گرمی کی چھٹیوں کےدوران آئندہ تعلیمی سال کیلئے بچوںکو دی جانےوالی اشیاء کی خریداری شروع کرنے کی ہدایت جاری کی۔
یونیفارم اور دیگر اشیاء کیلئے فنڈ جاری کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔ تصویر:آئی این این
گرمی کی چھٹیوں کے ساتھ نئے تعلیمی سال (۲۷-۲۰۲۶ء) کے آغاز پراسکول کے پہلے دن طلبہ نئے یونیفارم ، جوتے اور موزے پہن کر آئیں ،اس بات کو یقینی بنانے کیلئے ریاستی حکومت نے کوشش شروع کردی ہے ۔ حکومت نے ان اشیاء کی خریداری کیلئے مطلوبہ فنڈ فراہم کرنے کا اعلان کیا ہےساتھ ہی اسکول مینجمنٹ کمیٹی ( ایس ایم سی) کو ان اشیاءکی خریداری شروع کرنے کی ہدایت بھی دی ہے۔
ریاستی حکومت نے تعلیمی اشیاء کیلئے۱۴۰؍ کروڑ روپے منظور کئے ہیں جن میں سے ۸۴؍ کروڑ روپے فوری طورپر متعلقہ ذمہ داران کے حوالے کر نے کا فیصلہ کیاہے تاکہ تعلیمی اشیاء کی خریداری کی جاسکے ۔ واضح رہے کہ ریاست کے اسکولوں میں گرمی کی تعطیلات کا آغاز ہو چکا ہے ۔ ایسے میں حکومت نےمستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنانے کی تیاری شروع کردی ہے کہ نئے سال کے پہلے دن طلبہ اسکول میں نئے یونیفارم، جوتے اور موزے پہن کر آئیں۔ ریاستی حکومت نے ان اشیاء کی تقسیم کیلئے منظور شدہ ۱۴۰؍کروڑ روپے میں سے فی الحال ۸۴؍کروڑروپے کا فنڈ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس رقم سے طلبہ کیلئے نئے یونیفارم ، جوتے اور موزے وغیرہ کی خریداری کی جائے گی ۔ یہ فنڈ ایس ایم سی کو ان اشیاء کی خریداری اور ان کے تقسیم کے عمل کو وقت پر مکمل کرنے کیلئے فراہم کیا گیاہے۔
خیال رہے کہ سمرگ شکشا ابھیان کے تحت پہلی سے آٹھویں جماعت کے طلبہ کو ہر سال ۲؍ یونیفارم فراہم کئے جاتے ہیں ۔ اس کیلئے فی طالب علم ۶۰۰؍ روپے مقرر کئے گئے ہیں، اس کے علاوہ جوتے اور موزوں کیلئے الگ فنڈ دستیاب کرایا گیا ہے ۔اس اسکیم سے تمام لڑکیوں، درج فہرست ذاتوں اور درج فہرست قبائل سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے ساتھ غربت کی سطح سے نیچے زندگی گزارنے والے خاندانوں کے بچوں کو فائدہ پہنچتا ہے ۔ اس سال، فنڈز کی بروقت دستیابی سے قیاس ہے کہ ایس ایم سیز یونیفارم کی خریداری کا عمل جلد شروع کر دیں گی ۔ نتیجتاً ا سکول شروع ہونے سے پہلے طلبہ کو نئے یونیفارم ملنے کی اُمید ہے ۔