نئی حکومت کی حلف برداری کی تقریب آج متوقع،کانگریس نے بھی حمایت کا اعلان کیا، ڈی ایم کے سے دوستی ختم۔
درمیان میں گورنر راجیندر وشوناتھ آرلیکر ، وجئے اور ساتھ میں ٹی وی کے کے لیڈران دیکھے جاسکتے ہیں-تصویر:پی ٹی آئی
تمل ناڈو کی سیاست میں تیزی سے بدلتی صورتحال کے درمیان، تملگا ویٹری کزگم (ٹی وی کے) کے بانی اور نو منتخب لیجسلیچر پارٹی لیڈر سی جوزف وجے نے بدھ کے روز تمل ناڈو کے گورنر راجیندر وشو ناتھ آرلیکر سے ملاقات کرکے ریاست میں حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کیا۔ توقع کی جا رہی ہے کہ نئی حکومت کی حلف برداری کی تقریب کل صبح منعقد ہوگی۔ نئے منتخب ٹی وی کے اراکین اسمبلی کی میٹنگ میں متفقہ طور پر لیجسلیچر پارٹی لیڈر منتخب ہونے کے ایک دن بعد اداکار سے سیاستداں بننے والے وجے گورنر سے ملاقات کیلئے لوک بھون پہنچے۔ اس دوران ان کے پاس پارٹی اراکین اسمبلی کی جانب سے منظور کردہ قرارداد کے علاوہ کانگریس کی حمایت کا خط بھی موجود تھا۔ واضح رہے کہ کانگریس نے اسی روز ڈی ایم کے سے اپنا طویل سیاسی اتحاد ختم کرکے ٹی وی کے کی حمایت کا اعلان کیا تھا اور اپنے پانچ اراکین اسمبلی کی حمایت کے خطوط بھی وجے کے حوالے کیے تھے۔ گورنر نے وجے کا خیر مقدم کیااور یادگاری تحفہ بھی دیا۔
اس موقع پر وجے کے ساتھ سینئر لیڈر کے اے سینگوٹائین، ٹی وی کے سیکریٹری بسی این آنند، انتخابی مہم کے جنرل سیکریٹری آدھو ارجنا اور دیگرلیڈر بھی موجود تھے۔وجے نے گورنر کو لیجسلیچر پارٹی لیڈر منتخب کیے جانے کی قرارداد اور کانگریس کی حمایت سے متعلق خطوط پیش کرتے ہوئے حکومت بنانے کا باضابطہ دعویٰ کیا۔ ۲۳۴؍رکنی تمل ناڈو اسمبلی میں اکثریت کے لیے ۱۱۸؍اراکین کی حمایت درکار ہے۔ وجے کی پارٹی نے انتخابات میں ۱۰۸؍نشستیں حاصل کیں لیکن چونکہ وجے خود دو نشستوں چنئی کے پیرمبور اور تروچی ایسٹ سے کامیاب ہوئے ہیں اسلئے تکنیکی طور پر پارٹی کے پاس ۱۰۷؍اراکین رہ جاتے ہیں۔ اس طرح حکومت بنانے کے لیے انہیں مزید ۱۱؍اراکین اسمبلی کی ضرورت تھی۔ اسی صورتحال میں کانگریس جو ۲۰۱۷ءسے مسلسل ڈی ایم کے اتحاد کا حصہ رہی تھی، نے اچانک اتحاد توڑ کر ٹی وی کے کی حمایت کا اعلان کردیا، جسے ریاستی سیاست میں ایک بڑا اور غیر متوقع موڑ قرار دیا جا رہا ہے۔ ایکس پر ایک پوسٹ میں کانگریس کے جنرل سیکریٹری کے سی وینوگوپال نے کہا کہ وجے نے حکومت بنانے کیلئے پارٹی کی حمایت مانگنے کے لیے رسمی طور پر پارٹی سے رابطہ کیا ہے۔ وینوگوپال نے کہا کہ ’ٹی وی کے صدر تھیرو وجے نے تمل ناڈو میں حکومت بنانے کے لئے کانگریس سے حمایت کی درخواست کی ہے۔ انہوں نے اپنے سیاسی مشن میں پیرومتھلائیور کے کامراج سے ترغیب لینے کی بات بھی کہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کانگریس تمل ناڈو میں کےانتخابی نتائج کو آئینی اقدار کو برقرار رکھنے کیلئے پرعزم سیکولر حکومت کے مینڈیٹ کے طور پر دیکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’تمل ناڈو میں کانگریس کو واضح طور پر یہ مینڈیٹ ملا ہے کہ ایک سیکولر حکومت منتخب کی جائے جو آئین کی لفظی اور معنوی طور پر حفاظت کرنے کیلئے پرعزم ہو۔