Inquilab Logo

’’وزیراعظم مودی پھرہوا میں باتیں کرکے چلے گئے‘‘

Updated: April 05, 2024, 12:13 PM IST | Inquilab News Network | New Delhi

انتخابی تشہیرکیلئےمودی کے جموئی پہنچنے پر راشٹریہ جنتادل نےپانچ سوالات پوچھے تھے،کسی کاجواب نہیں ملنے پر سخت تنقید۔

Tejashwi Yadav has taken iron on his tail from BJP and JDU. Photo: INN
تیجسوی یادو نے اپنے دم پر بی جے پی اور جے ڈی یو سے لوہا لیا ہے۔ تصویر : آئی این این

وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو بہار کےجموئی پارلیمانی حلقہ سے لوک سبھا کی انتخابی مہم کا آغاز کیا۔ جموئی پہنچنے پر آر جے ڈی نے ان سے پانچ سوالات پوچھے۔ اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے جموئی کےتعلق سےوزیراعظم مودی سے کئی بڑے سوالات پوچھے ہیں۔ سابق نائب وزیر اعلیٰ نے وزیراعظم سےپوچھا کہ جموئی میں پچھلے ۱۰؍سال سے این ڈی اے کے ممبر پارلیمنٹ ہیں لیکن پی ایم مودی کو جواب دینا چاہئے کہ ۱۰؍سال میں روزگار، سرکاری نوکریاں اور سرمایہ کاری وغیرہ میں کتنا کام ہوا ہے۔ نوجوانوں کو ۱۰؍ سال میں کتنی نوکریاں دی گئیں ؟ ۱۰؍ سال میں جموئی کوکون سا بڑا پروجیکٹ دیاگیا؟
 تیجسوی نے سوشل میڈیا پر وزیر اعظم مودی کے ایک ٹویٹ کو ری ٹویٹ کیا اور انہیں سوالات کے گھیرے میں لے لیا۔ دراصل اپنے بہار دورے کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے وزیراعظم مودی نے لکھاکہ اس بار بھی لوک سبھا انتخابات میں بہار کا کردار بہت اہم ہونے والا ہے۔ انہوں نےیہاں ریاست کی تمام سیٹوں پر بی جے پی-این ڈی اے کے امیدواروں کو جیتنے کا بھروسہ بھی دلایا۔ جمعرات کو دوپہر جموئی میں جلسہ میں عوام سے خطاب بھی کیا۔ خاص بات یہ ہےکہ تیجسوی یادو کے پوچھے گئے کسی بھی سوال کا وزیر اعظم نے جواب نہیں دیا۔ 

یہ بھی پڑھئے: اتر پردیش کی مدرسہ تنظیموں کی عرضی پر سپریم کورٹ میں آج سماعت متوقع

 تیجسوی یا دو نے کہا کہ ہمیں امید تھی کہ وزیر اعظم اپنی تقریر کے دوران ہمارے پوچھے گئے ۵؍ سوالوں میں سے کسی ایک کا بھی جواب ضرور دیں گے لیکن ہمیں پتہ چلا کہ انہوں نے ہر بار کی طرح اس بار بھی عوام اورخاص طورسے نوجوانوں کی کوئی بات نہیں کی اور ہوا ہوائی بات کر کے چلے گئے۔ آنےوالے انتخاب میں ملک کے ساتھ بہار کے نوجوان ا س کا جواب ضرور دیں گے۔ 
 وزیر اعظم کی جانب سے لالو خاندان پر تنقیدیں کرنے پر تیجسوی نے کہا کہ لالو خاندان نے بہار کی ترقی کے لئے جتنی قربانیاں دی ہیں ان کے بارے میں بی جے پی والے سوچ بھی نہیں سکتی۔ انہوں نے وزیر اعظم مودی سے روزگار، سرکاری نوکریوں اور سرمایہ کاری کا سوال پوچھا اور کہا کہ جب بہار میں ڈبل انجن کی سرکار ہے تو اب تک بہار ’ بیمارو ‘ ریاست کیوں ہے ؟ یہاں کے نوجوانوں کو نوکری کیوں نہیں ملی ہے ؟ اور انہیں یہاں سے ممبئی یا دہلی کیوں جانا پڑ رہا ہے؟

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK