Inquilab Logo

مہاراشٹر میں کورونا کی ٹیکہ کاری اور اُن کی تقسیم کاری کیلئے ٹاسک فورس تیار

Updated: November 25, 2020, 6:12 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

وزیراعلیٰ اُدھو ٹھاکرے نے وزیراعظم کو ریاست کی حکمت عملی سے آگاہ کیا، بتایا کہ ٹیکہ تیار کررہے پونے کی سیرم انسٹی ٹیوٹ سے بھی حکومت مسلسل رابطے میں ہے

Uddhav Thackray - Pic : INN
ادھو ٹھاکرے ۔ تصویر : آئی این این

منگل کو مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے  وزیر اعظم نریندر مودی  کے ساتھ میٹنگ میں بتایا کہ   کورونا  کے ٹیکوں کی تقسیم کاری اور ٹیکہ کاری  کے انتظامات کیلئے حکومت  نے ٹاسک فورس قائم کردی ہے۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ مہاراشٹر سرکار ہندوستان میں آکسفورڈ یونیورسٹی کا ایجاد کردہ ٹیکہ تیار کرنے والی کمپنی سیرم انسٹی ٹیوٹ  کے سربراہ ادار پونا والا کے ساتھ  بھی مسلسل رابطے میں  ہے۔ 
  وزیر اعلیٰ نے کہاکہ ’’ کورونا  کے ٹیکوں کی تیاری   کے تعلق سے ہم سیرم انسٹی ٹیوٹ سے مسلسل رابطہ میں ہیں۔‘‘انہوں نے کہا کہ ’’ متعدد سوالات ہیں جن کی وضاحت درکار ہے مثلاً ویکسن کی دستیابی، اس کی تعداد، ا س کے سائڈ افیکٹ ، ویکسن پر ہونے والا خرچ وغیرہ ۔‘‘ اُدھو ٹھاکرے نےبتایا کہ’’ اس طرح کے سوالات اور وضاحت کیلئے ریاست نے ماہرین کی ایک ٹاسک فورس تشکیل دی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے  شکایت کی کہ کورونا کی دوسری لہرآنے کے خطرے کے باوجود چند سیاسی لیڈر سڑکوں پر اتر کر احتجاج کر رہے ہیں  اور احتیاط نہیں برت رہے ہیں۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ  اس طرح کے احتجاجوں سے کوروناتیزی سے پھیل سکتا ہے۔  وزیر اعلیٰ نے کہاکہ ’’مہاراشٹر میں پہلے روزانہ کورونا کے ۲۴؍ہزار مریض مل رہے تھے مگر  اب ان کی تعداد کم ہو کر ۴؍ ہزار ۷۰۰ ؍تا ۵؍ ہزار  ہو گئی ہے۔‘‘  مہاراشٹر کی حکمت عملی سے آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ’’حکومت کی جانب سے عوام سے  احتیاط برتنے ،ماسک لگانے ، سماجی دوری برقرار رکھنے اور صابن سے بار بار ہاتھ دھونے کی اپیل کی جارہی ہے۔ ‘‘
 وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ گھر گھر جاکر کورونا کے مریضوں کی تلاش میں شروع کی گئی ’ میرا خاندان، میری ذمہ دار‘ مہم بھی کامیاب رہی ہے۔ اب تک ۱۱؍ کروڑ ۹۲؍ لاکھ شہریوں کی صحت کی تفصیل حاصل کر لی گئی ہے۔اس مہم میں  کورونا کے ۵۱؍مریض ملے ہیں۔انہوں  نے کہا کہ کورونا سے صحت یاب ہونے والوں  کو سنگین بیماری بھی ہوئی ہے اس پر بھی سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔اُدھو ٹھاکرے  نے اس بات پر اطمینان کااظہار کیا کہ ’’مہاراشٹرمیںکورونا کے مریضوں کی تعداد میں کمی آئی ہے اور ۸؍ زیادہ متاثرہ ریاستوں میں مہاراشٹر سب سے کم متاثر ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK