ولنگٹن ویو کے ۶۲؍ خاندانوں کو او سی حاصل کرنے کیلئے ۳۵؍ کروڑ روپے ادا کرنے ہوں گے
EPAPER
Updated: September 08, 2025, 9:01 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai
ولنگٹن ویو کے ۶۲؍ خاندانوں کو او سی حاصل کرنے کیلئے ۳۵؍ کروڑ روپے ادا کرنے ہوں گے
یہاں واقع ولنگٹن ویو کی ۱۸؍ تا ۳۴؍ منزلوں پر رہنےوالے ۶۲؍ خاندانوں کی مشکلیں ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہیں۔ بامبے ہائی کورٹ کے حکم کے بعد بے گھر ہونے اور رشتہ داروں اور دوستوںکے گھروں میں قیام کرنے پر مجبور متاثرین کی مشکلات میں اس وقت مزید اضافہ ہوگیا جب بی ایم سی نے دوبارہ گھروں میں لوٹنے کی اجازت کیلئے آکیوپیشن سرٹیفکیٹ( او سی) فراہم کرنے کیلئے ۳۵؍ کروڑ بطور روپے جرمانہ ادا کرنے کا فرمان جاری کیا ہے۔
۲۰۰۸ء میں تعمیر کی جانے والی اس عمارت کے ۱۸؍ سے ۳۴؍ منزلوں پر رہنے والے خاندانوں کو اس وقت مشکلوں کا سامنا کرنا پڑا تھا جب فائر سیفٹی اور اوسی سرٹیفکیٹ حاصل نہ کرنےپر بامبے ہائیکورٹ میں عرضداشت داخل کی گئی تھی اور عدالت نے مکینو ںکو غیر قانونی قبضہ کرنے اور قواعد کی خلاف ورزی کرنے پر فلیٹ خالی کرنے کا حکم دیا تھا۔
جاری کردہ نوٹس کے مطابق مکینوں کو ۳۱؍ کروڑ روپے اس لئے ادا کرنے ہوں گے تاکہ وہ او سی لے کر فلیٹوں میں مستقل رہائش حاصل کر سکیں ۔ اس کے علاوہ ۴؍ کروڑ روپے پارکنگ کے وصول کئے جائیں گے ۔بی ایم سی کی فراہم کردہ اطلاع کے مطابق مذکورہ عمارت میں مکین جن فلیٹوں میں مقیم تھے ،اس کے ۲۵؍ ہزار مربع فٹ میٹر تعمیر شدہ رقبہ کو مستقل کرنے کی ضرورت ہے۔موصولہ اطلاع کے مطابق مکینوں نے پارکنگ کی ضرورت سے انکار کیا ہے اور ۴؍ کروڑ روپے کم کرنے کی درخواست کی ہے ۔ اس پر ایک میونسپل افسر نے اپنا نام نہ ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ مکمل رقم کی ادائیگی کے بغیر مکینوں کو نہ تو او سی ملے گا اور نہ ہی دوبارہ فلیٹ میں داخل ہونے دیا جائے گا ۔ تاہم مکین اس سلسلہ میں آپس میں اور قانونی ماہرین سے صلاح و مشورہ کررہے ہیں ۔