• Sun, 26 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

تھائی لینڈ: سابق ملکہ سیریکیت ۹۳؍ برس کی عمر میں انتقال کر گئیں

Updated: October 25, 2025, 3:51 PM IST | Bangkok

تھائی لینڈ کے شاہی محل نے تصدیق کی ہے کہ سابق ملکہ سیریکیت، جو موجودہ بادشاہ مہا وجیرالونگ کورن کی والدہ اور ملک کے طویل ترین عرصے تک حکومت کرنے والے بادشاہ بھومیبول ادولیادیج کی اہلیہ تھیں، جمعہ کی رات ۹۳؍ برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔ ان کے انتقال پر ملک بھر میں سوگ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ انہیں ’’قوم کی ماں‘‘ کہا جاتا تھا۔

Former Queen Sirikit of Thailand. Photo: X
تھائی لینڈ کی سابق ملکہ سیریکیت۔ تصویر: ایکس

تھائی شاہی محل کے مطابق، سابق ملکہ سیریکیت کی طبی حالت جمعہ تک بگڑ گئی تھی اور وہ رات ۹؍ بجکر ۲۱؍ منٹ پر چولالونگکورن اسپتال میں انتقال کر گئیں۔ محل سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ ۲۰۱۹ء سے مختلف بیماریوں میں مبتلا تھیں اور رواں ماہ انہیں خون کے انفیکشن کا سامنا تھا۔ بادشاہ وجیرالونگ کورن نے شاہی خاندان کے تمام ارکان کیلئے ایک سالہ سوگ کی مدت کا اعلان کیا ہے۔ سنیچر کی صبح ملک کے نیوز اینکرز کو سیاہ لباس میں کام کرتے دیکھا گیا، جو عوامی سوگ کی علامت ہے۔واضح رہے کہ تھائی لینڈ میں شاہی خاندان کو انتہائی عزت و احترام حاصل ہے۔ ملک بھر میں ان کی تصاویر اور سونے سے مزین پورٹریٹس گھروں اور عوامی مقامات پر آویزاں ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: مغربی کنارے کو ضم کرنے کی قرارداد پرروک

یاد رہے کہ ملکہ سیریکیت کو اپنے شوہر بادشاہ بھومیبول ادولیادیج کے ساتھ ۶۶؍ سالہ ازدواجی زندگی کے دوران ایک فیشن آئیکون اور قوم کی خدمت گزار خاتون کے طور پر شہرت ملی۔ مغربی میڈیا نے انہیں اپنے میگزین کے سرورق پر اکثر شائع کیا اور سابق امریکی خاتونِ اوّل جیکی کینیڈی سے تشبیہ دی۔ ۱۹۶۰ء کی دہائی میں اپنے عروج کے دور میں انہوں نے امریکی صدور اور گلوکار ایلوس پریسلے جیسے عالمی شخصیات سے ملاقاتیں کیں جبکہ تھائی لینڈ کے دیہی علاقوں میں عوامی دورے بھی کئے۔

یہ بھی پڑھئے: میانمار: ’اراکان آرمی‘ پر نسلی اقلیتوں کو جبری اور بلا معاوضہ مشقت پر مجبور کرنے کا الزام

انہیں ’’قوم کی ماں‘‘ (Mother of the Nation) کہا جاتا تھا اور ان کی سالگرہ کو ملک کے یومِ مادر کے طور پر منایا جاتا ہے۔ ملکہ سیریکیت نے آخری برسوں میں خرابیِ صحت کے باعث عوامی زندگی سے کنارہ کشی اختیار کر لی تھی۔ واضح رہے کہ تھائی لینڈ میں چکری شاہی خاندان کی حکومت ۱۷۸۲ء سے قائم ہے۔ اگرچہ بادشاہ وجیرالونگ کورن نے ابھی تک باضابطہ طور پر کسی وارث کا اعلان نہیں کیا، تاہم ان کے سات بچے ہیں جن میں پانچ بیٹے شامل ہیں۔ ان کا ۲۰؍ سالہ بیٹا دیپانگ کارن راسمیجوتی ممکنہ جانشین کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ محل کے مطابق، سابق ملکہ سیریکیت کی میت دارالحکومت بنکاک کے گرینڈ پیلس کے دوسیٹ تھرون ہال میں عوامی زیارت کیلئے رکھی جائے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK