دھولیہ میں۲؍ الگ الگ مقامات پرکُل ۱۸۰؍ نوجوانوں نے اپنے خون کا عطیہ دیا،جبکہ ایوت محل میں ۳۶۸؍ افراد نے خون جمع کروایا۔
EPAPER
Updated: August 27, 2026, 2:09 PM IST | Ismail Shad/Ali Imran | Dhulia/Ayot Mahal
دھولیہ میں۲؍ الگ الگ مقامات پرکُل ۱۸۰؍ نوجوانوں نے اپنے خون کا عطیہ دیا،جبکہ ایوت محل میں ۳۶۸؍ افراد نے خون جمع کروایا۔
عید میلاد النبیؐ کے مبارک موقع پر دھولیہ شہر میں مسلم تنظیموں کی جانب سے خون کا عطیہ کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میںبڑی تعداد میں نوجوانوں نے’’ میرا خون انسانیت کے نام ‘‘ کا پیغام عام کرنے کی خاطر اپنے خون کا عطیہ پیش کیا۔نوجوانوں کے اس اقدام کی پولیس انتظامیہ اور سول اسپتال کے ڈاکٹروں نے پذیرائی کی۔خون کا عطیہ کیمپ کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔
یہ بھی پڑھئے: ایم پی ایس سی کے چیئرمین نے استعفیٰ نہیں دیا تو یکم ستمبر سے احتجاج
شہر کے حسین احمد مدنی چوک مولوی گنج میں ہر سال کی طرح امسال بھی مون لائٹ تنظیم کی جانب سے بلڈ ڈونیشن کیمپ لگایا گیا جس کا افتتاح شہر کے جید عالم دین سید محمد قاسم جیلانی نے فیتہ کاٹ کر کیا۔ علاقے کے تقریباً ۸۰؍ نوجوانوںکے علاوہ سابق رکن اسمبلی فاروق شاہ نے بھی اس کیمپ میں خون کا عطیہ دیا۔یہ اطلاع کیمپ کے منتظمین میں شامل محمد معاذ نے دی۔ اس تقریب میں مالیگاوں کے سابق رکن اسمبلی آصف شیخ رشید، سول سرجن روی سوناونے، نائب ضلع ایس پی راجکمار اپاسے، آزاد نگر پولیس کے نگراں ونود پاٹل، کانگریس کے سنیئر لیڈر بھائی نگرالے، عبدالسلام ماسٹر، شوال امین، مظفر حسین راجا بھیا، امین پٹیل اور گوپال انصارشریک ہوئے اور نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی۔
دوسری طرف شہر کے نور اسٹار گروپ کی جانب سے بھی بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد سو فٹ روڈ فاطمہ مسجد کے پاس کیا گیا تھاجس کا افتتاح فاروق اشرفی نے کیا۔ اس کیمپ میں ۱۰۰؍ سے زائد نوجوانوں نے خون کا عطیہ دیا۔اس بابت تنظیم کے صدر سمیر افسر پٹھان نے کہا کہ خون کی بوتلیں سرکاری اسپتال تک پہنچائی جائیں گی۔سمیر پٹھان نے اس کیمپ کے انعقاد کا مقصد غریب، مستحقین کو وقت پر خون کی ضرورت پوری کرنا بتایا۔
یہ بھی پڑھئے: بھوکر میں وقف اراضی پرتنازع شدید، سابق کارپوریٹر نے متولیوں پر سوال اٹھائے
ایوت محل میں ۳۶۸؍ افراد نے خون کا عطیہ دیا
جماعت اسلامی کے زیر انصرام یوتھ موؤمنٹ نے ہر سال کی طرح امسال بھی ایوت محل میں بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد کیا۔ شہر کے مرکزی مقام قلم چوک کے شاہین ہال میں منعقدہ اس کیمپ میں اس بار ۵۰۰؍ افراد سے خون کا عطیہ حاصل کرنے کا ہدف تھا لیکن دوپہر تک جب یہ تعداد ۲۵۰؍ تک پہنچی ہی تھی کہ بارش شروع ہو گئی جس کے بعد یہ ہدف پورا نہیں ہو سکا۔ ۳۶۸؍ افراد نے اپنا خون جمع کروایا تھا جس کے بعد یہ سلسلہ روک دیا گیا۔ خون کا عطیہ دینے والوںنے رسول اللہؐ سے محبت کا اظہار اور انسانیت کا پیغام دینے کی خاطر اس مہم میں حصہ لیا۔ تقریباً ۱۶؍ برس سے اس عظیم خدمت خلق کا سلسلہ جاری ہے۔ یوتھ موؤمنٹ نے ایک سوشل میڈیا پیغام کے ذریعے عطیہ دہندگان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ’’ نوجوانوں کے قیمتی عطیۂ خون سے سیکڑوں انسانوں کی جان بچائی جاسکتی ہے، جس پر ہم اللہ کا شکر ادار کرتے ہیں۔ ‘‘