مختلف مقامات پر یلو الرٹ جاری پال گھر ، رائے گڑھ، رتنا گیری اور سندھو درگ میں سخت گرمی کا امکان، ستارا میں بارش کا سلسلہ جاری۔
EPAPER
Updated: April 12, 2026, 9:45 AM IST | Pune
مختلف مقامات پر یلو الرٹ جاری پال گھر ، رائے گڑھ، رتنا گیری اور سندھو درگ میں سخت گرمی کا امکان، ستارا میں بارش کا سلسلہ جاری۔
مہاراشٹر میںان دنوں موسم کا کوئی بھروسہ نہیں رہ گیا کہ وہ کب تبدیل ہو جائے۔ درمیان میں ریاست کے مختلف علاقوں میں زور دار بارش ہو رہی تھی۔ اب اچانک دوبارہ شدید گرمی پڑنے لگی ہے۔ محکمہ موسمیات نے الگ الگ مقامات کیلئے الرٹ جاری کیا ہے اور آئندہ ۵؍ دنوں میں شیدید دھوپ اور گرمی کی پیش گوئی کی ہے۔ اس میں کوکن ، ممبئی اور مراٹھواڑہ کے کئی علاقے شامل ہیں۔
گزشتہ چند دنوں میں غیر موسمی بارش نے ریاست بھر میں کافی ہلچل مچا دی ہے۔ تاہم اب درجہ حرارت بڑھ رہا ہے اور گرمی محسوس ہونے لگی ہے۔ ممبئی، پونے اور تھانے میں شدید گرمی کے سبب لوگ بے چینی محسوس کر رہے ہیں ۔ دن بھر دھوپ اور چھاؤں کے کھیل اور شام کے بعد سردی محسوس ہونے سے شہری پریشان ہیں۔ محکمہ موسمیات نے یلو الرٹ جاری کیا ہے کیونکہ سنیچر کے روز کوکن میں گرم اور مرطوب موسم تھا۔ محکمہ موسمیات نے ممبئی اور اطراف کے علاقوں میں اگلے ۵؍ دنوں تک درجۂ حرارت میں اضافے کی وارننگ بھی جاری کی ہے۔
گرمی میں اضافے کا امکان
ریاست کے باقی حصوں میں جھلسا دینے والی گرمی میں اضافے کا امکان ہے۔ریاست میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں اضافہ ہوا ہے۔ایک روز قبل یعنی جمعہ کو ریاست میں سب سے زیادہ درجہ حرارت اکولہ میں ریکارڈ کیا گیا۔ یہاں ۳۸؍ ڈگری سے زیادہ درجہ حرارت تھا۔ جبکہ سب سے کم درجہ حرارت ناسک کے نپھاڑ علاقے میں رہا جہاں ۱۵ء۵؍ ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ یاد رہے کہ اکولہ اس سے قبل بھی یعنی بے موسم برسات سے قبل جب مارچ کے ابتدائی دنوں میں گرمی پڑ رہی تھی ، سب سے زیادہ گرم ضلع تھا۔
کئی علاقوں میں الرٹ جاری
محکمہ موسمیات نے کئی مقامات گرمی کے تعلق سے الرٹ جاری کیا ہے۔ پالگھر، تھانے، ممبئی، رائے گڑھ، رتناگیری اور سندھو درگ اضلاع میں گرم اور مرطوب موسم کا امکان ہے۔ یہاں یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ ریاست کے باقی حصوں میں گرمی اور گرمی کی لہر میں اضافہ ہوگا۔ دوسری جانب مئی کے آغاز سے قبل ہی گرمی کی شدت میں اضافے سے شہری حیران و پریشان ہیں۔ اس لئے ماہرین نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس چلچلاتی دھوپ میں باہر نکلتے وقت محتاط رہیں۔ اپریل کے مہینے میں اگر اس قدر گرمی پڑ رہی ہے تو مئی میں کیا حال ہوگا؟ ماہرین کا کہناہے کہ اس سے زیادہ گرمی پڑ سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: دہلی ہائی کورٹ میں رعنا ایوب کی پوسٹس پر تنازع، ایکس کو سیف ہاربر کھونے کا خدشہ
ستارا میں بے موسم برسات کا سلسلہ جاری
اس دوران ستارا میں بے موسم برسات کا سلسلہ ا ب بھی جاری ہے۔ یاد رہے کہ ستارہ ضلع ان دنوں ریاست کے دیگر علاقوں سے الگ تھلگ معلوم ہو رہا ہے کیونکہ یہاں پر کئی مقامات پر بجلی گرنے کے واقعات پیش آئے ہیں اورزور دار بارش ہو رہی ہے۔بے موسم بارش کی وجہ سے کسانوں کیلئے مشکل کھڑی ہو گئی ہے۔ یہاں کئی طرح کی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔ یاد رہے کہ اس سے کچھ روز قبل ستارا کے پڑوسی ضلع پونے میں بھی زور دار بارش ہوئی تھی اور کئی علاقے جل تھل ہو گیا۔ اس کے بعد اچانک ریاست میں گرمی پڑنے لگی مگر ستارا میںموسم تبدیل نہیں ہوا۔