Inquilab Logo Happiest Places to Work

TET ضروری ہے، جانئے کیا ہے اور کس طرح ہوتا ہے

Updated: September 27, 2025, 3:26 PM IST | Dr. Atta-ur-Rehman Noori | Mumbai

تعلیم کو کسی بھی قوم کی ترقی کی سنگ بنیاد قرار دیا جاتا ہے۔ ایک کامیاب تعلیمی نظام کی کامیابی کا انحصار معیاری اور تربیت یافتہ اساتذہ کی تعداد پر ہوتا ہے جو نہ صرف تعلیمی نصاب کی گہرائی میں جان رکھتے ہوں بلکہ تدریسی طریقہ کار کی سائنسی سمجھ بوجھ بھی رکھتے ہوں۔

The Teacher Eligibility Test is a government exam that has been made mandatory for all candidates. Photo: INN
ٹیچر اہلیتی امتحان ایک سرکاری امتحان ہے جو تمام امیدواروں کے لئے لازمی قرار پایا ہے۔ تصویر: آئی این این

تعلیم کو کسی بھی قوم کی ترقی کی سنگ بنیاد قرار دیا جاتا ہے۔ ایک کامیاب تعلیمی نظام کی کامیابی کا انحصار معیاری اور تربیت یافتہ اساتذہ کی تعداد پر ہوتا ہے جو نہ صرف تعلیمی نصاب کی گہرائی میں جان رکھتے ہوں بلکہ تدریسی طریقہ کار کی سائنسی سمجھ بوجھ بھی رکھتے ہوں۔ موجودہ تعلیمی دور میں جہاں معیاری تعلیم کی فراہمی ایک عالمی ضرورت بن چکی ہے، حکومتِ ہند نےٹیچر اہلیتی امتحان (Teaching Eligibility Test) کو لازمی قرار دے کر تعلیمی معیار کو بلند کرنے کا ایک سنجیدہ قدم اٹھایا ہے۔ TET امتحان کا مقصد تعلیم کے شعبے میں پیشہ ورانہ شفافیت اور تدریسی قابلیت کی تصدیق ہے تاکہ تعلیمی نظام میں نااہل افراد کی جگہ اہل اور تجربہ کار اساتذہ کو تعینات کیا جا سکے۔
ٹیچر اہلیتی امتحان کا بنیادی مقصد : ٹیچر اہلیتی امتحان ایک سرکاری امتحان ہے جو تمام امیدواروں کے لئے لازمی قرار پایا ہے جو ہندوستان کے سرکاری اور معاون اسکولوں میں کلاس اول سے آٹھویں تک تدریسی خدمات انجام دینا چاہتے ہیں۔ یہ امتحان مرکزی اور ریاستی سطح پر منعقد کیا جاتا ہے تاکہ تعلیمی شعبے میں تدریسی صلاحیت، نصاب کی سمجھ بوجھ، بچوں کی نفسیاتی اور تعلیمی ضروریات کے مطابق تدریسی مواد کی تیاری اور اسے مؤثر انداز میں پیش کرنے کی مہارت کو جانچا جا سکے۔قانونی طور پر TET پاس کرنا ایک لازمی شرط بن چکا ہے تاکہ اساتذہ کی بھرتی سرکاری اسکولوں میں ممکن ہو سکے۔
مرکزی ٹیچر اہلیتی امتحان (CTET):   مرکزی سطح پر سنٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن (CBSE)کے ذریعے منعقد کیا جاتا ہے، جو کہ ملک گیر معیار پر اساتذہ کی صلاحیت کی جانچ کیلئے  معتبر ادارہ ہے۔ CTET سرکاری اسکولوں میں  تدریسی خدمات کیلئے اہلیت کی تصدیق کرتا ہے۔
ریاستی ٹیچر اہلیتی امتحانات (State TETs):  ہر ریاست اپنے مخصوص تعلیمی تقاضوں اور مقامی ضروریات کے مطابق خود مختارانہ طور پر TET منعقد کرتی ہے۔ ان امتحانات کا مقصد ریاستی سطح پر معیاری اور تربیت یافتہ اساتذہ کی تقرری کو یقینی بنانا ہے۔
