• Wed, 11 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹریفک لائٹس اَپ ڈیٹ: سبز روشنی کے نیچے سفید کی تیاری، خود کار گاڑیوں کیلئے ہوگی

Updated: February 11, 2026, 11:24 AM IST | New York

خودکار گاڑیوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیشِ نظر ماہرین ٹریفک نظام میں ایک نئی سفید لائٹ شامل کرنے کی تجویز دے رہے ہیں۔ یہ لائٹ گاڑیوں کو مصروف چوراہوں پر محفوظ اور مؤثر انداز میں چلنے میں مدد دے گی۔

White traffic lights are being tested in North Carolina. Photo: INN
نارتھ کیرولائنا میں سفید ٹریفک لائٹ کا تجربہ کیا جارہا ہے۔ تصویر: آئی این این

سفید ٹریفک لائٹ جلد ہی ٹریفک سگنلز کی فہرست میں شامل کی جا سکتی ہے، کیونکہ موجودہ نظام میں چوتھی لائٹ کے طور پر اس کا تجربہ کیا جا رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ سڑکوں پر خودکار (سیلف ڈرائیونگ) گاڑیوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیشِ نظر ایک نئی لائٹ کی ضرورت ہے۔ سفید لائٹ خودکار گاڑیوں کو یہ بتائے گی کہ مصروف چوراہوں سے گزرنا محفوظ ہے یا نہیں۔ سرخ، پیلی اور سبز رنگ پر مشتمل تین رنگوں کا ٹریفک لائٹ نظام کئی دہائیوں سے رائج ہے جو ڈرائیوروں کو ٹریفک میں حرکت کے اشارے دیتا ہے۔ سفید لائٹ کا تجربہ امریکی ریاست نارتھ کیرولائنا میں کیا جائے گا، کیونکہ چوتھی ٹریفک لائٹ کا تصور وہیں کی ایک یونیورسٹی میں پیش کیا گیا تھا۔ جیسے جیسے سڑکوں پر خودکار گاڑیوں کی تعداد بڑھے گی، چار رنگوں پر مشتمل یہ نیا نظام مستقبل کیلئے ایک اہم پیش رفت سمجھا جا رہا ہے۔ یہ خودکار گاڑیوں کیلئے ایک ’’فالو آن‘‘ سگنل کے طور پر کام کرے گا، جو انہیں بتائے گا کہ کب اور کیسے ٹریفک میں آگے بڑھنا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: امریکہ: امیگریشن عدالت نے فلسطین حامی رومیسا اورترک کی جلاوطنی کا مقدمہ خارج کیا

سفید لائٹ سبز لائٹ کے نیچے نصب کی جائے گی اور یہ ’لیڈر کی پیروی کرو‘ کے اشارے کے طور پر کام کرے گی۔ جب یہ لائٹ روشن ہو گی تو اس کا مطلب ہو گا کہ خودکار گاڑیاں آپس میں اور ٹریفک نظام کے ساتھ رابطے میں ہیں تاکہ آمدورفت محفوظ اور آسان بنائی جا سکے۔ عام ڈرائیوروں کیلئےہدایت یہ ہو گی کہ وہ اپنے آگے موجود گاڑی کی پیروی کریں جب وہ رکے تو رکیں اور جب وہ چلے تو چلیں۔ اگر سگنل سرخ، پیلا یا سبز ہو جائے تو ڈرائیور معمول کے ٹریفک قوانین کے مطابق عمل کریں گے۔ 

یہ بھی پڑھئے: اسرائیل ۲۰۴۸ء سے پہلے ٹوٹ سکتا ہے: سابق اسرائیلی جنرل کا غیر معمولی انتباہ

نارتھ کیرولائنا میں سفید ٹریفک لائٹ کا تجربہ
کہا جا رہا ہے کہ سفید لائٹ سفر کے وقت میں تقریباً ۱۰؍ فیصد کمی اور ایندھن کے استعمال میں نمایاں کمی لا سکتی ہے۔ واضح ہدایات کی وجہ سے غیر ضروری طور پر گاڑی کھڑی رکھنے کا وقت کم ہو جائے گا اور ٹریفک تیزی سے آگے بڑھے گی۔ یہ تجربہ نارتھ کیرولائنا میں کیا جا رہا ہے، جہاں پیدل چلنے والوں کی سرگرمی کم ہے۔ تاہم، سفید لائٹ کو مکمل طور پر نافذ کرنے کیلئے سڑکوں پر۳۰؍ سے۴۰؍ فیصد گاڑیوں کا خودکار ہونا ضروری ہو گا۔ یہ صورتحال ابھی کئی دہائیوں بعد ممکن ہے، اس لئے اس ٹیکنالوجی کو مستقبل کی تیاری سمجھا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ ٹریفک لائٹس ہمیشہ تین رنگوں کی نہیں تھیں۔ ریکارڈ کے مطابق، سرخ سے براہِ راست سبز پر جانے کی الجھن ختم کرنے کیلئے۱۹۲۰ء میں ڈیٹرائٹ کے ایک پولیس افسر نے پیلی (ایمبر) لائٹ متعارف کرائی تھی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK