ووٹر لسٹ کی خصوصی نظر ثانی مہم کےمعاملے پر اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادوکا زوردار احتجاج۔
EPAPER
Updated: July 23, 2025, 1:25 PM IST | Shahid Iqbal | Patna
ووٹر لسٹ کی خصوصی نظر ثانی مہم کےمعاملے پر اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادوکا زوردار احتجاج۔
بہار میں ووٹر لسٹ کی خصوصی جامع نظر ثانی مہم( ایس آئی آر) کو جمہوریت مخالف قرار دیتے ہوئے اپوزیشن لیڈروں نے منگل کو ایوان میں جاری بحث کے دوران زبردست ہنگامہ کیا۔ قانون سازیہ کے اجلاس کے دوسرے دن منگل کو دوپہر بعد اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے جارحانہ رخ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ایس آئی آر بہار کے ووٹروں سے متعلق ہے۔ اس لئے اس پر ایوان میں فوری بحث ہونی چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ حکمراں جماعت ہویا اپوزیشن کے لوگ، ان ہی ووٹروں کے ووٹ سےیہاں اسمبلی میں یا دہلی پارلیمنٹ میں پہنچتے ہیں اور عوام کی باتیں رکھنے کی کوشش کر تے ہیں ۔ آج انہیں ووٹروں کو لسٹ سے باہر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی چند ماہ قبل وزیر اعظم بھی اسی ووٹر لسٹ سے منتخب ہوئے ہیں ۔ اچانک اس میں کیا خامیاں آگئیں ؟ جو اسے بدلنے کی کوشش ہونے لگی۔ تیجسوی یادو نے کہا کہ بہار’لوک تنترکی جننی‘ ہے اور اس ایس آئی آر سے جمہوریت کو ختم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ایس آئی آر کا عمل ووٹر کے مفاد میں نہیں ہے۔ جب ووٹر ہی ختم ہو جائیں گے تو ایوان چلا کر کیا فائدہ؟تیجسوی یادو نے کہا کہ ہم ایوان میں اس پر بحث نہیں کریں گے تو بحث کہاں کریں گے؟
لیکن اسمبلی اسپیکر نند کشور یادو نے تیجسوی کے مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جب ایوان کی کارروائی شروع ہوئی تو ہم نے آپ کے اراکین سے کہا تھا کہ وہ اپنی رائے پیش کریں لیکن انہوں نے اپنا موقف پیش نہیں کیا۔