گجرات میں وزیراعظم کے ہاتھوں ’ای-وٹارا‘ کے افتتاح کے موقع پر کمپنی کا اعلان ، مودی نے اسے تاریخی لمحہ قراردیا، کہا کہ ’’ہندوستان میں بنی کاریں ۱۰۰؍ ملکوں میں بکیں گی‘‘
EPAPER
Updated: August 27, 2025, 11:31 AM IST | Agency | Ahmedabad
گجرات میں وزیراعظم کے ہاتھوں ’ای-وٹارا‘ کے افتتاح کے موقع پر کمپنی کا اعلان ، مودی نے اسے تاریخی لمحہ قراردیا، کہا کہ ’’ہندوستان میں بنی کاریں ۱۰۰؍ ملکوں میں بکیں گی‘‘
احمدآباد: وزیراعظم نریندر مودی نے گجرات میں ماروتی سوزوکی کی پہلی الیکٹرانک کار’’ای -ویٹارا‘‘ کو ہری جھنڈی دکھانے اور ٹی ڈی ایس لیتھیئم آئن بیٹری پلانٹ میں ہائبرڈ بیٹری الیکٹروڈ کی تیاری کا افتتاح کے موقع پر فخریہ انداز میں کہا کہ ’’اب پوری دنیا ہندوستان کی بنی ہوئی کاریں چلائے گی۔‘‘ انہوں نے نشاندہی کی کہ ماروتی سوزوکی کےہنسل میں واقع پلانٹ میں بننےوالی کاریں ہندوستان سے ۱۰۰؍ ممالک میں برآمد کی جائیں گی۔ اسی موقع پر ماروتی سوزوکی کے نمائندہ ڈائریکٹر اور صدر توشی ہیرو سوزوکی نے اعلان کیا کہ ان کی کمپنی آئندہ ۵؍ سے۶؍ برسوں میں ہندوستان میں ۷۰؍ ہزار کروڑ کی سرمایہ کاری کریگی۔
’’ میک اِن انڈیا ‘‘میں نیا باب
انہوں نے فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آمدورفت کے شعبے میں سوزوکی ۴؍ دہائیوں سے ہندوستان کی شراکت دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’دیر پار گرین موبیلیٹی (آلودگی نہ پھیلانے والی گاڑیوں) کے تعلق سے ہندوستان کے نقطہ نظر سے اتفاق کرتے ہیں اور ترقی یافتہ ہندوستان کے ہدف کے حصول میں حکومت کے ساتھ رہنے کیلئے پُرعزم ہیں۔‘‘افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ’’ آج ہندوستان کی میک اِن انڈیا مہم میں ایک نیا باب جُڑ رہا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’یہ دن’میک اِن انڈیا‘ اور’میکنگ فار دی ورلڈ‘ کے ہمارے ہدف کی سمت میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔‘‘ مودی نے خوشی کااظہار کرتے ہوئےکہاکہ ہندوستان میں تیار کردہ الیکٹرک گاڑیاں اب۱۰۰؍ممالک کو برآمد کی جائیں گی۔
ہند-جاپان دوستی میں بھی نئے پہلو کا اضافہ
وزیراعظم نے کہاکہ’’ یہ دن ہندوستان اور جاپان کی دوستی کو بھی ایک نیا پہلو دے رہا ہے۔ میں تمام اہل وطن، جاپان اور سوزوکی کمپنی کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔‘‘ واضح رہے کہ سوزوکی جاپان کی کمپنی ہے جو یہاں ہندوستان میں ماروتی کے ساتھ مل کر گاریاں بناتی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ’’ہمارے پاس آبادی کے لحاظ سے بالادستی حاصل ہے، ماہر مزدوروں کی بہت بڑی فوج ہے یہ تمام عوامل ہندوستان کو ہر بین الاقوامی شراکت دار کیلئے فائدہ مند شراکت دار بنا دیتے ہیں۔
مودی نے کہا کہ آج سوزوکی جاپان ہندوستان میں مینوفیکچرنگ کر رہی ہے اور یہاں تیار شدہ گاڑیاں واپس جاپان کو ایکسپورٹ کی جا رہی ہیں۔ یہ ہندوستان اور جاپان کے مضبوط تعلقات کا عکاس ہے اور دنیا میں ہندوستان پر بڑھتے اعتماد کی بھی علامت ہے۔ ماروتی سوزوکی جیسی کمپنیاں اب "میک ان انڈیا" کی برانڈ ایمبیسیڈر بن چکی ہیں۔
دنیا بھر میں ’میک اِن انڈیا‘
اس بات کی قدر کرتے ہوئے کہ گزشتہ ۴؍دہائیوں سے ماروتی ہندوستان سے کار برآمد کرنےوالی سب سے بڑی کمپنی ہے، وزیراعظم نے کہا کہ الیکٹرک گاڑیوں کو برآمد کا یہ آغاز بھی اُسی سطح پر لے جانے کیلئے ہے۔ انہوں نے فخریہ انداز میں کہا کہ ’’ دنیا کے درجنوں ممالک میں چلنے والی الیکٹرانک گاڑیوں گاڑیوں پر میک اِن انڈیا لکھا ہوگا۔‘‘
بیٹری کے پلانٹ کا افتتاح
الیکٹرک گاڑیوں کے نظام میں بیٹری سب سے اہم جزو ہے۔ کچھ وقت پہلے تک بیٹریاں مکمل طور پر درآمد کی جاتی تھیں، لیکن۲۰۱۷ء میں ٹی ڈی ایس جی بیٹری پلانٹ کی بنیاد رکھی گئی۔ اب ۳؍جاپانی کمپنیاں مل کر ہندوستان میں پہلی بار بیٹری سیلس تیار کریں گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ کچھ سال پہلے تک الیکٹرانک گاڑیوں کو صرف متبادل کے طور پر دیکھا جاتا تھا، لیکن اب یہ کئی مسائل کا پائیدار حل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سنگاپور کے دورے میں انہوں نے پرانی گاڑیوں اور ایمبولینسز کو ہائبرڈالیکٹرک وہیکل میں بدلنے کی بات کہی تھی، جسے ماروتی سوزوکی نے چیلنج کے طور پر قبول کیا اور ہائبرڈ ایمبولینس کا ایک پروٹوٹائپ تیار کیا ہے۔
وزیراعظم کا سودیشی پر زور
اس موقع پر وزیراعظم نے عوام سے ہندوستان میں بنی چیزیں’سودیشی‘ کو اپنانے کی صلاح دی اور کہا کہ ’’یہ اہم نہیں ہے کہ سرمایہ کاری کون کرتا ہے،اہم یہ ہے کہ وہ چیزیں خریدیں جنہیں بنانے میں ہمارے لوگوں کی محنت اور پسینہ خرچ ہوا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس لحاظ سے ماروتی سوزوکی بھی سودیشی کمپنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سودیشی ہندوستان کے شہری کی زندگی کا بنیادی ’’منتر‘‘ہونا چاہئے، یعنی پیسہ کسی نےبھی لگایا ہو محنت ہندوستانی شہریوں کی ہو۔