۴۰؍ جوڑے رشتہ ازدواج سے منسلک ہوئے جنہیں نئی زندگی کے آغاز کیلئے ضروری اشیا کے تحائف بھی دیئے گئے۔
EPAPER
Updated: August 27, 2026, 2:13 PM IST | ZA Khan | Hingoli
۴۰؍ جوڑے رشتہ ازدواج سے منسلک ہوئے جنہیں نئی زندگی کے آغاز کیلئے ضروری اشیا کے تحائف بھی دیئے گئے۔
جشن میلاد النبیؐکے پُرمسرت موقع پر میلاد کمیٹی بسمت کی جانب سے اجتماعی شادیوں کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ۴۰؍ جوڑے رشتۂ ازدواج سے منسلک ہوئے۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں دلہا دلہن کے رشتہ داروں، سماجی و سیاسی شخصیات اور شہر کے معززین نے شرکت کرتے ہوئے نو بیاہتا جوڑوں کو مبارکباد پیش کی۔تقریب کا مقصد معاشرے میں سادگی کے ساتھ شادیوں کو فروغ دینا اور ضرورت مند خاندانوں کیلئے شادی کے اخراجات کا بوجھ کم کرنا تھا۔
یہ بھی پڑھئے: غزہ امن منصوبہ: حماس ہتھیار اور حکومتی اختیار منتقل کرنے پر راضی
اجتماعی شادی کی اس تقریب میں نو بیاہتا جوڑوں کو ضروریاتِ زندگی کی بنیادی اشیا بھی تحفے کے طور پر فراہم کی گئیں، تاکہ نئی زندگی کے آغاز میں انہیں سہولت حاصل ہوسکے۔تقریب میں دلہا دلہن کے رشتہ داروں اور عزیز و اقارب کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ اس موقع پر مختلف سماجی و سیاسی جماعتوں کے سرکردہ قائدین اور نمائندوں نے بھی شرکت کی اور نو بیاہتا جوڑوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے خوشحال ازدواجی مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔بتایا گیا کہ میلاد کمیٹی بسمت کی جانب سے منعقد کی جانے والی یہ اجتماعی شادیوں کی تقریب اپنی نوعیت کی ایک منفرد کوشش ہے، جو گزشتہ تین برسوں سے جشن میلاد النبیؐکے موقع پر منعقد کی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: اقوام متحدہ کا حکومتوں پر زمین کی بحالی کو معاشی سرمایہ کاری سمجھنے پر زور
اس اقدام کو علاقے میں سماجی خدمت اور ضرورت مند خاندانوں کی معاونت کی ایک مؤثر مثال قرار دیا جارہا ہے۔تقریب کی کامیابی میں بسمت کے سرکردہ لیڈر عبدالحفیظ بھائی اور ان کی ٹیم کے علاوہ شہر کے نوجوانوں نے بھی اہم کردار ادا کیا۔ اس موقع پر مقررین نے اجتماعی شادیوں کے اس اقدام کی ستائش کی اور معاشرے میں شادی بیاہ کو آسان اور سادہ بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے پروگرام نہ صرف ضرورت مند خاندانوں کی مدد کرتے ہیں بلکہ معاشرے میں باہمی تعاون، اور سماجی ذمہ داری کے جذبے کو بھی فروغ دیتے ہیں۔تقریب کے اختتام پر تمام نو بیاہتا جوڑوں کیلئے خوشحال ازدواجی زندگی، باہمی محبت، اتفاق اور کامیابی کی خصوصی دعائیں کی گئیں۔