پولیس کے مطابق اس نے وقت سے پہلے چارج شیٹ داخل کی تھی لیکن کورٹ کے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ نے اسے قبول نہیں کیا۔
جلگائوں پولیس اپنی شبیہ صاف کرنے کی کوشش میں ہے ؟ تصویر:آئی این این
جلگائوں ضلع کے جامنیر تعلقے میں شرپسندوں کے ہاتھوںسلیمان خان کے قتل کے معاملے میں چاروں ملزمین کو تاخیر سے چارج شیٹ داخل کرنے کے سبب عدالت سے ڈیفالٹ ضمانت مل گئی تھی جس کے بعد پولیس پر چوطرفہ تنقیدیں کی جارہی تھی۔اب پولیس نے اپنی شبیہ کوصاف رکھنے کیلئے جلگائوں سیشن کورٹ میں ڈیفالٹ ضمانت کو منسوخ کرنے کی درخواست دائر کی ہے ۔
یاد رہے کہ سلیمان خان قتل معاملے میں ابھشیک راجپوت(۲۲)،دیپک گھسادی(۲۰) ،رنجن ماتاڑے(۶۷) اور سورج شرما(۲۵) کو چارج شیٹ تاخیر سے پیش ہونے کے سبب گزشتہ ۱۱؍نومبر کو عدالت نے ڈیفالٹ ضمانت دے دی تھی جسکے بعد پولیس پر چوطرفہ تنقیدیں کی جارہی تھیں جبکہ سلیمان خان کے اہل خانہ خوف وہراس میں مبتلا ہیں۔انہوں نے ضلع ایس پی ڈاکٹر مہیشور ریڈی سے ملاقات کی اور اس ضمانت کے خلاف اپیل کرنے کی درخواست کی۔ اپیل نہ کرنے کی صورت میں احتجاج کا اشارہ بھی دیا تھا۔
اب جامنیر پولیس نے جلگاؤں سیشن کورٹ میں چاروں ملزمین کی ڈیفالٹ ضمانت منسوخٰ کرنے کی اپیل کی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ’’گرچہ ملزمین کوضمانت تکنیکی وجوہات پر دی گئی ہے مگر ان کا جرم سنگین ہے ۔ ملزمین نے سلیمان خان کو بے رحمی سے پیٹ پیٹ کر مارا ڈالا تھا جس کی وجہ سے خان کے بدن پر ۶۲؍ سنگین زخم پائے گئے تھے۔پیٹنے کیلئے استعمال کئےگئے تھے جو کہ ضبط کئےگئے ہیں،عینی شاہدین کے بیانات قلمبند کر لیے گئے ہیں۔‘‘ پولیس کے مطابق تفتیش میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ ملزمین نے گواہوں کو دھمکانے کی کوشش کی۔تکنیکی بنیادوں پر ملزمین کو دی گئی ضمانت منسوخ کر کے انہیں عدالتی تحویل میں بھیج دیا جائے۔اسکے علاوہ جامنیر کورٹ کے اسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ مہیش اُدرکے کی بھی جانچ کی جائے جس نے چارج شیٹ داخل کرتے وقت پولیس کی راہ میں رکاوٹ پیدا کی۔
اطلاع کے مطابق پولیس کے پاس ۱۰؍ نومبر ۲۰۲۵ء تک چارج شیٹ داخل کرنے کا وقت تھا۔ اس دن ملزمین کی گرفتاری کو ۹۰؍ دن پورے ہونے والے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے اس نے دی گئی مدت سے دو روز پہلے یعنی ۸۸؍ ویں روز (۷؍ نومبر ) صبح ساڑھے ۱۰؍ بجے چارج شیٹ داخل کر دی تھی مگر جامنیر کورٹ کے سپرنٹنڈنٹ مہیش اُدرکے نے وقت پر چارج شیٹ قبول نہیں کی اور چارج شیٹ پر ’کمیاں‘ لکھ کر واپس کردی۔ انسپکٹر، سب انسپکٹر کے کہنے پر بھی انہوں نے چارج شیٹ کو اسی روز قبول نہیں کیا ۔
اطلاع کے مطابق پولیس نےاپنی درخواست میں جامنیر کورٹ کے اسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ مہیش اُدرکے کے متعلق مذکورہ بالا تمام باتیں درج کی ہیں۔ادھر ایکتا سنگھٹن جلگائوں نے جامنیر کورٹ کے اسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ مہیش اُدرکے کو معطل کرنے کے مطالبہ پر احتجاج بھی درج کروایا ہے۔