• Mon, 15 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

تیجسوی کا تمام ۲۴۳؍ سیٹوں پرالیکشن لڑنے کا اشارہ

Updated: September 15, 2025, 11:18 AM IST | Agency | Patna

مظفر پور میں آر جے ڈی لیڈر نے کہا کہ’’ تیجسوی ۲۴۳؍سیٹوں پر الیکشن لڑےگا ‘‘، عوام سے اپنا چہرہ دیکھ کرووٹ دینے کی اپیل بھی کی۔

In Muzaffarpur, the RJD leader said that "Tejashvi will contest elections on 243 seats", and also appealed to the people to vote after seeing his face.
سمجھا جارہا ہےکہ تیجسوی یادو کانگریس سے کچھ روٹھے روٹھے سے ہیں۔ تصویر: آئی این این

بہار میںنہ تو این ڈی اے اورنہ ہی انڈیا اتحاد میںسیٹوں کی تقسیم پر کوئی اتفاق ہوا ہے لیکن اس دوران آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نےریاست کی تمام ۲۴۳؍ سیٹوںپر الیکشن لڑنے کا اشارہ دیا ہے۔اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو کے تازہ بیان نے بہار کی سیاست میں نئی ​​ہلچل مچا دی ہے۔ مظفر پور کے کانٹی  ہائی اسکول میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اپنےنام کے ساتھ یہ    یہ کہا ’’ `تیجسوی بہار کی ۲۴۳؍ سیٹوں پر الیکشن لڑے گا ۔‘‘اس بیان نے سیاسی حلقوں میں نئی قیاس آرائیوں کو جنم دیا ہے ۔تیجسوی یادو نے اپنی تقریر کا آغاز وزیر اعظم نریندر مودی کو نشانہ بناتے ہوئے کیا اور اس کے بعد انہوں نے اپنے والد لالو پرساد یادو کی سیاسی کامیابیوں کا ذکر کیا۔ خطاب کے آخر میں انہوں نے کارکنوں سے کہا’’ہم پھر آئیں گے، آپ سب کو سمجھنا چاہیے کہ تیجسوی بہار کی ہر سیٹ پر الیکشن لڑ رہا ہے ۔ انہوں نے خاص طور پر مظفر پور، گائےگھاٹ، بوچہاں اور کانٹی سیٹوں کا ذکر کیا۔آر جے ڈی بہار اسمبلی انتخابات اکیلے لڑے گی اور تمام ۲۴۳؍سیٹوں پراُمیدواراتارے گی۔یہ  اشارہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جبکہ مہا گٹھ بندھن یعنی  انڈیا اتحاد میں سیٹوں کے بٹوارے پرتعطل برقرارہے۔
 سیاسی تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ تیجسوی کا یہ بیان صرف کارکنوں کا حوصلہ بڑھانےکیلئے نہیں بلکہ یہ کانگریس پر دباؤ ڈالنے کی حکمت عملی بھی ہو سکتا ہے ۔ غور طلب ہے کہ اس وقت مظفر پور سیٹ پر کانگریس کے ایک ایم ایل اے ہیں۔ ایسے میں تیجسوی کا بیان انڈیا  اتحاد میں سیٹوں کی تقسیم کی سیاست کا اشارہ دیتا ہے۔  بتا دیں کہ اس سےپہلے جب راہل گاندھی سے مہاگٹھ بندھن کے وزیر اعلیٰ کے چہرے کے بارے میں سوال کیا گیا  تھا تو انہوں نے کوئی واضح جواب دینے سے گریز کیا۔ تیجسوی کے نئے بیان سے یہ معاملہ ایک بار پھر گرما گیا ہے۔تیجسوی نے اپنے  بیان سے اتحاد کو یہ صاف پیغام دینے کی کوشش کی ہے کہ وہ وزیراعلیٰ کے عہدے کیلئے اتحاد کے فطری اُمیدوار ہیں ۔ تیجسوی یادو نے نہ صرف اپنے دم پر الیکشن میں اترنے کی بات  کہی بلکہ لوگوں سے جذباتی اپیل بھی کی کہ ان کا چہرہ دیکھ کر ووٹ دیں۔ ظاہر ہے، یہ ایک بڑا سیاسی اشارہ ہے کہ آر جے ڈی بہار اسمبلی انتخابات میں  پوری طاقت کے ساتھ میدان میں اترنے کی تیاری کر رہی ہے۔
کیا تیجسوی ناراض ہیں؟
 خیال رہے کہ، ووٹر ادھیکار یاترا میں تیجسوی یادو نے راہل گاندھی کو وزیر اعظم کا چہرہ بتایا تھا لیکن اب تک تیجسوی یادو کو کانگریس نے  بہار میں انڈیا اتحاد  کے وزیر اعلیٰ کا چہرہ قرار نہیں دیا ہے۔ جبکہ اس دوران تیجسوی یادو نے آر جے ڈی کی’بہار ادھیکار یاترا‘  نکالنے کا اعلان کیا ہے جس سے یہ سوالات پیدا ہورہے ہیںکہ انہیںیہ یاترا نکالنے کی ضرورت کیوںپیش آگئی ہے ۔
کیا تیجسوی کے من کچھ اورچل  رہا ہے ؟
 قیاس آرائیاں ہورہی ہیںکہ کیا تیجسوی یادو کا کانگریس سے کوئی من مٹاؤ ہے جس کی وجہ سے تیجسوی اپنی راہیں الگ کرنے کا  اشارہ دے رہےہیں؟’ووٹر رائٹس یاترا‘ کے بعد تیجسوی یادو اب ’بہار حقوق یاترا‘ پر نکل رہے ہیں جس میں وہ ۱۰؍ اضلاع کا دورہ کریں گے۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ اس یاترا میں انڈیا الائنس کی کوئی بھی پارٹی شرکت نہیں کرے گی۔ خاص بات یہ ہے کہ آر جے ڈی بغیر کسی اتحادی کے اتنے بڑے پیمانے پر یاترا نکال رہی ہے۔ یہ اس بات کا بھی اشارہ ہو سکتا ہے کہ آر جے ڈی نے اب اتحاد کے بجائے تنہا الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔
آج وزیر اعظم مودی کا دورہ بہار ، تیجسوی کا طنز
 وزیر اعظم مودی کے ۱۵؍ ستمبر یعنی آج بہار دورہ سے قبل بہار کے سابق وزیر اعلیٰ  اور اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے طنز کیا ہے۔ اتوار کو نامہ نگاروں سےگفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا  ’’وزیر اعظم پھر جملوں کی بارش کرنے آ رہے ہیں۔وزیر اعظم کبھی مسائل پر بات نہیں کرتے، انتخاب کا وقت ہے صرف دراندازوں کی بات کرتے ہیں۔‘‘آر جے ڈی لیڈر کے بقول ’’وزیر اعظم جملے کی بارش کرنے آ رہے ہیں۔ کوئی ترقیاتی کام نہیں ہو رہا ہے۔ وزیر اعظم کسی حقیقی مسئلہ پر نہیں بولیں گے۔ وہ صرف دراندازوں کے بارے میں باتیں کریں گے۔ وہ بہار کی ترقی یا غریبوں کی زندگی کو بہتر بنانے کے بارے میں بات نہیں کریں گے۔ وزیر اعظم پورنیا آ رہے ہیں، ہو سکتا ہے وہ وہاں میڈیکل کالج بھی جائیں، ساتھ میں میرے چاچا (نتیش کمار) کو بھی لے جائیں، وہ دیکھیں گے کہ حقیقت کیا ہے۔‘‘واضح ہو کہ۱۳؍ ستمبر کی رات اچانک تیجسوی یادو پورنیا کے گورنمنٹ میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل پورنیہ پہنچے تھے۔ اس دوران انہوں نے وہاں زیر علاج مریضوں سے بات چیت کی اور پورے اسپتال کا معائنہ کیا تھا اور اسپتال میں انتظامات پر ناراضگی کا اظہار کیاتھا ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK