Updated: August 06, 2026, 3:30 PM IST
| Bangkok
تھائی لینڈ کے جنوبی صوبے ناراتھیوات میں جاری ایک علاقائی فٹبال ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل کے دوران آسمانی بجلی فٹبال گراؤنڈ پر گرنے سے ۲۴؍ سالہ کھلاڑی صفوان آوائے ہلاک جبکہ ۱۲؍ دیگر افراد زخمی ہو گئے۔ واقعے کا ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے، جس میں کھیل کے دوران اچانک بجلی گرنے کے بعد میدان میں بھگدڑ مچتی دکھائی دیتی ہے۔
تھائی لینڈ کے جنوبی صوبے ناراتھیوات (Narathiwat) میں ایک فٹبال میچ اس وقت سانحے میں تبدیل ہو گیا جب کھیل کے دوران اچانک آسمانی بجلی میدان پر آ گری، جس کے نتیجے میں ایک کھلاڑی ہلاک اور متعدد دیگر زخمی ہو گئے۔ یہ افسوسناک واقعہ گولوک کپ (Golok Cup) کے سیمی فائنل کے دوران سانتی فاپ اسٹیڈیم (Santiphap Stadium) میں پیش آیا، جہاں شدید بارش کے باوجود میچ جاری رکھا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے کھلاڑی کی شناخت ۲۴؍ سالہ صفوان آوائے کے نام سے ہوئی ہے، جو حال ہی میں تھائی لینڈ کی لیگ ۳؍کی ٹیم ایف سی یالا (FC Yala) میں شامل ہوئے تھے۔ آسمانی بجلی گرنے کے فوراً بعد وہ میدان میں گر پڑے۔ امدادی عملے نے موقع پر ہی طبی امداد فراہم کی اور بعد ازاں انہیں اسپتال منتقل کیا، لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔
حکام نے بتایا کہ اس حادثے میں ۱۲؍ دیگر افراد بھی زخمی ہوئے، جن میں کھلاڑی اور دیگر موجود افراد شامل ہیں۔ زخمیوں میں ۲۲؍ سالہ ملائیشین فٹبالر علیف عزہان ذوالکفلی (Alif Ezzahan Zulkifli) بھی شامل ہیں، جنہیں جلنے کے زخم آئے۔ تمام زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ مقامی پولیس چیف نے کہا کہ ’’اگرچہ ایمرجنسی میڈیکل ٹیم نے متاثرہ کھلاڑی کی جان بچانے کی ہر ممکن کوشش کی، لیکن وہ آسمانی بجلی سے لگنے والی شدید چوٹوں کے باعث دم توڑ گئے۔‘‘
واقعے کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کھلاڑی بارش کے دوران کھیل رہے ہوتے ہیں کہ اچانک ایک زور دار چمک کے ساتھ بجلی میدان میں گرتی ہے۔ دھماکے جیسی آواز سنائی دیتی ہے، دھواں اٹھتا ہے اور کھلاڑی و تماشائی خوف زدہ ہو کر مختلف سمتوں میں بھاگنے لگتے ہیں۔ ویڈیو نے دنیا بھر میں شدید افسوس اور تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔ ایف سی یالا نے اپنے مرحوم کھلاڑی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ’’بے شک ہم اللہ ہی کے ہیں اور اسی کی طرف لوٹ کر جانے والے ہیں۔ ہمارے نئے کھلاڑی صفوان آوائے کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: عمرہ مہنگا ہوگیا،ویزا کی فیس میں اضافہ
ماہرین کا کہنا ہے کہ تھائی لینڈ میں مئی سے اکتوبر تک مون سون کے موسم میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات عام ہوتے ہیں، اسی لیے گرج چمک کے دوران کھلے میدانوں میں کھیلوں کی سرگرمیاں روکنے کی سفارش کی جاتی ہے۔ اس حادثے کے بعد ایک مرتبہ پھر شدید موسمی حالات میں کھیل جاری رکھنے کے حفاظتی ضوابط پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ سوشل میڈیا پر ہزاروں افراد نے صفوان آوائے کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور مطالبہ کیا کہ مستقبل میں کسی بھی کھیل کے مقابلے سے قبل موسم کی صورتحال کا زیادہ سختی سے جائزہ لیا جائے تاکہ ایسے المناک واقعات سے بچا جا سکے۔