TET  کی اقسام 
پیپر اول (Primary Level): یہ پیپر ان امیدواروں کیلئے ہے جو کلاس اول سے پانچویں تک تدریسی خدمات انجام دینا چاہتے ہیں۔
پیپر دوم (Upper Primary Level): یہ پیپر ان افراد کیلئے ہے جو کلاس چھٹی سے آٹھویں تک تدریسی خدمات انجام دینا چاہتے ہیں
کل نمبرات: ۱۵۰۔ دورانیہ: ۱۵۰ منٹ
اہلیت اور تعلیمی شرائط:اُمیدوار کو درج ذیل تعلیمی قابلیت کا حامل ہونا لازمی ہے:
٭پرائمری سطح کے لئے انٹرمیڈیٹ (۵۰؍  فیصد نمبروں کے ساتھ) کے بعدڈی ایڈ یا گریجویشن کے ساتھ ڈی ایڈ۔
٭پر پرائمری سطح گریجویشن (۵۰؍ فیصدنمبروں کے ساتھ) کے بعد بی ایڈ ۔
عمر کی حد:  عمر کی حد پر کوئی یکساں ضابطہ نہیں، تاہم بعض ریاستی TET امتحانات میں مخصوص عمر کی حدود بھی مقرر کی جاتی ہیں۔ امیدوار کا بھارتی شہری ہونا لازمی ہے جبکہ ریاستی سطح پر بعض مقامی ریزیڈنسی کی شرائط بھی نافذ ہوتی ہیں۔
درخواست فارم کی تاریخیں:
۱۵؍ستمبر تا ۳؍اکتوبر ۲۰۲۵ء 
امتحان کی تاریخ: ۲۳؍نومبر ۲۰۲۵ء
داخلہ فارم کے لیے درکار دستاویزات:
٭پاسپورٹ سائز تازہ فوٹوگراف اور دستخط (اسکین شدہ شکل میں)
٭آدھار کارڈ یا کوئی بھی درست شناختی کارڈ (ووٹر آئی ڈی، پاسپورٹ وغیرہ)
٭تاریخ پیدائش کا ثبوت (میٹرک سرٹیفکیٹ یا برتھ سرٹیفکیٹ)
٭تعلیمی اسناد (انٹرمیڈیٹ، گریجویشن، B.Ed./D.El.Ed. وغیرہ کی مارک شیٹس اور سرٹیفکیٹس)
٭کاسٹ/ریزرویشن سرٹیفکیٹ۔ ڈومیسائل سرٹیفکیٹ (ریاستی ٹی ای ٹی کیلئے جہاں لازمی ہو)
٭آن لائن فیس جمع کرنے کے لیے بینک تفصیلات/ڈیبٹ کارڈ/کریڈٹ کارڈ
اہم نوٹ: امیدوار صرف اصل اور درست معلومات فراہم کریں۔ غلط یا جعلی دستاویز جمع کرانے کی صورت میں فارم رد کر دیا جائے گا۔
 سرٹیفکیٹ کی مدت اور اہمیت
ٹیچر اہلیتی امتحان میں کامیابی کے بعد جاری ہونے والا سرٹیفکیٹ لائف ٹائم ویلیڈ سمجھا جاتا ہے تاہم بعض ریاستیں مخصوص مدت کے بعد تجدید کی شرط بھی رکھ سکتی ہیں۔ یہ سرٹیفکیٹ نہ صرف اساتذہ کی تعلیمی قابلیت کی تصدیق ہے بلکہ سرکاری ملازمتوں میں تقرری کے لئے لازمی دستاویز بھی تصور کی جاتی ہے۔ اس کے بغیر کسی بھی اساتذہ کی بھرتی سرکاری اسکولوں میں ممکن نہیں۔
یاد رہے: ٭نصاب کی مکمل تیاری، سابقہ پیپرز کی جانچ اور جدید تدریسی تکنیکوں کی سمجھ ضروری ہے۔٭ تعلیم کے جدید نظریات، بچوں کی نفسیاتی ترقی اور تعلیمی نصاب کی عملی تدریس پر خصوصی توجہ دی جائے، اور ٭ طلبہ غیر مصدقہ ذرائع پر انحصار کرنے کے بجائے صرف مستند اور تجربہ کار اساتذہ سے اکتسابِ فیض کریں اور ایسی کتب کا انتخاب کریں جو نصاب اور امتحان کے تقاضوں سے براہِ راست مطابقت رکھتی ہوں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK