ٹاٹا اسٹیل نے جمشید پور فٹبال اینڈ اسپورٹنگ پرائیویٹ لمیٹڈ (جے ایف ایس پی ایل) میں اپنی ایکویٹی حصہ داری چرچل برادرس فٹبال کلب کو ۱۰۰؍ روپے کی برائے نام رقم کے عوض منتقل کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔
EPAPER
Updated: August 14, 2026, 9:04 PM IST | Jamshedpur
ٹاٹا اسٹیل نے جمشید پور فٹبال اینڈ اسپورٹنگ پرائیویٹ لمیٹڈ (جے ایف ایس پی ایل) میں اپنی ایکویٹی حصہ داری چرچل برادرس فٹبال کلب کو ۱۰۰؍ روپے کی برائے نام رقم کے عوض منتقل کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔
ٹاٹا اسٹیل نے جمشید پور فٹبال اینڈ اسپورٹنگ پرائیویٹ لمیٹڈ (جے ایف ایس پی ایل) میں اپنی ایکویٹی حصہ داری چرچل برادرس فٹبال کلب کو ۱۰۰؍ روپے کی برائے نام رقم کے عوض منتقل کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔
فریقین کے درمیان جمعہ کو اس سلسلے میں معاہدہ ہوا۔ فروخت کا عمل ۳۱؍ اگست ۲۰۲۶ء تک مکمل ہونے کی امید ہے۔ ٹاٹا اسٹیل کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ۳۰؍ جولائی ۲۰۲۶ء کو ہوئی میٹنگ میں اس سودے کی منظوری دی تھی۔ جے ایف ایس پی ایل کی نیٹ ورتھ ۳۱؍ مارچ۲۰۲۶ء کو ۸ء۵؍کروڑ روپے منفی تھی۔ مالی سال ۲۶۔۲۰۲۵ء میں اس کا کل کاروبار۲۳ء۳۲؍ کروڑ روپے کا تھا۔
یہ بھی پڑھئے:ہندوستان کی ہاکی ٹیم کی توجہ۵۱؍سال بعد ورلڈ کپ کی نئی تاریخ رقم کرنے پر مرکوز
ٹاٹا اسٹیل نے جمعہ کو بتایا کہ یہ منتقلی آل انڈیا فٹبال فیڈریشن کے قواعد و ضوابط کے مطابق کی گئی ہے۔ اس میں کلب کے انڈین سپر لیگ (آئی ایس ایل) کے اسپورٹنگ لائسنس کے ساتھ ساتھ ۱۲؍ کھلاڑیوں اور دو کوچوں کی منتقلی بھی شامل ہے۔ چرچل برادرس ستمبر ۲۰۲۶ءسے جمشید پور فٹبال کلب (جے ایف سی) کے تمام کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کے معاہدے اپنے تحت لے لے گا۔ اس سے انہیں آئی ایس ایل میں اپنا پیشہ ورانہ فٹبال کیریر جاری رکھنے کا موقع ملے گا۔
چرچل برادرس گوا کا جانا پہچانا فٹبال کلب ہے۔ اس نے دو آئی لیگ کے خطاب جیتے ہیں اور ہندوستانی گھریلو فٹبال میں اس کا مضبوط ریکارڈ رہا ہے۔ ٹاٹا اسٹیل میں کارپوریٹ سروسیزکے نائب صدر ڈی بی سندر رامم نے اس سودے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چرچل ہندوستانی فٹبال کی تاریخ رکھنے والا ایک حقیقی اور معتبر کلب ہے۔ ہمیں خوشی ہے کہ یہ معاہدہ ہمارے کھلاڑیوں اور کوچوں کو کلب فٹبال کھیلنا جاری رکھنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے اس تبدیلی کو آسان بنانے کے لیے فٹبال فیڈریشن اور چرچل برادرس کا شکریہ ادا کیا ہے۔
رامم نے کہا کہ ٹاٹا اسٹیل بنیادی سطح اور یوتھ لیول پر فٹبال پر اپنی توجہ جاری رکھے گی۔ نوجوان صلاحیتوں، خاص طور پر مقامی اور قبائلی برادریوں کے نوجوانوں کی شناخت کرنے اور انہیں تراشنے کی کمپنی کی ایک طویل روایت رہی ہے۔ کمپنی فٹبال فیڈریشن کے تعاون سے اپنے یوتھ سسٹم کو جدید بنائے گی اور اس کی صلاحیتوں میں سرمایہ کاری و توسیع کرے گی۔
یہ بھی پڑھئے:انڈین فلم فیسٹیول آف میلبورن ۲۰۲۶ء: رشبھ شیٹی، ذوالقرسلمان نے اعزاز جیتا
ٹاٹا فٹبال اکیڈمی کا قیام ۱۹۸۷ء میں جمشید پور میں ہوا تھا اس نے ۳۰۰؍ سے زائد کیڈٹس کو تربیت دی ہے، جن میں سے ۱۵۰؍ نے ہندوستانی قومی ٹیم کی نمائندگی کی ہے۔ ان میں مختلف عمر کے گروپوں کی قومی ٹیموں کے ۲۶؍ کپتان بھی شامل ہیں۔ فٹبال کے علاوہ ٹاٹا اسٹیل تیر اندازی، ہاکی، اسپورٹ کلائمبنگ اور روئنگ جیسے کھیلوں میں عالمی سطح کی اسپورٹس اکیڈمیاں بھی چلاتی ہے۔ کمپنی عالمی سطح کی میراتھن اور شطرنج کے مقابلوں کا بھی انعقاد کرتی ہے۔