Inquilab Logo Happiest Places to Work

اسکول کےپہلے دن طلبہ کا گرمجوشی سے استقبال کیاجائے : وزیر تعلیم

Updated: June 04, 2026, 2:52 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

اسکول شروع ہونے سے قبل ریاستی وزیر تعلیم دادابھُسے نے محکمہ اسکول ایجوکیشن کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا، طلبہ کی تعداد بڑھانے پر توجہ دینے کی اپیل کی

Education Minister Dadabhusse.Photo;INN
وزیر تعلیم دادابھُسے- تصویر:آئی این این
 اسکول شروع ہونے سے قبل ریاستی وزیر تعلیم دادابھُسے نے اسکول کے مختلف سرگرمیوں کا جائزہ لیا ، ساتھ ہی تمام سرکاری اسکولوں کے معیار کو بہتر بنانے اور طلبہ کی تعداد بڑھانے پر توجہ دینے کی اپیل کی ۔ علاوہ ازیں پہلے دن طلبہ کا جوش وخروش سے استقبال کرنے کی ہدایت جاری کی ۔
 
 
اس تعلق سے منترالیہ میں منعقدہ میٹنگ میں دادابھُسے نے بتایاکہ’’ریاست میں ضلع پریشد کے متعدد اسکول علم کی فراہمی کا بہترین کام کر رہے ہیں۔چنانچہ تمام سرکاری اسکولوں کے معیار کو بہتر بنانے کے ساتھ طلبہ کی تعداد بڑھانے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ساتھ ہی تعلیمی سال ۲۷۔۲۰۲۶ء کے شروع ہونے پراسکول کے پہلے دن طلبہ کا گرمجوشی کےساتھ استقبال کیاجائے اور انہیں معیاری یونیفارم فراہم کیاجائے ۔
 
 
انہوں نے کہا کہ’’ پچھلے سال اسکول کےپہلے دن طلبہ کے استقبال کیلئے منعقد کئے جانےوالے پروگراموں کو زبردست کامیابی ملی تھی۔ گورنر، وزیر اعلیٰ، نائب وزیر اعلیٰ، تمام سرپرستوں، عوامی نمائندوں اور دیگر سرکاری افسران نے اسکول کے پہلے دن طلبہ کا اسکول میں استقبال کیا تھا۔ اس سال بھی طلبہ کا اسی جوش و خروش سے استقبال کیا جائے۔ اسکول شروع ہونے سے پہلے احاطے کی صفائی کیلئے مناسب منصوبہ بندی کی جانی چاہئے۔ طلبہ کو دیئے جانے والے یونیفارم اچھے معیار کے ہوں،اس کا خیال رکھاجائے۔‘‘ انہوں نےیہ بھی کہا کہ ’’ ۸۰؍ فیصد کتابیں بال بھارتی کے ذریعے اسکولوں تک پہنچ چکی ہیں ۔ اس بات کا خیال رکھا جانا چاہئے کہ باقی کتابیں اسکول شروع ہونے سے پہلے ان تک پہنچ جائیں۔‘‘وزیر دادا بھُسے نے تجویز پیش کی ہے کہ’’اسکولوں میں جسمانی سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ طلبہ کی ذاتی حفظان صحت پر بھی توجہ دی جائے، جیسے کہ پینے کا صاف پانی، صاف احاطے، صاف بیت الخلاء، اسکول کی پینٹنگ اور مرمت، جواہر بال بھون کی طرح اسکولوں میں فنون، کھیل، اداکاری، موسیقی اور تقریر وغیرہ پر زور دیا جانا چاہئے۔ اسکولوں کی ترقی کیلئے سماجی ذمہ داری فنڈ کے ساتھ ایلومنائی اسوسی ایشن کا تعاون بھی لیا جائے۔ آنگن واڑیوں کو ضلع پریشد اسکولوں کے احاطے میں شروع کیا جانا چاہئے، جس سے مستقبل میں اسکولوں میں طلبہ کی تعداد میں اضافہ کرنے میں مدد ملے ۔‘‘انہوںنے دیگر اسکولوں سے اپیل کی کہ’’ وہ ایسے اسکولوں اور اساتذہ کی مثال پر عمل کریں جو بہترین کام کررہے ہیں۔ یہ بھی مشورہ دیا کہ اساتذہ کے عہدوں کو بھرنے کا عمل وقت پر مکمل کیا جائے، اسکول کمیٹیوں کے اراکین باقاعدگی سے میٹنگ کریں اور مؤثر طریقے سے کام کریں، اسکالرشپ امتحانات کے نتائج کو بڑھانے کی کوشش کی جائے اور یہ کہ ضلع کلکٹر، ضلع پریشد کے اعلیٰ افسران اور محکمہ کے تمام افسران باقاعدگی سے اسکولوں کا دورہ کریں۔‘‘

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK