• Mon, 16 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’ہر دور میں اسلامی تہذیب کی حفاظت عورتوں نے ذمہ داری کیساتھ کی‘‘

Updated: November 16, 2026, 11:32 AM IST | Ismaeel Shad | Dhule

دھولیہ میں ’’ عظمت نسواں، فکری بیداری اور عملی لائحہ عمل ‘‘کے عنوان پر مولانا خلیل الرحمٰن سجاد نعمانی کا پرمغز خطاب ۔

مولانا خلیل الرحمٰن سجاد نعمانی۔ تصویر: آئی این این
مولانا خلیل الرحمٰن سجاد نعمانی۔ تصویر: آئی این این

دھولیہ(اسماعیل شاد ):جید عالم دین مولانا خلیل الرحمٰن سجاد نعمانی کی شہر دھولیہ آمد پر۱۴؍ نومبر بروز سنیچر کو صبح گیارہ بجے مدرسہ فلاح دارین کے وسیع و عریض میدان پر عالمات، معلمات، ڈاکٹر، دانشور خواتین اور طالبات کیلئے’’ عظمت نسواں، فکری بیداری اور عملی لائحہ عمل‘‘کے عنوان سے اصلاحی جلسے کا اہتمام کیا گیا ۔

مولانا سجاد نعمانی نے خواتین کے جم غفیر سے سیر حاصل خطاب کیا۔انہوںنے قرآنی آیات کے حوالے سے  خواتین کی رہنمائی فرمائی ۔ انبیاء، اولیاء اوردنیا میں تاریخ رقم کرنے والی عظیم شخصیات کی کردار سازی میں ماں کی تربیت ،ماں کے اہم کردار سے واقف کرایا۔ مولانا نے قرآن کریم کی ایک آیت کا ترجمہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اسلام میں عورت کو بہت اونچا مقام عطا کیا ہے۔ انہوں نے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والی طالبات سے مخاطب ہوکر کہا اس پُر فتن دور میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والی طالبات کو بہت محتاط رہتے ہوئے اسلام کی تہذیب کا دامن تھام کر تعلیم حاصل کرنے کی تلقین کی۔

یہ بھی پڑھئے: دسمبر کے پہلے ہفتے پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس

      طالبات سے کہا کہ وہ امہات المومنین، صحابیات، اسلامی تاریخ کی عظیم خواتین کو فالو کریں۔حضرت ہاجرہ کا حوالہ دیتے ہوئے مولانا نے کہا کہ اسلام کی بہادر، حوصلہ مند ،ایمان و یقین سے بھرپور حضرت ہاجرہ کی ممتا کی تڑپ کی وجہ سے ہمیں کعبہ ملا، زم زم ملا، صفا و مروہ ملا ہے۔ عورت کے صبر و استقلال نے ہر دور میں تاریخ مرتب کی ہے۔ ہر دور میں اسلامی تہذیب کی حفاظت عورتوں نے بڑی ذمہ داری سے ادا کی ہے ۔دنیا میں جتنے لوگوں نے بھلائی کو پھیلانے کا کام کیا ہے بڑے کارنامے انجام دیے ہیں ان کے پیچھے ان کی ماؤں کا کردار معلوم ہوتا ہے۔ مولانا خلیل الرحمٰن سجاد نعمانی نے مولانا الیاس ، امام ابو حنیفہ، امام بخاری کی تربیت میں ماں کا کردار پر بھی روشنی ڈالی۔مولانا  نے خواتین کے جم غفیر سے کہا کہ جب تک عورت اور مرد مل کر سماج کو سدھارنے کی کوشش کرتے رہیں ظلم کا مقابلہ کرنے کی کوشش کرتے رہیں حالات کو بہتر بنانے کی کوشش کرتے رہیں اسلامی تہذیب کی حفاظت کی کوشش کرتے رہیں ہیں تب تک حالات بہت اچھے رہے جب یہ کام زیادہ تر عورتوں نے تھوڑے سے مردوں کے حوالے کر دیا اور اپنے آپ کو پیچھے ہٹا لیا اپنی تمناؤں کو محدود کر لیا جب سے مرد اکیلے حالات کے ظلم و ستم اور تیر و نشتر کا مقابلہ نہیں کر پا رہے ۔موصوف نے خواتین سے حیا کا دامن تھامنے کے ساتھ ہی گھر کا ماحول خوشگوار بنانے کیلئے سسرال والوں کا عزت و احترام کرنے کی تلقین کی۔فضول بحث سے بچنے، درگزر کرنے کا مشورہ دیا۔شادیوں میں فضول خرچی، خرافات سے بچنے کی تلقین کی۔ذمہ دار اور سرکردہ خواتین سے معاشرے میں اصلاحی، خیر و فلاح کی تقریبات کے ذریعے سے خوشگوار معاشرہ بنانے کے لیے جدوجہد کرنے کی تلقین کی۔حضرت والا کی رقت آمیز دعا پر جلسہ کامیابی کے ساتھ ہمکنار ہوا۔اس جلسہ کو جمعیۃ علماء ضلع دھولیہ کے صدر، مدرسہ فلاح دارین کے مہتمم مفتی سید محمد قاسم جیلانی کی رہنمائی و سرپرستی حاصل رہی۔مولانا نے مسجد عائشہ میں اور مدرسہ فلاح دارین میں بھی عامتہ المسلمین سے خطاب کیا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK