم اور کسانوں کی قرض معافی کے معاملے میں وجے وڈیٹیوار کی جانب سے مہایوتی حکومت پر تنقید۔
EPAPER
Updated: July 14, 2026, 9:57 AM IST | Ali Imran | Nagpur
لاڈلی بہن اسکیم اور کسانوں کی قرض معافی کے معاملے میں وجے وڈیٹیوار کی جانب سے مہایوتی حکومت پر تنقید۔
کانگریس کے سینئر لیڈر وجے وڈیٹیوار نے ناگپور میں ایک پریس کانفرنس میں ریاست کی مہایوتی حکومت پر سخت حملہ کیا۔ وڈیٹیوار نے کسانوں کی حالت زار، لاڈلی بہن یوجنا میں کٹوتی، ایس آر اے گھوٹالے اور بی جے پی کے اندر اندرونی جھگڑوں سمیت کئی سنگین مسائل پر حکومت پر تنقید کی۔ حکومت کی لاڈلی بہن اسکیم کے خلاف سنگین الزام لگاتے ہوئے، وڈیٹیوار نے کہا کہ حکومت نے خفیہ طور پر تقریباً ۹ء۲ ملین لاڈلی بہن کے نام فہرست سے نکال دیے ہیں۔ اس حکومت کی مالی حیثیت نہیں ہے۔ جب انتخابات ہورہے تھے تو اس اسکیم میں کوئی اصول یا شرائط نہیں تھیں لیکن اب جب انتخابات ختم ہوچکے ہیں تو خواتین کو باہر کرنے کیلئے نئی سخت شرائط عائد کی جارہی ہیں۔ چونکہ اگلے انتخابات کو ابھی بہت وقت باقی ہے اسلئے حکومت جان بوجھ کر لاپروائی کررہی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: سیلاب متاثرہ سورت کے شہری عوامی نمائندوں پر شدید برہم
کسانوں کے مسئلہ پر بات کرتے ہوئے وڈیٹیوار نے کہا کہ قرض معافی کیلئے حکومت کی کڑی شرائط کسانوں کو اسکیم سے باہر کرنے کی سوچی سمجھی سازش ہے۔ حکومت نے قرض معافی کے اعداد و شمار کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا ہے، لیکن حقیقت میں، یہ شرائط صرف ۱۰ سے ۱۲ لاکھ کسانوں کیلئے موزوں ہوں گی، جس سے باقی کسان دوبارہ قرض کے بوجھ تلے دب جائیں گے۔ انہوں نے ودربھ اور مراٹھواڑہ میں موسم سے متعلق صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ وڈیٹیوار نے کہا کہ وہاں صورتحال سنگین ہے، پانی کی کمی کی وجہ سے اگنے والی فصلیں اب تباہی کے دہانے پر ہیں۔ ایسے میں حکومت کو فوری طور پر دوبارہ بوائی کے لیے متبادل بیجوں کا بندوبست کرنا چاہیے تھا، لیکن کوئی حکومتی تیاری یا اجلاس منعقد نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود اگلے دو سے تین دنوں میں کسانوں کے کھیتوں کا دورہ کر کے صورتحال کا جائزہ لیں گے اور فوری طور پر پنچناموں کا مطالبہ کریں گے جہاں پنچ نامے نہیں کئےگئے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: جالنہ میں خواتین کا شراب کے خلاف مورچہ، غیر قانونی اڈے بند کروانے کا مطالبہ
سلم علاقہ بحالی اتھارٹی (ایس آر اے) کے اندر بڑے پیمانے پر بدعنوانی کا دعوی کرتے ہوئے، وجے وڈیٹیوار نے کہا کہ غیر جانبدارانہ تحقیقات سے صرف ممبئی میں ۴؍ سے ۵؍ لاکھ کروڑ روپے کے ایس آر اے گھوٹالہ کا پردہ فاش ہو جائے گا۔ پونے میں تقریباً ۵۵۰۰ کروڑ روپے کا ایک گھوٹالہ بھی بے نقاب ہوا ہے۔ جہاں کچی آبادی نہیں تھی وہاں بھی کاغذ پر کچی آبادیوں کو دکھا کر ایک بڑا فراڈ کیا گیا ہے۔ حکمران سیاست دان اپنے عہدوں کا غلط استعمال کر رہے ہیں اور غیر قانونی طور پر بھاری رقوم اکٹھی کر رہے ہیں۔ مہاراشٹر بی جے پی کے اندر جاری کشمکش اور ایکناتھ دراڈے کی شکست کے بارے میں، وڈیٹیوار نے کہا کہ بی جے پی لیڈران کے درمیان اندرونی دھڑے بندی اتنی شدید ہو گئی ہے کہ وہ ایک دوسرے کو شکست دینے کیلئے کام کر رہے ہیں۔