Inquilab Logo

مسالوں میں کیڑے مار ادویات کے استعمال کیلئے سخت معیارات نافذ

Updated: May 06, 2024, 11:38 AM IST | New Dehli

ایف ایس ایس اے آئی نے ان خبروں کی تردید کی جن میں یہ دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ ہندوستانی فوڈ کنٹرولر مسالوں میں ۱۰؍ گنا زیادہ کیڑے مار ادویات شامل کرنے کی اجازت دیتا ہے۔

Indian spices are safe and are being investigated. Photo: INN.
ہندوستانی مسالے محفوظ ہیں اور ان کی تحقیقات جاری ہے ۔ تصویر: آئی این این۔

فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈس اتھاریٹی آف انڈیا (ایف ایس ایس اے آئی ) نے ان تمام میڈیا رپورٹس کی تردید کی ہے جن میں یہ دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ ہندوستانی فوڈ کنٹرولر جڑی بوٹیوں اور مسالوں میں مقررہ معیار سے۱۰؍ گنا زیادہ کیڑے مار ادویات شامل کرنے کی اجازت دیتا ہے۔ 
ایف ایس ایس اے آئی نے ایک پریس ریلیز میں کہا کہ `اس طرح کی تمام خبریں جھوٹی اور بے بنیاد ہیں۔ ہندوستان میں زیادہ سے زیادہ ریزیڈیو لیول (ایم آ رایل) دنیا کے سخت ترین معیارات میں سے ایک ہے۔ کیڑے مار ادویات کے ایم آر ایل کا تعین ان کے خطرے کی تشخیص کی بنیاد پر مختلف غذائی مواد کے لئے الگ الگ کیا جاتا ہے۔ 
کچھ کیڑے مار ادویات کیلئے حد بڑھا دی گئی
تاہم، ایف ایس ایس اے آئی نے تسلیم کیا کہ کچھ کیڑے مار ادویات کیلئے، جو ہندوستان میں سینٹرل پیسٹی سائیڈ بورڈ اور رجسٹریشن کمیٹی(سی آئی بی اور آر سی ) کے ساتھ رجسٹرڈ نہیں ہیں، اس حد کو۰۱ء۰؍ ایم جی /کلوگرام سے۱۰؍ گنا بڑھا کر۱ء۰؍ایم جی /کلوگرام کیا گیا ہے۔ یہ صرف سائنسی پینل کی سفارش پر کیا گیا تھا۔ سی آئی بی اور آر سی کیڑے مار ادویات کی مینوفیکچرنگ، امپورٹ ایکسپورٹ، ٹرانسپورٹ اور اسٹوریج وغیرہ کو ریگولیٹ کرتے ہیں۔ مرچ پاؤڈر میں مائکلوبوٹانیل کی حد ۲؍ایم جی / کلوگرام ہے۔ 
۲۹۵؍ کیڑے مار ادویات رجسٹرڈ
ہندوستان میں سی آئی بی اور آر سی کے ساتھ ۲۹۵؍ سے زیادہ کیڑے مار ادویات رجسٹرڈ ہیں۔ ان میں سے۱۳۹؍ کیڑے مار ادویات مسالوں میں استعمال کی جا سکتی ہیں جبکہ کوڈیکس نے کل۲۴۳؍ کیڑے مار ادویات کو اپنایا ہے، ان میں سے ۷۵؍ کو مسالوں میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔ 
کوڈیکس ایک عالمی ادارہ ہے جو صارفین کی صحت کی حفاظت کرتا ہے اور خوراک کے کاروبار کی نگرانی کرتا ہے۔ یہ بین الاقوامی سرکاری اور غیر سرکاری تنظیموں کے درمیان خوراک کے معیارات طے کرنے اور نافذ کرنے کی اجازت دیتا ہے۔ 
ہندوستانی مسالوں کو تحقیقات کاسامنا 
پچھلے مہینے سنگاپور، ہانگ کانگ اور مالدیپ نے ہندوستانی مسالوں کے برانڈس ایوریسٹ اور ایم ڈی ایچ کے کچھ مسالوں کی فروخت پر پابندی لگا دی تھی۔ اس کے بعد امریکن فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) بھی کمپنی کے مسالوں کی چھان بین کر رہا ہے۔ 
 ایف ایس ایس اے آئی بھی تحقیقات کر رہا ہے 
حال ہی میں ایف ایس ایس اے آئی نے مسالہ پاؤڈر بنانے والی کمپنیوں کے مینوفیکچرنگ یونٹس کے معائنہ، نمونے لینے اور جانچ کا بھی حکم دیا ہے۔ اس کے علاوہ فوڈ ریگولیٹر نے کہا کہ تمام کمپنیوں کی مصنوعات میں ایتھیلین آکسائیڈ کی موجودگی کو بھی جانچا جائے گا۔ 
ایم ڈی ایچ کے ۳؍ مسالوں پر تشویش
ہانگ کانگ کے فوڈ سیفٹی ڈپارٹمنٹ نے کہا تھا کہ ایم ڈی ایچ گروپ کے ۳؍ مسالہ جات - مدراس کری پاؤڈر، سمبھار مسالہ پاؤڈر اور کری پاؤڈر میں ایتھیلین آکسائیڈ کی زیادہ مقدار پائی گئی۔ ایوریسٹ کی مچھلی کے سالن مسالہ میں بھی سرطان پیدا کرنے والی کیڑے مار دوا پائی گئی۔ 
کیڑے مار ادویات کیوں استعمال ہوتی ہیں ؟
مسالہ تیار کرنے والی کمپنیاں کیڑے مار ادویات، بشمول ایتھیلین آکسائیڈ، کھانے کی اشیاء کو بیکٹیریا اور فنگس جیسے ای کولی اور سالمونیلا کے ذریعے خراب ہونے سے بچانے کیلئے استعمال کرتی ہیں، کیونکہ ان بیکٹیریا سے مسالوں کی شیلف لائف کو کم کر سکتی ہے۔ انہیں طویل عرصے تک خراب ہونے سے بچانے کیلئے پابندی کے باوجود، یہ کمپنیاں کیڑے مار ادویات کو پرزرویٹوز یا جراثیم کش ایجنٹ کے طور پر استعمال کر رہی ہیں۔ 
چند اہم باتیں 
وڈیکس نے مرچ پاؤڈر میں مکس کئے جانے والے مائکلوبوٹانیل کیلئے۲۰؍ایم جی /کلوگرام کی حد مقرر کی ہے جبکہ ایف ایس ایس اے آئی اسے صرف۲؍ایم جی /کے جی تک ملانے کی اجازت دیتا ہے۔ 
ایک اور کیڑے مار دوا، اسپیرومیسفن کیلئے، کوڈیکس نے ۵؍ ملی گرام/کلوگرام کی حد مقرر کی ہے، جب کہ ایف ایس ایس اے آئی اس کیلئے صرف ایک ملی گرام/کلوگرام کی اجازت دیتا ہے۔ 
کوڈیکس نے کالی مرچکیلئے میٹالیکسائل اور میٹا لیکسائل ایم کے استعمال کیلئے ۲؍ایم جی /کلوگرام کی حد مقرر کی ہے جبکہ ایف ایس ایس اے آئی اسے صرف۰ء۵؍ ایم جی / کلوگرام تک ملانے کی اجازت دیتا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK