• Sat, 14 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

تلنگانہ :ریونت ریڈی نے حلف لیا، وزراء میں قلمدان تقسیم

Updated: December 08, 2023, 9:21 AM IST | Agency | Hyderabad

تقریب ِ حلف برداری میں سونیاگاندھی ، راہل ، پرینکا اور ملکارجن کھرگے سمیت اہم لیڈروں کی شرکت ، ریونت ریڈی نے تمام وعدے پورے کرنے کا اعلان کیا۔

Revanth Reddy with key Congress leaders Priyanka, Rahul, Sonia Gandhi and Mallikarjun Kharge after taking oath. Photo: PTI
ریونت ریڈی حلف لینے کے بعد کانگریس کے اہم لیڈران پرینکا ، راہل ، سونیا گاندھی اور ملکارجن کھرگے کے ساتھ۔ تصویر :پی ٹی آئی

اے ریونت ریڈی نے حیدرآباد شہر کے ایل بی ایس(لال بہادر شاستری) اسٹیڈیم میں وزیراعلیٰ کے طورپرحلف لیا۔ ان کے ساتھ ۱۱؍ وزراء نے بھی حلف لیا ۔ان میں نائب وزیراعلی کے طورپر ملوبھٹی وکرامارکا بھی شامل ہیں۔تلنگانہ کی گورنر تمیلی سائی سوندراراجن نے ان سبھی لیڈروں کو عہدے اوررازداری کاحلف دلایا۔نئے وزراء میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔ دیگر دس وزراء جن کو حلف دلایاگیا، ان  میں دامودر راج نرسمہا، این اتم کمار ریڈی،کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی،سیتکا،پونم پربھاکر،ڈی سری دھر بابو،ٹی ناگیشوررائو، کونڈا سریکھا، جوپلی کرشنارائو اور سرینواس ریڈی شامل ہیں ۔ کانگریس پارٹی کے سینئرلیڈروں سونیاگاندھی، پارٹی کے صدر ملکارجن کھرگے، راہل گاندھی، پرینکاگاندھی، ہماچل کے وزیراعلی سکھویندرسنگھ سکھو، کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا اورکرناٹک کے دیگر وزراء نےاس تقریب میں شرکت کی۔
دوسری طرف تلنگانہ میں ریونت ریڈی کے بحیثیت وزیراعلی حلف برداری کے بعد ان کے ساتھ حلف لینے والے ۱۱؍ وزراء کو قلمدان الاٹ کردیئے گئے ہیں۔ ان میں اتم کمارریڈی کو وزارت داخلہ کا قلمدان سونپا گیا ہے۔ ان کے بعد  کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کو بلدی نظم و نسق، سری دھر بابو کو وزارت مالیات ،پی سرینواس ریڈی کو وزارت آبپاشی، کونڈا سریکھا کو وزارت بہبودی خواتین و اطفال، ملو بھٹی وکرامارکو نائب وزارت اعلیٰ اور ریوینیو ، دامودرراج نرسمہا کو وزارت صحت ،  جوپلی کرشنارائو کو وزارت سول سپلائیز، پونم پربھاکر کو وز ارت ویلفیر، سیتااکاکو وزارت قبائلی بہبود اور ٹی ناگیشوررائو کو وزارت تعمیرات اور ٹرانسپورٹ۔
دوسری طرف راہل گاندھی نے تلنگانہ کے وزیراعلی ریونت ریڈی اوران کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے تقریب کے بعد ٹویٹ کیا کہ عوامی حکمرانی کے کام کا آغاز ہوگیا ہے۔ ہم سنہرے تلنگانہ کے خواب اور اپنی ضمانتوں کو ہر حال میں پورا کریں گے۔ وزیراعظم مودی نے بھی تلنگانہ کے وزیراعلیٰ کے طورپرحلف لینےپرریونت ریڈی کو مبارکباد پیش کی۔انہوں نے اپنےٹویٹ میں اس ذمہ داری کو سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی  اور ریاست کی مزید ترقی اورشہریوں کی بہبود کے لئے تمام ممکنہ مدد کی یقین دہانی کروائی۔
ادھر وزیراعلیٰ تلنگانہ ریونت ریڈی نے عہدہ کا حلف لینے کے بعد دو فائلوں پر عوام کی موجودگی میں دستخط کئے۔ ایک فائل انتخابی منشور میں عوام سے کانگریس کی جانب سے دی گئی۶؍ضمانتوں پر عمل کے لئے راہ ہموار کرنے سے متعلق تھی جب کہ دوسری فائل ایک معذور خاتون رجنی کو ملازمت کی منظوری سے متعلق تھی جس کا ریونت ریڈی نے قبل از انتخاب وعدہ کیا تھا۔ انہوں نے حلف برداری کے بعد ایل بی ایس اسٹیڈیم میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے عوام حکومت کے حصہ دار ہیں۔ بحیثیت وزیراعلیٰ وہ عوام سے یہ وعدہ کررہے ہیںکہ ریاست میں عوامی حکومت ہو گی۔یہ کہتے ہوئے کہ کئی طرح کی جدوجہد اور قربانیوں کے بعد علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل عمل میں آئی ہے، انہوں نے کہا کہ اس ریاست میں مساوی ترقی، آزادی اور سماجی انصاف کو جگہ دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایک دہائی کے بعد ڈرائونی حکمرانی کا خاتمہ ہوا ہے۔ تلنگانہ کے لئے جدوجہد کرنے والے شہداء کا خواب حکمرانی کے ذریعہ آج پورا ہوا ہے۔  اس دوران انہوں نے اعلان کیا کہ کہا کہ وزیراعلیٰ کی سرکاری قیام گاہ پرگتی بھون کے بیریکیڈس ہٹادیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمعہ کو ۱۰؍ بجے جیوتی رائو پھلے پرجابھون میں پرجا دربار منعقد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ حکمراں نہیں عوام کے خادم ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ جو موقع عوام نے کانگریس کو دیا ہے اس سے استفادہ کرتے ہوئے ریاست کی ترقی کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے پارٹی کے کارکنوں کو یقین دہانی کروائی کہ ان کی سخت محنت کو یاد رکھا جائے گا اور ان کے مفادات کا تحفظ کیا جائے گا۔ اس دوران ریونت ریڈی نے بار بار سونیا گاندھی اور راہل گاندھی کا شکریہ بھی ادا کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK