Inquilab Logo

شام: حزب اللہ کو بہانہ بناکر اسرائیل کا حلب کے قریب ڈرون حملہ، ۳۳؍ شہری ہلاک

Updated: March 29, 2024, 8:01 PM IST | Damascus

شام میں حلب کے قریب دیہی علاقوں میں حزب اللہ کو نشانے کا جواز بناکر اسرائیلی ڈرون حملہ میں ۳۳؍ شہریوں اور فوجیوں کی ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ غزہ جنگ کے بعد اسرائیل نے دہشت گردی کے نام پر شام کے قریب حملوں میں اضافہ کردیا ہے۔

The scene of the Israeli attack on Syria. Photo: X
سیریا پر اسرائیلی حملے کا منظر۔تصویر: ایکس

متعدد میڈیا رپورٹس اور حکام کے مطابق شام میں حلب کے قریب دیہی علاقوں پر اسرائیل کے فضائی حملوں میں کم از کم ۳۳؍ شہری اور حکومتی فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔ دو سیکوریٹی ذرائع نے بتایا کہ جمعہ کی صبح حلب پر ہونے والے حملوں میں ۳۳؍ شہری اور فوجی اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔ برطانیہ کی سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس وار مانیٹر نے کہا کہ حملے میں کم از کم ۳۶؍شامی فوجی ہلاک ہوئے اور لبنانی گروپ حزب اللہ سے تعلق رکھنے والے راکٹ ڈپو کے قریب کے علاقے کو نشانہ بنایا گیا۔ 
شامی حکومت کی خبر رساں ایجنسی سانا نے کہا کہ تقریباً ایک بجکر ۴۵؍منٹ پر اسرائیل نے حلب کے جنوب مشرق میں عطریہ کی سمت سے ایک فضائی حملہ کیا، اور مزید کہا کہ اس حملے میں شہری اور فوجی اہلکار ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔ حکومتی میڈیا نے ایک نامعلوم فوجی اہلکار کے حوالے سے بتایا کہ اسرائیلی ڈرون حملوں نے حلب اور اس کے نواحی علاقوں میں شہریوں کو نشانہ بنایا۔ اس نے ہلاکتوں کی صحیح تعداد نہیں بتائی۔ یروشلم سے اے ایف پی کے ذریعے رابطہ کرنے پر اسرائیلی فوج نے کہا کہ وہ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس پر تبصرہ نہیں کرتے۔ 

مقامی ذرائع نے اے پی نیوز ایجنسی کو بتایا کہ اسرائیلی حملوں نے حلب کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب جبرین کے جنوبی مضافاتی علاقے میں لبنان کے حزب اللہ گروپ کے میزائل ڈپو کو نشانہ بنایا۔ اس نے مزید کہا کہ حملوں میں حکومت کے درجنوں فوجی ہلاک یا زخمی ہوئے۔ مقامی ذرائع نے بتایا کہ حملوں کے دو گھنٹے بعد بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ ان حملوں کے بارے میں اسرائیلی حکام کی جانب سے فوری طور پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔ اسرائیل اکثر شام میں ایران سے منسلک اہداف پر حملے کرتا ہے لیکن شاذ و نادر ہی اسے تسلیم کرتا ہے۔ 
جمعرات کو شامی حکومت کے میڈیا نے دارالحکومت دمشق کے قریب فضائی حملوں کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ اس میں دو شہری زخمی ہوئے۔ حلب، شام کا سب سے بڑا شہر اور کبھی اس کا تجارتی مرکز تھا، ماضی میں ایسے حملوں کی زد میں آ چکا ہے جس کی وجہ سے اس کا بین الاقوامی ہوائی اڈہ بند کر دیا گیا تھا۔ جمعہ کے حملہ کا ایئرپورٹ پر کوئی اثر نہیں ہوا۔ غزہ میں جنگ اور لبنان۔ اسرائیل کی دھماکہ خیز سرحد پر حزب اللہ اور اسرائیلی قابض فوجیوں کے درمیان جاری جھڑپوں کے پس منظر میں پچھلے پانچ مہینوں کے دوران حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK