Updated: September 15, 2025, 1:10 PM IST
|
Agency
| Chandigarh
گیندبازوں کی شاندار کارکردگی کے بعد فیبی لِچ فیلڈ (۸۸)، بیتھ مونی (ناٹ آؤٹ ۷۷) اوراینابیل سدرلینڈ (ناٹ آؤٹ ۵۴) کی شاندار نصف سنچری اننگز کی بدولت آسٹریلیا کی خواتین ٹیم نے اتوار کو پہلا ون ڈے میچ ۳۵؍گیندیں باقی رہتے ہی ہندوستان کی خاتون کرکٹ ٹیم کو ۸؍ وکٹوں سے شکست دے دی۔
ہندوستانی بلے بازپرتیکا راول نے آؤٹ ہونے سے قبل ۶۴؍رن بنائے۔ تصویر: پی ٹی آئی
گیندبازوں کی شاندار کارکردگی کے بعد فیبی لِچ فیلڈ (۸۸)، بیتھ مونی (ناٹ آؤٹ ۷۷) اوراینابیل سدرلینڈ (ناٹ آؤٹ ۵۴) کی شاندار نصف سنچری اننگز کی بدولت آسٹریلیا کی خواتین ٹیم نے اتوار کو پہلا ون ڈے میچ ۳۵؍گیندیں باقی رہتے ہی ہندوستان کی خاتون کرکٹ ٹیم کو ۸؍ وکٹوں سے شکست دے دی۔ اس جیت کے ساتھ آسٹریلیا نے ۳؍ میچوں کی سیریز میں ایک صفرکی برتری حاصل کرلی۔
۲۸۲؍ رنوں کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری آسٹریلیا کی ٹیم کیلئے کپتان الیسا ہیلی اور فیبی لِچ فیلڈ کی اوپننگ جوڑی نے ۴۵؍رن جوڑے۔ ساتویں اوور میں کرانتی گوڑ نے الیسا ہیلی (۲۷) کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ ایلس پیری ۳۰؍رنوں پر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئیں۔ آسٹریلیا کا دوسرا وکٹ فیبی لِچ فیلڈ کے طور پر گرا۔ فیبی نے ۸۰؍ گیندوں پر ۱۴؍ چوکے لگاتے ہوئے ۸۸؍ رن بنائے۔ اس کے بعد بیتھ مونی اور اینابیل نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو ۴۴ء۱؍ اوور میں ۲؍ وکٹ پر ۲۸۲؍ رن بنا کر ۸؍ وکٹ سے فتح دلائی۔ دونوں کے درمیان ناٹ آؤٹ ۱۱۶؍ رنوں کی شراکت ہوئی۔ بیتھ مونی نے ۷۴؍گیندوں پر ناٹ آؤٹ ۷۷؍رن جبکہ اینابیل نے ۵۱؍ گیندوں پر ناٹ آؤٹ ۵۴؍رن بنائے۔ہندوستان کی جانب سے کرانتی اور اسنیہا رانا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کیلئے اتری ہندوستانی خواتین ٹیم کو پرتیکا راول اور اسمرتی مندھانا نے شاندار آغاز دیا۔ دونوں نے پہلے وکٹ کیلئے ۱۱۴؍رنوں کی شراکت کی۔ ۲۲؍ویں اوور میں فیبی لِچ فیلڈ نے اسمرتی مندھانا کو رن آؤٹ کر کے آسٹریلیا کو پہلی کامیابی دلائی۔ مندھانا نے ۶۳؍گیندوں پر ۶؍ چوکے اور ۲؍ چھکے لگا کر ۵۸؍رن بنائے۔ ۳۱؍ویں اوور میں الانا کنگ نے پرتیکا راول کو آؤٹ کیا۔ راول نے ۹۶؍گیندوں پر ۶؍چوکوں کی مدد سے ۶۴؍رن بنائے۔ اپنا ۱۵۰؍واں ون ڈے کھیل رہی کپتان ہرمن پریت کور کو ۳۴؍ویں اوور میں اینابیل سدرلینڈ نے ایل بی ڈبلیو کیا۔ انہوں نے صرف ۹؍گیندوں میں ایک چھکے کی مدد سے ۱۱؍ رن بنائے۔ہندوستان کا چوتھا وکٹ ہرلین دیول کا رہا، جنہیں میگن شٹ کی گیند پر ہیلی نے اسٹمپ آؤٹ کیا۔ ہرلین نے ۵۷؍گیندوں پر ۴؍ چوکے اور ۲؍ چھکے لگا کر ۵۴؍رن بنائے۔