Inquilab Logo Happiest Places to Work

کرناٹک کی حجاب پسند طالبہ مسکان کیا کر رہی ہیں؟

Updated: May 15, 2026, 3:45 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

کرناٹک کی حجاب پسند طالبہ مسکان خان کرناٹک حکومت کے فیصلے پربے حد خوش ہیں ، انہیں یہ امید ہے کہ اب وہ اپنی شناخت اور اپنے حجاب کے ساتھ بی کام فائنل ایئرکا امتحان پاس کرکے اپنا دیرینہ خواب شرمندۂ تعبیر کر سکیں گی۔

Muskan Khan. Photo: INN
مسکان خان۔ تصویر: آئی این این

 ممبئی(سعید احمد خان) : کرناٹک کی حجاب پسند  طالبہ مسکان خان کرناٹک حکومت کے فیصلے پربے حد خوش ہیں ، انہیں یہ امید ہے کہ اب وہ اپنی شناخت اور اپنے  حجاب  کے ساتھ بی کام فائنل ایئرکا امتحان پاس کرکے اپنا دیرینہ خواب شرمندۂ تعبیر کر سکیں گی۔ نمائندۂ انقلاب نے مسکان کے والد بشیر خان سے بات چیت کی ۔ بشیر خان نے دورانِ گفتگو بتایاکہ ’’مجھے اپنی بیٹی پر فخر ہے۔ ۲۰۲۲ء میں اس کے ساتھ کالج جانے کے دوران جو کچھ ہوا اورجس طرح اس نےنعرۂ تکبیر بلند کرتے ہوئے شرپسندوں  کا  جواب دیا تھا، وہ نہ صرف ایک علامت بن گئی بلکہ دیگر لڑکیو ںکے لئے رول ماڈل قرار پائی۔ ‘‘ انہوںنےیہ بھی بتایاکہ’’ ہم اپنی بیٹی کے ساتھ پوری قوت سے کھڑے رہے اور کبھی اس کی حوصلہ شکنی نہیں ہونے دی۔  وہ۲۰۲۲ء کے بعد سے اب تک گھرپر رہ کراسلامیات کا مطالعہ کرتی رہی اورساتھ ساتھ بی کام کی تیاری بھی جاری رکھی ۔ اس دوران اسے طلبہ کی رہنمائی کیلئے الگ الگ اسکول کالج اورمدارس میںبلایا گیا، پونہ کے اعظم کیمپس میں بھی مدعو کیا گیا۔

یہ بھی پڑھئے: حکومت آئندہ ۶؍ ماہ تک کوئی بڑا پروگرام منعقد نہیں کرے گی

  اس دوران مسکان نے ہرجگہ یہی پیغام دیا کہ تعلیم کے ذریعے اپنی شناخت قائم کی جائے، اقراء کا پیغام عام کیاجائے،یہ ضرورت بھی ہے اور مسائل کا حل بھی تعلیم کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ ‘‘بشیرخان نےیہ بھی کہاکہ ’’ شرانگیزی کرنے والوں کو مزید موقع نہ ملے اورہنگامہ آرائی کے سبب دیگر طلبہ کی تعلیم میںخلل نہ ہواس لئے مسکان کے گھر پر تیاری کرنے کے باوجود بی کام کا امتحا ن دلانے کیلئےمصلحتاً ہم نے قدم آگے نہیںبڑھایا،اب جبکہ حکومت نے پابندی ختم کردی ہے تو مسکان بی کام کا امتحان دیگی۔‘‘ انہوں نے اپنی بیٹی کا یہ َدرد بھی بیان کیا کہ ’’ حجاب پرپابندی کےسبب اس وقت کرناٹک میں تقریباً ۱۸؍ ہزاربچیاں امتحان دینے سے محروم رہ گئی تھیںمگر اب وہ بندش ختم ہوگئی ہے اورامید ہے کہ مسکان جیسی دیگر مسلم طالبات حجاب کے ساتھ تعلیمی میدان میں بہترین صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی کی منزل طے کرسکیں گی ۔‘‘  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK