Inquilab Logo Happiest Places to Work

معروف شخصیت اور میرا روڈ بسانے میں نمایاں رول ادا کرنے والے سیّد نذر حسین کا انتقال

Updated: June 28, 2024, 11:12 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

آج جمعہ کی دوسری جماعت کے بعد مسجد الشمس میں نماز جنازہ اداکی جائے گی اور تدفین مقامی قبرستان میں عمل میں آئے گی۔

Syed Nazar Hussain. Photo: INN
سیّد نذرحسین۔ تصویر : آئی این این

معروف شخصیت اور میرا روڈ بسانے میں نمایاں رول ادا کرنے والے حاجی سیّد نذر حسین کا انتقال ہوگیا۔ انہوں نے ووکاڈ اسپتال میں جس وقت داعی ٔ اجل کولبیک کہا ان کی عمر تقریباً ۹۰؍ سال تھی۔ وہ کافی عرصے سے علیل تھے۔ علاج معالجہ جاری رہا اور طبیعت میں اتار چڑھاؤ کی کیفیت رہا کرتی تھی، بالآخر وہ جمعرات کی شام کو دارِ فانی سے دارِ بقا کوچ کرگئے۔ ان کے پسماندگان میں بیوہ، ۲؍ بیٹے اورتین بیٹیاں شامل ہیں۔ آج بعد نماز جمعہ میراروڈ کی وسیع وعریض اور انتہائی خوبصورت مسجد الشمس ( جس ٹرسٹ کے وہ صدر رہے ) میں جمعہ کی دوسری جماعت ڈھائی بجے کے بعد نماز جنازہ اداکی جائے گی اور تدفین مقامی قبرستان میں عمل میں آئے گی۔
 سیّد نذرحسین کے انتقال کی خبر عام ہوتے ہی ان کے متعلقین، اعزہ، سیاسی وسماجی شخصیات اور ان کے چاہنے والے بڑی تعداد میں تعزیت کے لئے ان کی رہائش گاہ پہنچنے لگے ۔تعزیت کرنے والوں کا تانتا بندھارہا۔ 
 نذرحسین کا تعلق مہاراشٹر کے ضلع امراؤتی سے تھا۔ وہ تقریباً ۶۵؍بر س قبل میرا روڈ آئے اور اس شہر کو بسانے کا عمل شروع کیا۔ وہ انتہائی فعال، خلیق، دور اندیش، ملنسار، اصولوں کے پابند اورسیکولر شخصیت کے مالک تھے۔ غرباء ومساکین کا تعاون اور ان کی خبر گیری نذرحسین کا نمایاں وصف تھا۔ انہوں نے یہاں معروف این ایچ انگلش ہائی اسکول قائم کیا جو تعلیم کے لحاظ سے اپنی منفرد شناخت رکھتا ہے، اسپتال بنائے اور مسجد تعمیر کی جہاں ہزاروں بندگان ِ خدا پنجوقتہ نمازوں میں حاضری دے کراپنے رب کی کبریائی بیان کرتے ہیں۔ ان کے صاحبزادے مظفرحسین کانگریس کے فعال اورمعروف لیڈر ہیں۔ وہ ایم ایل سی رہے اور انہوں نے اپنے والد کے نقش ِ قدم پرچلتے ہوئے ان کے خدمت ِخلق اور میراروڈ کی تعمیر وترقی کے پروجیکٹ کو آگے بڑھانے میں نمایاں رول ادا کیا۔ 
 اطلاع کے مطابق آخری دیدار کیلئے جنازہ ۱۰؍ سے ۱۲؍بجے نورِ نذر منزل میں اس کے بعد ۱۲؍تا ڈیڑھ بجے جامع مسجد الشمس میں رکھا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK