Inquilab Logo Happiest Places to Work

سپریم کورٹ کا ٹیلی کام کمپنیوں کو راحت دینے سے انکار، ووڈا فون آئیڈیا کو جھٹکا

Updated: May 20, 2025, 11:13 AM IST | Agency | New Delhi

اے جی آر میں راحت کی درخواست کے مسترد ہونے کا سب سےبڑا جھٹکا ووڈا فون آئیڈیا کو لگاہے جس کے شیئر کی قیمت میں ۸؍ فیصد کی گراوٹ آئی ہے۔

Vodafone Idea (VI) has suffered a major setback. Photo: INN
ووڈا فون آئیڈیا (وی آئی ) کمپنی کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ تصویر: آئی این این

سپریم کورٹ نے ٹیلی کام کمپنیوں ایئر ٹیل، ووڈافون آئیڈیا(وی آئی) اور ٹاٹا ٹیلی سروسیز کی اُس عرضی کو پیر کو خارج کردیا جس میں  ’’ایڈجسٹیڈ گراس ریوینیو‘‘ (اے جی آر) کے بقایاجات کی ادائیگی سے راحت کی اپیل کی گئی تھی۔
اس درخواست کے مسترد ہونے کا سب سےبڑا جھٹکا ووڈا فون آئیڈیا کو لگاہے جس کے شیئر کی قیمتوں میں ۸؍ فیصد کی گراوٹ آئی ہے۔  جسٹس جے بی پاردی والا اور آر مادھو َن کی  بنچ نے ان درخواستوں کو ’’غلط فہمی پر مبنی‘‘ قرار دیا ہے۔ دورکنی بنچ نے ووڈا فون کی پیروی کرنےوالے سینئر وکیل مکل روہتگی سے کہاکہ’’ہم ان درخواستوں پر حیران ہیں جو ہمارے سامنے سماعت کیلئے پیش ہوئی ہیں۔ ملٹی نیشنل کمپنیوں سے اس کی امید نہیں کی جاتی۔ ہم انہیں خارج کرتے ہیں۔ 
اس کے ساتھ ہی کورٹ نے کہا ہے کہ اگر حکومت ٹیلی کام کمپنیوں کی مدد کرنا چاہتی ہے تو کورٹ درمیان میں نہیں آئے گا۔ واضح رہے کہ اے جی آر (ایڈجسٹڈ گراس ریوینیو) ٹیلی کام کمپنیوں کی آمدنی کا وہ حصہ ہوتا ہے جس پر حکومت لائسنس فیس اور اسپیکٹرم کے استعمال کا  چارج  وصول کرتی ہے۔ ووڈافون آئیڈیا نے بقایا جات پر  ۳۰؍ ہزار کروڑ کے قریب سود،  جرمانہ او ر جرمانہ پر سود میں راحت کیلئے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایاتھا۔ 
 اس سے قبل سماعت کے دوران ووڈافون کے وکیل نے کہا کہ ان کی مؤکل کمپنی   کے بقا کیلئے ضروری ہے کہ ٹیلی کام سیکٹر  میں مسابقت کا ماحول برقرار رہے۔  انہوں نے یہ نشاندہی بھی کی کہ ووڈافون آئیڈیا (وی آئی)  کے بقایا جات کو  اِیکویٹی میں تبدیل کئےجانے کے بعد کمپنی کے  ۴۹؍ فیصد حصص خود حکومت  کے پاس ہیں۔ ٹیلی کام کمپنی ووڈافون آئیڈیا  کی ایڈجسٹڈ گروس ریونیو (اے جی آر) بقایاجات سے متعلق درخواست سپریم کورٹ نے مسترد کر دی ہے۔ درخواست کے مسترد ہونے کے بعد ووڈافون آئیڈیا کے شیئرس میں۸؍ فیصد کی کمی آئی۔ یہ اس وقت ۷۵ء۶؍  روپے پر بند ہوا۔ دراصل، وی آئی  نے بقایاجات سے جڑے۴۵۴۵۷؍ کروڑ روپے سے زائد کی پنالٹی اور سود کو معاف کرنے کی درخواست کی تھی۔ وی آئی نے عدالت میں کہا تھا کہ حکومت کی کمپنی میں ۴۹؍ فیصد شراکت  ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK