وزیر داخلہ نے مہلوکین کی تعداد میں اضافے کا اندیشہ ظاہر کیا۔
اسپین میں بھیانک ٹرین حادثے میں دوٹرینیں ٹکرا کر پلٹ گئیں۔ تصویر: آئی این این
اسپین میں اتوار کی شام پیش آنےوالے گزشتہ ایک دہائی کے بدترین ٹرین حادثے میں ۳۹؍ افراد ہوگئے۔ ہسپانوی وزیر داخلہ کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد مزید بڑھ سکتی ہے۔ اسپین کے جنوبی حصے میں ایک تیز رفتار ٹرین پٹری سے اتر گئی اور چند ہی لمحوں میں دوسری ٹرین ا آکر اس سے ٹکرا گئی۔ اس حادثے میں ۱۲۰؍ سے زائد مسافر زخمی ہو ئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصے میں ملک کا یہ بدترین ٹرین حادثہ ہے۔ اس سے قبل ۲۰۱۳ء میں شمال مغربی شہر سینٹیاگو ڈی کومپوسٹیلا کے باہر موڑ پر ٹرین کے اترنے سے ۸۰؍ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
اسپین میں تازہ حادثہ اتوار کی شام اس وقت پیش آیا جب ریلوے کمپنی ’ایریو‘ کی ایک ٹرین، جو مالاگا سے میڈرڈ جا رہی تھی، اندلس میں ایڈاموز کے قریب پٹری سے اتر گئی۔ پٹری سے اترنے کے بعد یہ دوسری پٹری پر چلی گئی جہاں یہ سامنے سے آنے والی ٹرین سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں وہ ٹرین بھی پٹری سے اتر گئی۔اسپین کے وزیر ٹرانسپورٹ آسکر پوینٹے نے بھی خدشہ ظاہر کیا کہ ہلاکتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