• Fri, 30 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بیشتر ممالک میں ہنگامی حالات کیلئے تیار رہنے پرزور

Updated: October 30, 2026, 1:34 PM IST | Agency | London/Washington

برطانیہ، امریکہ، جاپان اور یورپ بھر کی حکومتیں اپنے شہریوں پر زور دے رہی ہیں کہ وہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہیں، کئی ممالک کی حکومتوں نے عوام کو کم از کم ۷۲؍ گھنٹوں یا تین دن کیلئے ضروری سامان ذخیرہ کرنے کی تلقین بھی کی ہے،دنیا میںجنگوں اور قدرتی آفات سے تباہی کے اندیشے شدید۔

The risks of natural disasters and human-caused destruction have increased significantly across the globe. Image: INN
دنیا بھر میںقدرتی آفات اورانسانی ہاتھوں کی تباہی کے خطرات کافی بڑھ چکے ہیں۔ تصویر: آئی این این

برطانیہ، امریکہ، جاپان اور یورپ بھر کی حکومتیں اپنے شہریوں پر زور دے رہی ہیں کہ وہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہیں۔ کئی ممالک کی حکومتوں نے عوام کو کم از کم ۷۲ گھنٹوں یا تین دن کیلئے ضروری سامان ذخیرہ کرنے کی تلقین کی ہے۔ شہریوں کو خبردار کرنے کی یہ مہم، روس-یوکرین کی جنگ، سائبر حملوں، تخریب کاری اور قدرتی آفات سے متعلق خدشات کے پیشِ نظر چلائی جا رہی ہے۔ ان ہدایات کے سامنے آنے کے بعد عوام اور سوشل میڈیا صارفین میں بے چینی پھیل گئی ہے۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ اس کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ تیسری جنگ ِ عظیم کی پیش گوئی کی جا رہی ہے۔

برطانیہ کی جانب سے ’بی ریڈی ‘مہم کا ازسرنو آغاز

۲۲ اکتوبر کو برطانوی حکومت نے اپنی ”بی ریڈی“ (Be Ready) مہم کا دوبارہ آغاز کیا، جس میں شہریوں پر زور دیا گیا کہ وہ تین دن (۷۲ گھنٹے) کی ضروریات کا سامان ہمیشہ اپنے پاس رکھیں۔ ان اشیائے ضروریہ میں پینے کا پانی، خراب نہ ہونے والی خوراک، ٹارچ، بیٹریاں، فرسٹ ایڈ کٹ، نقد رقم، پاور بینک اور چابی والا ریڈیو (wind-up radio) شامل ہے۔ برطانیہ کی ۲۰۲۵ء کی قومی سلامتی کی حکمت ِ عملی نے روسی جارحیت، معاندانہ سائبر سرگرمیوں اور تخریب کاری کو بڑے خدشات کے طور پر شناخت کیا تھا۔

امریکہ، جاپان اور یورپی یونین کی تیاریوں میں تیزی

فارچیون (Fortune) کے مطابق، امریکہ میں پنٹاگون مبینہ طور پر ’فورٹریس‘ (FORTRESS) نامی ایک منصوبہ تیار کر رہا ہے تاکہ بڑے فوجی اڈوں کو بیرونی امداد کے بغیر کم از کم ۹۰ دنوں تک فعال رہنے کے قابل بنایا جا سکے۔ جاپان، جہاں زلزلے جیسی قدرتی آفات آتی رہتی ہیں، ۲ نومبر کو اپنی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی کے قیام کے وقت ایک نئی ہنگامی اپیل جاری کرے گا جس میں عوام کو کم از کم تین دن اور مثالی طور پر ایک ہفتے کی تیاری کرنے کی ترغیب دی جائے گی۔ یورپی یونین کی ’پریپیرڈنیس یونین اسٹرٹیجی‘ جو مارچ ۲۰۲۵ء میں منظور کی گئی تھی، شہریوں کو ۷۲؍ گھنٹوں تک آزادانہ طور پر حالات کا مقابلہ کرنے کے قابل ہونے کی سفارش کرتی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: اسرائیل میں انتخابی نتائج کےبعدحکومت سازی پر تعطل برقرار، عر ب جماعتوں کا کردار اہم ہوگا

روس کے قریبی ممالک نے سول ڈیفنس کو وسعت دی

غیرملکی میڈیا کے مطابق، فن لینڈ، سویڈن، پولینڈ، ایسٹونیا، لٹویا اور لتھوانیا نے یوکرین پر روس کے حملے کے بعد سے شہری دفاع کے اقدامات کو وسعت دیتے ہوئے پناہ گاہوں کی تزئین و آرائش اور شہریوں کی تربیت جیسے اقدامات کئے ہیں۔ فن لینڈ نے اناج ذخیرہ کرنے کی حد کو بڑھا کر ۹؍ ماہ کر دیا ہے۔ سویڈن نے اپنے ہمہ گیر دفاعی نقطہ نظر (total-defence approach) کو بحال کر دیا ہے۔ پولینڈ بھی ۲۰۲۵ء میں شہری دفاع کا ایک قانون منظور کر چکا ہے۔

تیسری جنگ عظیم کے فوری امکان کا کوئی ثبوت نہیں

حکام نے زور دے کر کہا ہے کہ اس بات کا کوئی ثبوت نہیں کہ تیسری جنگِ عظیم سر پر ہے۔ ۷۲ ؍گھنٹوں کی رہنما ہدایات کا مقصد کسی بحران کے ابتدائی مراحل کے دوران عوام کو معاملات سنبھالنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔ کسی بھی بحران کے دوران ابتدائی ۷۲؍ گھنٹے نہایت اہمیت کے حامل ہوتے ہیں جب حکام ریسکیو آپریشنز اور اسپتالوں کی خدمات جیسی فوری امدادی کوششوں کو اولین ترجیح دیتے ہیں۔

عالمی حالات کیا ہیں؟
شہریوں کو خبردار کرنے کی یہ مہم، روس-یوکرین کی جنگ، سائبر حملوں، تخریب کاری اور قدرتی آفات سے متعلق خدشات کے پیشِ نظر چلائی جا رہی ہے۔ 
حکام نے واضح کیا ہے کہ اس کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ تیسری جنگ ِ عظیم کی پیش گوئی کی جا رہی ہے۔
جاپان میں عوام کو کم از کم تین دن اور مثالی طور پر ایک ہفتے کی تیاری کرنے کی ترغیب دی جائے گی۔
فن لینڈ نے اناج ذخیرہ کرنے کی حد ۹؍ ماہ کردی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK