• Fri, 04 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

تیجسوی کا بی جے پی کو چیلنج، جرم ثابت کرسکو تو میرے سیکریٹری کو گرفتار کرلو

Updated: June 21, 2024, 7:28 PM IST | Patna

نیٹ پیپر لیک معاملے میں اپنے پرسنل سیکریٹری پریتم کمار کا نام سامنے آنے کے بعد بہار کے سابق نائب وزیراعلیٰ تیجسوی یادو نے یہ کہتے ہوئے بی جے پی کو گھیر لیا ہے کہ خاطی کوئی بھی ہو، اسے گرفتار کرو۔ انہوں نےبی جے پی لیڈر سمراٹ چودھری کے ساتھ پیپر لیک کے کلیدی ملزم کی تصویر بھی جاری کی۔

Tejaswi yadav. Photo: INN
تیجسوی یادو۔ تصویر: آئی این این

آر جے ڈی لیڈر اور بہار کے سابق نائب وزیراعلیٰ تیجسوی یادو نے ’نیٹ پیپر لیک‘ معاملے میں بی جے پی  کو آڑے ہاتھوں لیا ہے اور اس کے الزام پر اسے ہی گھیر لیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر میرے پرسنل سیکریٹری (پی ایس)  پریتم کمارنے کوئی غلطی کی ہے تو اسے ضرور گرفتار کرو لیکن اس سے پہلے اس کا جرم ثابت کرو۔  انہوں نے کہا کہ اگر میرا پی ایس خاطی نکلتا ہے اور اسے گرفتار کیا جاتا ہے تواس سے مجھے کوئی دقت نہیں ہے۔اسی کے ساتھ انہوں نے ریاستی حکومت پر کلیدی ملزم امیت آنند کو تحفظ دینے کا بھی الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں ڈبل انجن کی سرکار ہے،اس کے باوجود پیپر لیک دھڑلے سے ہورہے ہیں اور ملزمین آزاد گھوم رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: ماہرین کیساتھ وزیر خزانہ کی دوسری ’پری بجٹ‘ میٹنگ

تیجسوی یادو نے کہا کہ صرف میرے پی ایس کا نام لے لینے سے وہ ملزم نہیں ہوجائے گا اور اس کی وجہ سے میری کردار کشی نہیں ہوسکے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر بہار کے نائب وزیراعلیٰ وجے سنہا کے پاس کوئی جانکاری ہے تو اسے پولیس کو سونپیں اور ملزمین کے خلاف کارروائی کریں۔ اگر پولیس کو میرے پی ایس پر کوئی شبہ ہے تواسے چاہئے کہ وی پریتم کمار کو طلب کرے اور ان سے پوچھ تاچھ کرے۔
تیجسوی یادو نے کہا کہ سچائی یہ ہے کہ بی جے پی اور اس کی حکومتیں اصل ملزم کو بچانے کیلئے معاملے کا رُخ موڑنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپرلیک معاملے کے کلیدی ملزم امیت آنند کی بی جے پی لیڈر اور بہار کے نائب وزیراعلیٰ سمراٹ چودھری کے ساتھ تصویر سامنے آئی ہے لیکن اس پر  دوسرے نائب وزیراعلیٰ وجے سنہا کچھ نہیں کہہ رہے ہیں۔ انہوں نے بی جے پی کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ آپ میرے اسسٹنٹ کو بلائیں اور اگر اس نے کوئی غلطی کی ہے تواسے گرفتار بھی کریں لیکن ان تمام طلبہ کو انصاف دلانے کی کوشش کریں جن کا مستقبل تباہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔  انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں میرا نام گھسیٹنے سے آپ کا جرم کم نہیں ہوجائے گا۔ آر جے ڈی لیڈر نے کہا کہ امیت آنند پیپر لیک  معاملے کا  ماسٹر مائنڈ  ہے جس کا تعلق بی جے پی لیڈروں سے ہے۔
خیال رہے کہ  نیٹ پیپر لیک  کے حوالے سے پورے ملک میں ہنگامہ ہے۔ ایک دن قبل بہار کے ڈپٹی سی ایم وجے سنہا نے الزام عائد کیا تھا کہ تیجسوی یادو کے پرسنل سیکریٹری پریتم کمار نے پیپر لیک میں شامل ملزمین میں سے ایک سکندر نامی ملزم کیلئے کمرہ بک کرایا تھا۔وجے سنہا نے کہا تھا کہ `تیجسوی یادو کے پی ایس  نے گیسٹ ہاؤس کے ملازم پردیپ کے ذریعے ماسٹر مائنڈ سکندر کیلئے ایک کمرہ بک کرایا تھا۔ خیال رہے کہ پریتم کمار بہار ایڈمنسٹریٹو سروس کے افسر ہیں۔ اگست۲۰۲۲ء میں نئی پوسٹنگ کے تحت انہیں تیجسوی یادو کا  پی ایس بنا یا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھئے: مہایوتی میں چپقلش کا ایک اور باب، اجیت پوار کے تعلق سے رام داس کدم کے بیان پر ہنگامہ

وجے سنہا  کے الزامات   پر تیجسوی یادو نے کہا کہ ریاست اور مرکز میں حکومت اُن کی ہے اور تحقیقاتی ایجنسیاں بھی ان کی ہیں، پھر انہیں الزام لگانے کی کیا ضرورت ہے؟ انہیں تو کارروائی کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اصل وجہ یہ ہے کہ وہ کلیدی ملزم کو بچانا چاہتے ہیں، جس کا تعلق بی جے پی لیڈروں سے ہے، اسلئے ادھر ادھر کی باتیں کررہے ہیں۔
تیجسوی یادو نے کہا کہ جب سے مودی تیسری بار وزیر اعظم بنے ہیں کچھ نہ کچھ غلط ہی ہو رہا ہے۔ یکے بعد دیگرے امتحانات کے پیپر لیک ہورہے ہیں۔اسی کے ساتھ بنگال میں ٹرین حادثہ ہوا اور بہار میں پل گر گیا۔  انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ وزیراعظم ہر معاملے پر خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK