Inquilab Logo

گلوکاری کے سلطان محمد رفیع کو مداحوں نے یوم ولادت پر یاد کیا

Updated: December 25, 2023, 11:20 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

آئندہ برس صدسالہ سالگرہ کی تیاریاں شروع۔ مداح کا پورے سال ہر ماہ کی ۲۴؍ تاریخ کو پروگرام منعقد کرنے کا اعلان۔

Mohammed Rafi`s fan `Kaka JP` singing a song in a program. Photo: INN
محمد رفیع کے مداح ’کاکا جے پی‘ ایک پروگرام میں گاناگاتے ہوئے۔ تصویر : آئی این این

گلوکاری کی دنیا کے بے تاج بادشاہ مرحوم محمد رفیع کے ۹۹؍ یوم ولادت کے موقع پر ان کے لاتعداد مداحوں نے انہیں  یاد کیا، متعدد پروگرام ان کی یاد میں منعقد کئے گئے اور بڑی تعداد میں دن بھر ہر مذہب کے لوگ ان کی قبر پر آتے رہے۔ اس دوران ایک مداح نے آئندہ برس ان کی پیدائش کے صد سالہ جشن پر سال بھر ہر ماہ کی ۲۴؍ تاریخ کو محمد رفیع کے تعلق سے مختلف پروگرام منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سائرہ بانو نے بھی یاد کیا
 ماضی کی معروف اداکارہ سائرہ بانو نے بھی اتوار کو مایہ ناز گلوکار محمد رفیع کو یاد کیاکرتے ہوئے سوشل میڈیا پر پیغام لکھا۔ سائرہ بانو نے دلیپ کمار اور محمد رفیع کی ایک ’بلیک اینڈ وائٹ‘ تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’’بلا شبہ رفیع صاحب اُن عظیم گلوکاروں میں سے ایک ہیں جنہیں ہمارے ملک نے دیکھا ہے۔‘‘
 محمد رفیع کو رفیع بھائی کہتے ہوئے انہوں نے مزید لکھا ہے کہ ان دونوں (دلیپ کمار اور محمد رفیع) کے ساتھ کے کئی قصے ہیں جن میں سے ایک یہ بھی ہے جب یہ دونوں ہند۔چین جنگ کے بعد فوجیوں کو تفریح فراہم کرنے کیلئے ملک کی سرحد پر گئے تھے۔ البتہ اپنے پیغام کو انہوں نے یہ کہتے ہوئے ختم کیا کہ ’’آنے والے دنوں میں میں ایسے ہی قصوں کی تفصیل بتائوں گی۔ رفیع بھائی کی سالگرہ پر انہیں یاد کررہی ہوں ۔‘‘
پورے سال پروگرام کا انعقاد
 محمد رفیق کے بڑے مداحوں میں سے ایک ’کاکا جے پی‘ نے اتوار کو دوپہر تقریباً پونے ایک بجے انقلاب سے بات چیت کے دوران زیادہ طویل گفتگو نہ کرپانے کی معذرت کرتے ہوئے کہا کہ شب کو ۱۱؍بجے تک وہ شانمکھا نند ہال میں محمد رفیع کے مختلف پروگراموں میں مصروف رہیں گے اس لئے ان کے پاس وقت کی کمی ہے۔
 البتہ اس گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ آئندہ برس رفیع صاحب کی پیدائش کو ۱۰۰؍ سال مکمل ہونے والے ہیں جس کی وجہ سے انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ پورے سال ہر مہینے کی ۲۴؍ تاریخ کو محمد رفیع کے تعلق سے مختلف پروگرام منعقد کرتے رہیں گے جس کی شروعات سنیچر سے ہی کردی گئی ہے اور اتوار کا پروگرام جوڑ کر آئندہ سالگرہ تک ۱۳؍ پروگرام کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ تمام پروگرام ۲۴؍ تاریخ کو دوپہر ۲؍ بجے سے شام ۵؍ بجے تک ہوں گے۔ چاہے دن کوئی بھی ہو یہ پروگرام ۲۴؍ تاریخ کو ہوں گے اور اس میں داخلہ مفت ہوگا جو شانمکھانندہال کے قریب ہی منعقد کئے جائیں گے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ شانمکھا نند ہال میں بھی ہر ماہ ایسے ہی پروگرام منعقد کئے جائیں گے اس لئے ان کا پروگرام ختم ہونے کے بعد وہ لوگ ہر۲۴؍ تاریخ کو شانمکھا نند ہال کا پروگرام دیکھنے چلے جائیں گے۔
قبرستان میں زیارت
 سانتاکروز قبرستان کے ایک خادم نے بتایا کہ اتوار سےصبح سے شام تک رفیع صاحب کے مداح آتے جاتے رہے جن میں غیرمسلموں کی تعداد بھی بہت زیادہ تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK