سویگی نے بتایا ہے کہ اس کی ’’فوڈآن ٹرین ‘‘سروس کے ذریعے ٹرینوں میں کھانے کے آرڈرز میں اگست ۲۰۲۴ء سے اگست ۲۰۲۶ء کے دوران ۱۲؍ گنا اضافہ ہوا ہے۔ اس دوران سروس کا نیٹ ورک بھی۶۶؍ اسٹیشنوں سے بڑھ کر ۲۰۱؍ ریلوے اسٹیشنوں تک پہنچ گیا ہے۔
EPAPER
Updated: August 28, 2026, 6:01 PM IST | Mumbai
سویگی نے بتایا ہے کہ اس کی ’’فوڈآن ٹرین ‘‘سروس کے ذریعے ٹرینوں میں کھانے کے آرڈرز میں اگست ۲۰۲۴ء سے اگست ۲۰۲۶ء کے دوران ۱۲؍ گنا اضافہ ہوا ہے۔ اس دوران سروس کا نیٹ ورک بھی۶۶؍ اسٹیشنوں سے بڑھ کر ۲۰۱؍ ریلوے اسٹیشنوں تک پہنچ گیا ہے۔
سویگی نے بتایا ہے کہ اس کی ’’فوڈآن ٹرین ‘‘سروس کے ذریعے ٹرینوں میں کھانے کے آرڈرز میں اگست ۲۰۲۴ء سے اگست ۲۰۲۶ء کے دوران ۱۲؍ گنا اضافہ ہوا ہے۔ اس دوران سروس کا نیٹ ورک بھی۶۶؍ اسٹیشنوں سے بڑھ کر ۲۰۱؍ ریلوے اسٹیشنوں تک پہنچ گیا ہے۔ کمپنی کے مطابق فوڈ آن ٹرین سروس کو ٹیئر ۲ ؍ اور ٹیئر ۳؍ شہروں میں خاص طور پر پذیرائی مل رہی ہے۔ ان شہروں میں سروس کا استعمال میٹرو شہروں کے مقابلے میں تقریباً دُ گنا تیزی سے بڑھا ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ٹرین مسافر سفر کے دوران آن لائن کھانے کی سہولت کو تیزی سے اپنا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:میں اسکرپٹ پر کبھی مکمل طور پر قائم نہیں رہتی:گیتو موہنداس کا پرانا ویڈیو وائرل
مسافروں کے لیے آرڈر کرنا آسان بنانے کے لیے سویگی نے’’سرچ بائی ٹرین‘‘ فیچر متعارف کرایا ہے۔ اب مسافر روایتی انداز میں ریستوران تلاش کرنے کے بجائے براہِ راست ٹرین کا نام یا ٹرین نمبر درج کرکے اپنی مخصوص ٹرین کے روٹ اور شیڈول کے مطابق دستیاب کھانے کے آپشنز دیکھ سکتے ہیں۔ کمپنی نے ’’اسٹور ویجیٹ ۹۹‘‘ بھی متعارف کرایا ہے۔ اس کے ذریعے مسافر ایپ میں بجٹ کے مطابق کھانے کے آپشنز آسانی سے تلاش کر سکیں گے۔ خاص طور پر طویل ٹرین سفر کے دوران کم قیمت میں کھانا خریدنے والے مسافروں کے لیے یہ سہولت مفید ثابت ہوسکتی ہے۔
سویگی کے مطابق ٹرین مسافر اب صرف فاسٹ فوڈ تک محدود نہیں رہے بلکہ مختلف شہروں کے مقامی اور روایتی کھانوں کو بھی پسند کر رہے ہیں۔ جے پور جنکشن پر پیاز کچوری سب سے زیادہ فروخت ہونے والی اشیا میں شامل ہے۔ بھوپال میں پوہا مقبول ناشتے میں شامل ہے۔ جنوبی اور وسطی ہندوستان کے اسٹیشنوں پر مختلف اقسام کی بریانی کی مانگ نمایاں ہے۔ لکھنؤ میں بریانی کے ساتھ ٹُنڈے کباب بھی مقبول ہیں۔ ناگپور میں ہلدی رام کی تھالیاں زیادہ آرڈر کی جانے والی اشیا میں شامل ہیں۔ گوا کے مڈگاؤں میں مقامی سی فوڈ تھالیاں بھی مسافروں کی پسند بن رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:پراگنانندھا نے تاریخ رقم کرتے ہوئے گلوبل چیس ٹور جیت لیا
سویگی کے اعداد و شمار کے مطابق ٹرینوں میں تھالی سب سے نمایاں کھانے کے انتخاب میں شامل ہے اور تمام ٹرین فوڈ آرڈرز میں اس کا حصہ ۶۵؍ فیصد سے زیادہ ہے۔ گزشتہ سال کے مقابلے میں لسی کے آرڈرز تقریباً ۶۰؍ فیصد ، چھاس کے آرڈرز ۴۰؍ فیصد اور مویوتو کے آرڈرز ۹۰؍ فیصدبڑھے ہیں۔ مٹھائیوں کے آرڈرز میں بھی تقریباً ۱۱۰؍ فیصد اضافہ ہوا، جس میں رس گلے نمایاں رہے۔
سویگی نے گزشتہ دو برسوں میں کئی نئے اسٹیشن اپنے نیٹ ورک میں شامل کیے ہیں، جن میں کولہاپور، وردھا، کاکیناڈا، بھرت پور، چتوڑ، تھنجاور، رائے گڑھ، جام نگر، اندور اور ٹانڈلا شامل ہیں۔ اس سے قبل جولائی ۲۰۲۶ء میں کمپنی نے بتایا تھا کہ فوڈ آن ٹرین سروس ۱۸۰؍ سے زیادہ شہروں تک پہنچ چکی تھی اور اپریل-جون ۲۰۲۶ء کے دوران آرڈرز میں سالانہ بنیاد پر ۳؍گنا اضافہ ہوا تھا۔ فوڈ آن ٹرین سروس کے پھیلاؤ سے مسافروں کو اب سفر کے دوران اسٹیشن پر اتر کر کھانا خریدنے یا محدود پینٹری آپشنز پر انحصار کرنے کی ضرورت کم ہوسکتی ہے۔ مسافر پہلے سے کھانا آرڈر کرکے اسے اپنے منتخب اسٹیشن پر سیٹ تک ڈیلیور کرا سکتے ہیں۔ سویگی نے ۲۰۲۵ءمیں بھی بتایا تھا کہ اس کی ٹرین فوڈ سروس میں سیٹ تک ڈیلیوری یا مکمل ریفنڈ کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔ مجموعی طور پر، سویگی کا فوڈ آن ٹرین بزنس یہ ظاہر کرتا ہے کہ ہندوستان میں ٹرین سفر کے دوران آن لائن فوڈ ڈیلیوری کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ خاص طور پر چھوٹے شہروں، علاقائی کھانوں اور بجٹ فرینڈلی آپشنز کی بڑھتی مانگ اس شعبے کے لیے ایک اہم موقع بن رہی ہے۔