Inquilab Logo Happiest Places to Work

لاڈلی بہن اسکیم:۸۰؍ لاکھ خواتین کو محروم کرناانتظامی ناکامی کی علامت ہے: سپریا

Updated: June 01, 2026, 11:15 AM IST | Mumbai

نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد پوار گروپ) کی لیڈر اور رکن پارلیمنٹ سپریا سُلے نے’مکھیہ منتری ماجھی لاڑکی بہن یوجنا‘ کے تحت تقریباً۸۰؍ لاکھ خواتین کو نااہل قرار دیے جانے پر مہاراشٹر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

Supriya Sule. Photo: INN
سپریہ سلے۔ تصویر: آئی این این

نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد پوار گروپ) کی لیڈر اور رکن پارلیمنٹ سپریا سُلے نے’مکھیہ منتری ماجھی لاڑکی بہن یوجنا‘ کے تحت تقریباً۸۰؍ لاکھ خواتین کو نااہل قرار دیے جانے پر مہاراشٹر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے اس صورتحال کو سیاسی، انتظامی اور نفاذی سطح پر اجتماعی ناکامی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ حکومتی کارکردگی پر سنگین سوالات کھڑے کرتا ہے۔ سپریا سُلے نے ایکس پر جاری ایک تفصیلی بیان میں الزام لگایا کہ انتخابی مہم کے دوران اس اسکیم کو مناسب جانچ پڑتال کے بغیر جلد بازی میں نافذ کیا گیا تھا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر اتنی بڑی تعداد میں درخواست دہندگان نااہل تھے تو حکومت کو ان کی شناخت کرنے میں تقریباً ڈیڑھ سال کیوں لگ گیا۔ ای-کے وائی سی عمل مکمل ہونے کے بعد جاری کردہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اسکیم کے تحت مستفید ہونے والی خواتین کی تعداد رجسٹریشن کے وقت۲؍ کروڑ۴۶؍ لاکھ سے زائد تھی، جو اب کم ہو کر تقریباً ایک کروڑ۶۶؍ لاکھ رہ گئی ہے۔ اہلیت کی تصدیق اور غیر مستحق اندراجات کو حذف کرنے کے لیے شروع کیا گیا ای-کے وائی سی عمل۳۰؍ اپریل۲۰۲۶ء کو مکمل ہوا تھا اور حکومت نے واضح کیا ہے کہ اس میں مزید توسیع نہیں دی جائے گی۔ سپریا سُلے نے کہا کہ حکومت نے انتخابی ماحول میں مناسب جانچ کے بغیر اسکیم نافذ کی۔ یہ صورتحال سیاسی فیصلہ سازی، انتظامی نگرانی اور منصوبہ بندی کے نفاذ میں سنگین خامیوں کی عکاسی کرتی ہے۔ مزید کہا کہ بعد میں نااہل قرار دی جانے والی خواتین کو عوامی خزانے سے رقوم فراہم کی گئیں، جس سے حکمرانی اور جوابدہی کے حوالے سے کئی سوالات جنم لیتے ہیں۔ سُلے نے الزام لگایا کہ انتخابات سے قبل خواتین سے کیے گئے وعدوں کا مقصد سیاسی فائدہ حاصل کرنا تھا۔ 

یہ بھی پڑھئے: کیا کسی بڑے حادثے کے بعد کلسٹر اسکیم نافذ کی جائے گی؟

لاڈلی بہن اسکیم سے۸۰؍لاکھ خواتین کو نااہل قرار دئیے جانے پر روہنی کھڑسے نے بھی تنقید کی 
لاڈلی بہن اسکیم سے۸۰؍ لاکھ خواتین کو نااہل قرار دئیے جانے پر نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد چندر پوار گروپ) کی ریاستی خواتین صدر روہنی کھڑسے نے کہا کہ حکومت بڑے بڑے ٹینڈر جاری کر رہی ہے، حکمران طبقے کے بیرونِ ملک دورے بھی باقاعدگی سے جاری ہیں، اور اشتہارات پر بھی بے دریغ پیسہ خرچ کیا جا رہا ہے۔ جب ان تمام کاموں کے لیے حکومت کے پاس پیسہ موجود ہے تو پھر لاڈلی بہن یوجنا کے تحت خواتین کو ملنے والے۱۵۰۰؍ روپے حکمرانوں کی آنکھوں میں کیوں کھٹک رہے ہیں ؟روہنی کھڈسے نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ خواتین کی فلاح کے لیے دی جانے والی اس امداد پر قدغن لگانا مناسب نہیں ہے، جبکہ دوسری جانب حکومت دیگر مد میں کھل کر اخراجات کر رہی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK