Inquilab Logo Happiest Places to Work

صمود فلوٹیلا ۵۴؍ بحری جہازوں کے ساتھ ترکی سے روانہ

Updated: May 15, 2026, 3:04 PM IST | Mumbai

اس قافلے میں دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے ۵۰۰؍ سے زائد سماجی کارکنان ہیںجو اہل غزہ کیلئے انسانی امداد لے جارہے ہیں۔

Boats participating in the Samudra convoy can be seen anchored at the port of Marmaris, Turkey. Photo: INN
ترکی کے مرمریس شہر کی بندرگاہ پر لنگراندازصمود قافلے میں شریک کشتیاں دیکھی جاسکتی ہیں۔ تصویر: آئی این این

غزہ پر مسلط کردہ ظالمانہ اسرائیلی حصار کو توڑنے کی ایک نئی اور جرأت مندانہ کوشش کے طور پر گلوبل صمود فلوٹیلا جمعرات کو ترکی کے بحیرۂ روم کے ساحلی شہر مرمریس سے روانہ ہونے کے لئے تیار ہے۔ اس انسانی مشن میں۵۴؍ بحری جہاز اور۵۰۰؍ سے زائد بین الاقوامی سماجی کارکن اور یکجہتی کے علمبردار شریک ہیں۔ اس بات کا اعلان فلوٹیلا کی انتظامیہ کے اراکین نے جنوب مغربی ترکی کے صوبہ موغلا کے شہر مرمریس میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

یہ بھی پڑھئے: مسجد اقصیٰ میں یہودی انتہا پسندوں کا دھاوا، اشتعال انگیز جلوس نکالا گیا

پریس کانفرنس میں سمیرہ آق دنيز اوردو، ایمان المخلوفی، سیف ابو کشک، کو تينموانغ اور نتالیا ماریا سمیت دیگر لیڈران نے شرکت کی۔ شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قابض اسرائیل کی مسلسل دھمکیوں کے باوجود غزہ کا محاصرہ ختم کرانے کے لیے بین الاقوامی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔فلوٹیلا کے رکن اور فلسطینی نژاد ہسپانوی سماجی کارکن سیف ابو کشک نے کہا کہ قابض اسرائیل نہ تو انسانی حقوق کا احترام کرتا ہے اور نہ ہی بین الاقوامی قانون کو مانتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سماجی کارکنوں نے گزشتہ برسوں کے دوران فلسطین میں ہونے والے تمام تر ہولناک واقعات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا ہے کہ وہ محاصرہ توڑنے کے اس سفر کو ہر صورت آگے بڑھائیں گے۔ابو کشک نے مزید بتایا کہ مرمریس سے غزہ کی جانب۵۴؍ جہاز روانہ ہوں گے جن میں فریڈم فلوٹیلا اتحاد کے پانچ بڑے جہاز بھی شامل ہیں۔ اس مشن میں مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے۵۰۰؍ سے زائد افراد شریک ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ قابض اسرائیل دانستہ طور پر بھوک کو ہتھیار بنا کر غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ وہ مغربی کنارے میں بھی نوآبادیاتی مہم چلا رہا ہے جس کا مقصد فلسطینی عوام کو ان کی سرزمین سے بے دخل کرنا ہے۔واضح ہو کہ قابض اسرائیل کی فوج نے گزشتہ۲۹؍ اپریل کو یونانی جزیرے کریز کے قریب عالمی سمندری حدود میں گلوبل صمود فلوٹیلا کے جہازوں پر حملہ کیا تھا ۔ اس وقت اسرائیل نے۲۱؍ کشتیاں اور ان پر سوار۱۷۵؍ سماجی کارکنوں کو حراست میں لے لیا تھا جبکہ باقی کشتیاں یونانی علاقائی حدود کی جانب اپنا سفر جاری رکھنے میں کامیاب رہی تھیں۔یہ اقدام۲۰۰۷ء سے غزہ پر مسلط اسرائیلی حصار کو توڑنے کی عالمی کوششوں کا حصہ ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK