مطلوبہ خارجہ سرٹیفکیٹ اور اصل مارک شیٹ نہ ہونے سے گارنٹی لیٹر طلب کئے جانے پر طلبہ اور والدین میں تذبذب ۔
ویب سائٹ کا سست پڑنا مستقل مسئلہ بن چکا ہے- تصویر:آئی این این
ریاستی محکمہ اسکول ایجوکیشن اینڈ اسپورٹس نے گیارہویں جماعت کے داخلے کیلئے ان ہائوس ، مائناریٹی اور مینجمنٹ کوٹے کے تحت پیر ۱۱؍ سے ۱۳؍ جون کے درمیان فارم پُر کرنے کیلئے صفر رائونڈ شروع کیا ہے لیکن پہلے ہی دن (پیر) متعلقہ ویب سائٹ کی سست رفتاری سے جہاں طلبہ اور والدین پریشان رہے وہیں ایڈمیشن کیلئے متعدد طلبہ کے پاس خارجہ سرٹیفکیٹ اور اصل مارک شیٹ نہ ہونے سے ان سے گارنٹی لیٹر طلب کئے جا رہے ہیں جس سے طلبہ اور والدین تذبذب میں مبتلا ہیں ۔ واضح رہے کہ جیسے ہی گیارہویں جماعت کے آن لائن داخلے کا عمل شروع ہوا ہے ، طلبہ کے سامنے اسکول چھوڑنے کے سرٹیفکیٹ اور اصل مارک شیٹ کے تعلق سے ایک بڑا سوال کھڑا ہوگیا ہے ۔ ریاستی بورڈ، سی بی ایس ای اور آئی سی ایس ای کے بہت سے طلبہ کے پاس ابھی بھی مطلوبہ دستاویزات نہیں ہیں ۔ انہیں گارنٹی لیٹر کی بنیاد پر درخواست بھرنی پڑ رہی ہے ۔ اس کے علاوہ داخلے کے عمل کی ویب سائٹ تکنیکی خرابی کے باعث پہلے دن ہی ڈاؤن رہی جس سے طلبہ اور والدین کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ۔
ناگپاڑہ پر واقع سیم کمپیوٹر کے نگراں اشفاق انصاری کے مطابق’’ ایف وائی جے سی کے آن لائن داخلے کے صفر راؤنڈ کیلئے درخواست کا عمل پیر (۱۱؍مئی) سے شروع ہوا لیکن پہلے ہی دن ان ہائوس، مائناریٹی اور مینجمنٹ کوٹے میں داخلے کے متمنی طلبہ کو متعلقہ ویب سائٹ کی سست رفتاری سے دشواریاں اُٹھانی پڑیں ۔ مقررہ وقت پر ویب سائٹ کے نہ کھلنے سے بہت سے لوگ درخواست فارم نہیں بھر سکے، دوپہر بعد ویب سائٹ شروع ہوئی ،تب طلبہ نے فارم پُر کئے ۔‘‘
خیال رہے کہ ریاست بھر کے ۹؍ہزار ۵۸۴؍ جونیئر کالجوں میں گیارہویں جماعت کیلئے۲۰؍ لاکھ ۶۹؍ ہزار۹۴۶؍ نشستیں دستیاب ہیں جن میں سے مرکزی آن لائن داخلے کے عمل کیلئے ۱۶؍ ۱۰؍ہزار ۲۹۳؍اور مذکورہ کوٹے کے تحت ۴؍لاکھ ۵۹؍ ہزار ۶۵۳؍ نشستیں دستیاب ہیں ۔ابھی تک ۸؍لاکھ ۸۷؍ہزار ۵۲۹؍ طلبہ نے رجسٹریشن کرایاہے۔ دستیاب نشستوں کے مقابلے طلبہ کی تعداد کم ہونے کے باوجود داخلہ کے عمل میں درپیش تکنیکی مشکلات سے والدین اور طلبہ میں بے چینی پائی جا رہی ہے۔
ریاستی بورڈ کے ۱۰؍ویں کے نتائج کا اعلان ۸؍مئی کو کیا گیا تھا ، اس کے بعد سے طلبہ نے مذکورہ کوٹے کے تحت ۱۱؍ویں کے داخلے کیلئے درخواستیں بھرنا شروع کر دی ہیں ۔ درخواست فارم پُر کرنے کیلئے اسکول خارجہ سرٹیفکیٹ اور مارک شیٹ اپ لوڈ کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے لیکن بہت سے طلبہ کو ابھی تک اسکول چھوڑنے کا سرٹیفکیٹ نہیں ملا ہے، اس لئے ریاستی بورڈ نے ان طلبہ کو گارنٹی لیٹر کی بنیاد پر درخواستیں بھر نے کی ہدایت دی ہے ۔سی بی ایس ای اور آئی سی ایس ای بورڈز کے طلبہ کیلئے بھی یہی صورتحال ہے ، کیونکہ ان کے پاس بھی خارجہ سرٹیفکیٹ نہیں ہے، وہ بھی گارنٹی لیٹر کی بنیاد پر درخواستیں جمع کر رہے ہیں۔ اس وجہ سے داخلے کے عمل میںپیچیدگیاں سامنے آ رہی ہیں۔ آئی جی سی ایس ای اور آئی بی بورڈز کے طلبہ کا مسئلہ مزید سنگین ہے چونکہ ان بورڈز کے نتائج کا اعلان ۱۹؍مئی کو کیا جائے گا، اس لئے ان بورڈز کے طلبہ صفر راؤنڈ میں حصہ نہیں لے سکیں گے جس کی وجہ سے ان طلبہ کے والدین شدید ناراضگی کا اظہار کر رہے ہیں ۔ اگر نتائج کا اعلان تاخیر سے ہو رہا ہے تو طلبہ کو صفر راؤنڈ سے کیوں محروم رکھا جا رہا ہے ؟ یہ سوال والدین کی طرف سے اُٹھایا جا رہا ہے ۔