امتحانی مراکز پر طلباء و طالبات کا پرتپاک استقبال ۔ بورڈ کی ہدایات کے مطابق طلبہ کو مناسب تصدیق اور حفاظتی جانچ کے بعد امتحان گاہ میں جانے کی اجازت دی گئی۔
EPAPER
Updated: February 11, 2026, 1:00 PM IST | Saadat Khan | Mumbai
امتحانی مراکز پر طلباء و طالبات کا پرتپاک استقبال ۔ بورڈ کی ہدایات کے مطابق طلبہ کو مناسب تصدیق اور حفاظتی جانچ کے بعد امتحان گاہ میں جانے کی اجازت دی گئی۔
ہائر سیکنڈری سرٹیفکیٹ (ایچ ایس سی ) کے امتحانات منگل سے ریاست بھر میں شروع ہوگئے۔ طلبہ کا امتحانی مراکز پر پرتپاک استقبال کیا گیا اور ان کی حوصلہ افزائی کی گئی۔متعدد سینٹروںپر اساتذہ اور اسکولی عملے نےطلبہ کا پھولوں سےخیرمقدم کیا جس کا مقصدطلبہ میں پائے جانے والے دباؤ کو کم کرنا اور اعتماد بڑھانا تھا۔طلبہ نے جوش وخروش سے امتحان میں شرکت کیا۔ امتحان میں شرکت کرنے والے طلبہ کےمطابق انگریزی کاپرچہ آسان تھا۔ بورڈ کی ہدایات کے مطابق طلبہ کو مناسب تصدیق اور حفاظتی جانچ کے بعد امتحان گاہ میں جانے کی اجازت دی گئی۔ اساتذہ نے طلبہ کو قواعد کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور بورڈ کی ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا۔
متعدد طلبہ نے کہا کہ انہوںنے امتحان کی پوری تیاری کی ہے لیکن پہلا پرچہ ہونےسے خوف وگھبراہٹ کا احساس ہورہا ہے۔ایک طالب علم نے کہاکہ ’’ہماری تیاری مکمل ہے لیکن بورڈ امتحان کا جو دبائو ہوتاہے، اس سے پہلے پرچے والے دن ذہن میں خوف رہتا ہےمگرامتحان گاہ پہنچنے پر اساتذہ اور دیگرعملے نے جس طرح ہماری حوصلہ افزائی کی اس سے ہماری خوداعتمادی میں اضافہ ہوا ۔
انجمن اسلام سیف طیب جی گرلز اُردوہائی اسکول اینڈجونیئر کالج کی پرنسپل آمنہ قاضی نے بتایا کہ’’ہمارے اسکول میں ۵۰۰؍طلبہ کا سینٹر لگاہےجن میں ایک طالب علم لرننگ ڈِس ایبیلٹی (ایل ڈی )کا شکار ہے۔ اس کیلئے علاحدہ انتظام کیاگیاتھا تاکہ وہ اطمینان سے امتحان دے سکے۔ایک طالب علم غیر حاضر تھا۔ امتحان شروع ہونے تک اس کاانتظار کرنےکےبعد ہم نے متعلقہ کالج کےذمہ داران کو فون کرکے اس کےبارےمیں دریافت کرنےکی کوشش کی لیکن اس کے غیر حاضررہنےکی معقول وجہ نہیں معلوم ہوسکی۔ اس کےعلاوہ امتحان منعقد کرنے میں کسی طرح کی دشواری نہیں آئی ۔‘‘ ا نہوں نے مزید کہا کہ ’’سوالیہ پرچہ بھی اچھاتھا۔طلبہ امتحان دینےکےبعد آپس میں پرچے کےبارےمیں خوشی خوشی گفتگو کرنےکےساتھ پیپر اچھاہونےکا اظہار کررہے تھے۔‘‘
قلابہ میونسپل سیکنڈری اسکول کے سینئر معلم شنکر پوار نے بتایا کہ ’’ہمارے اسکول میں ۲۰۰؍ طلبہ کا سینٹر لگاہے جن میں ۵؍ ایل ڈی ہیں۔بیشتر طلبہ مقررہ وقت سے پہلے سینٹرپر پہنچ گئے تھے جس کی وجہ سے انہیں بلاک میںبٹھانےمیں آسانی ہوئی۔ ایل ڈی طلبہ کیلئے الگ انتظام کیاگیاتھا۔ انگریزی کا پرچہ آسان ہونےسے طلبہ خوش دکھائی دیئے۔ پرچہ میں کسی طرح کی تکنیکی خامی نہیں دکھائی دی۔ ‘‘
یہ بھی پڑھئے:کمال امروہی نے ہر کام کمال عمدگی سے انجام دیا
انجمن اسلام ڈاکٹر محمد اسحاق جمخانہ والا اُردو ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کی پرنسپل صباپٹیل نے اس نمائندے کوبتایاکہ ’’ہمارے ہاںبشمول ۱۲؍ایل ڈی طلبہ کے ۵۵۰؍طلبہ کاسینٹر لگا ہے۔ایل ڈی طلبہ کیلئے علاحدہ بلاک کا انتظام کیاگیاہے۔ ریاستی محکمہ تعلیم کے’نقل سے پاک امتحان مہم‘ کےتحت ہم نےجہاں طلبہ کےبیگ اور دیگر سامان ان کےبلاک سے دور رکھنے کاانتظام کیا وہیں سبھی طلبہ سے امتحان شروع ہونے سے پہلے ایک عہدبھی لیاجس میں نقل اور کسی طرح کی بدعنوانی نہ کرنےکا پیغام درج تھا۔اس کامقصد طلبہ میں امتحان سےمتعلق احساس ذمہ داری کارجحان پیداکرناتھا۔‘‘
یہ بھی پڑھئے:ٹریفک لائٹس اَپ ڈیٹ: سبز روشنی کے نیچے سفید کی تیاری، خود کار گاڑیوں کیلئے ہوگی
خیال رہےکہ امسال ایچ ایس سی امتحان کیلئے کل ۱۵؍ لاکھ ۳۲؍ہزار ۴۸۷؍ طلبہ نے رجسٹریشن کرایا ہے۔ اس میں ۸؍ لاکھ ۲۰؍ہزار ۲۲۹؍ لڑکے اور۷؍لاکھ ۱۲؍ہزار ۲۴۰؍ لڑکیاں اور ۱۸؍ٹرانس جینڈر طلبہ بھی شامل ہیں۔ ریاست بھر کے ۱۰؍ ہزار ۶۶۴؍جونیئر کالجوں کے طلبہ امتحانات میں شرکت کر رہے ہیں جو۳؍ہزار ۳۸۷؍ امتحانی مراکز پر منعقد ہو رہے ہیں۔