’بدرِ مفاہمت‘ اور ’مکہ معاہدہ ‘ کے ذریعے پاکستان کا مقصد یہ ہے کہ وہ موجودہ حالات میں صحیح جگہ پر رہے جبکہ ہندوستان کا مقصد یہ ہونا چاہئے کہ مستقبل اس کا ہو۔
EPAPER
Updated: November 10, 2026, 4:57 PM IST | Happymon Jacob | Mumbai
’بدرِ مفاہمت‘ اور ’مکہ معاہدہ ‘ کے ذریعے پاکستان کا مقصد یہ ہے کہ وہ موجودہ حالات میں صحیح جگہ پر رہے جبکہ ہندوستان کا مقصد یہ ہونا چاہئے کہ مستقبل اس کا ہو۔
۲۱؍ اکتوبر کو پاکستان، ترکی، قطر اور انڈونیشیا کے وزرائے دفاع نے ’بدر مفاہمت نامے‘ پر دستخط کئے، جو دفاعی ساز و سامان کی مشترکہ تیاری کا ایک منصوبہ ہے۔ یہ پیش رفت اسلام آباد کیلئے جغرافیائی سیاسی (جیو پولیٹکل) اعتبار سے اہم لمحات سے بھرپور ایک سال کا نقطہ اختتام ہے۔ یاد رہے کہ رواں سال اگست میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکی نے ’مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے‘ پر دستخط کئے تھے جس میں یہ شق قابل ذکر ہے کہ کسی ایک ملک پر کیا جانے والا تینوں پر حملہ تصور کیا جائے گا۔ اگرچہ فی الحال یہ صرف کاغذوں تک ہی محدود ہے۔ مزید برآں، گزشتہ ہفتے مالدیپ کے صدر نے اسلام آباد میں تین دن گزارے، یہ ۱۱؍ برسوں میں مالدیپ کے کسی سربراہِ مملکت کا پاکستان کا پہلا دورہ تھا۔ اس کے علاوہ، پاکستان اور اس کے آرمی چیف، عاصم منیر، امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے پسندیدہ حلقے میں شامل ہیں۔ ظاہری طور پر ایسا لگتا ہے کہ پاکستان جغرافیائی سیاسی محاذ پر بہت بہتر پوزیشن میں ہے، جبکہ ہندوستان پسپائی کی حالت میں ہے لیکن یہ ایک محدود یا قلیل مدتی نقطۂ نظر ہوسکتا ہے۔
انصاف کا تقاضا ہے کہ سب سے پہلے واضح حقائق کو تسلیم کیا جائے۔ ان معاہدوں کی کچھ نہ کچھ جغرافیائی سیاسی اہمیت ضرور ہے۔ ’مکہ معاہدہ‘ دستخطی تقریب سے آگے بڑھ چکا ہے، تینوں ممالک نے حوثی حملوں کے خلاف سعودی عرب کے دفاع کیلئے ہر ممکن تعاون، یہاں تک کہ وہاں افواج تعینات کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے جبکہ ترکی نے اس معاہدے کو توثیق کیلئے اپنی پارلیمنٹ میں بھیج دیا ہے۔ اس معاہدے کی علامتی حیثیت بھی کارآمد ہے۔ اس کے ذریعے اپنی اہمیت کا اظہار کیا جاسکتا ہے، سرمایہ کاری کو راغب کیا جاسکتا ہے، اور یقیناً، ہندوستان کی منصوبہ بندی اور تیاریوں کو مزید پیچیدہ بنایا جاسکتا ہے۔ اگلی بار جب لائن آف کنٹرول پر کوئی بحرانی صورتحال پیدا ہوگی تو نئی دہلی کو پاکستان کے ساتھ سعودی عرب کے اس دفاعی معاہدے کو بھی مد ِنظر رکھنا پڑے گا، جو دو سال قبل موجود نہیں تھا۔ ہوسکتا ہے کہ سعودی عرب اسلام آباد کی مدد کو آئے یا نہ بھی آئے، لیکن اصل نکتہ یہ نہیں ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ نئی دہلی سعودی عرب کو نظر انداز کرنے کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ یعنی بہت سے نا ممکنات، نا ممکنات نہیں رہ جائیں گے۔ اس کے باوجود، یہ سوال اہم ہے کہ آخر وہ کیا چیز ہے جو پاکستان کو وقتاً فوقتاً اپنے مطلوبہ اہداف کی جانب بڑھنے میں معاونت کرتی ہے؟ یہ چیز پاکستان کا جغرافیائی محل وقوع ہے۔ جنوبی ایشیا، مغربی ایشیا اور وسطی ایشیا کے سنگم پر واقع ہونے اور ایک بڑی فوج نیز جوہری طاقت ہونے کی بدولت، پاکستان اپنے شراکت داروں کیلئے کچھ نہ کچھ افادیت ضرور رکھتا ہے، بظاہر تو ایسا ہی ہے۔ چنانچہ، جب امریکہ ایران کے ساتھ حالت ِ جنگ میں ہو اور خلیجی بادشاہتیں شدید دباؤ یا حملوں کی زد میں ہوں، تو پاکستان کی اہمیت بڑھ جاتی ہے۔ دوسرے لفظوں میں، پاکستان کی اصل قدر کا انحصار دیگر بحرانوں پر ہے اور اسی لئے جب وہ بحران ختم ہو جاتے ہیں تو پاکستان کی اہمیت بھی کم ہو جاتی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: کوکن کے بڑھتے’ٹورزم سیکٹر‘ میں مسلم شراکت کتنی ہے؟ کم کیوں ہے؟
پاکستان کی تاریخ میں پہلے بھی ایسے مواقع آئے ہیں جب اسے جغرافیائی سیاسی اعتبار سے اہمیت حاصل ہوئی۔ مثال کے طور پر۱۹۵۰ء کی دہائی میں جب ہندوستان نے ’غیر وابستہ‘ رہنے کا فیصلہ کیا تو پاکستان ’سیٹو‘ (SEATO) اور ’بغداد معاہدے‘ کا حصہ بنا۔ تین دہائیوں بعد، افغانستان میں سوویت یونین کے خلاف جنگ نے پاکستان کو امریکی پیسہ اور اسلحہ فراہم کیاگیا (اگرچہ اس کے نتیجے میں خود پاکستان کافی حد تک سماجی انتشار کا شکار ہوگیا)۔ بعد ازاں نائن الیون کے بعد، پاکستان امریکہ کی ’دہشت گردی کے خلاف جنگ‘ کا ایک اہم جزو بن گیا۔ حالات بتاتے ہیں کہ پاکستان کی اہمیت میں اضافہ اس وقت ہوا جب خطہ امن سے محروم تھا۔ تاہم، اس ملک کیلئے یہ بھی المیہ رہا کہ ان مواقع کا بہت کم حصہ ملک کی معیشت کی تعمیر و ترقی میں صرف ہوسکا۔ پاکستان کبھی بھی خطے میں ’استحکام لانے والی طاقت‘ نہیں بن سکا اور نہ ہی اسے کبھی ایسی طاقت کے طور پر دیکھا گیا کیونکہ اس کی شناخت مسائل، بحران اور انتشار پر ٹکی ہوئی ہے، استحکام اور خوشحالی پر نہیں۔ پُرامن حالات میں، پاکستان کی جغرافیائی سیاسی اہمیت کم ہو جاتی ہے۔ یہیں پر ہندوستانی اور پاکستان کے درمیان فرق اور بھی نمایاں ہو جاتا ہے۔ ہندوستان میں موجود ان لوگوں کو اس بات پر غور کرنا چاہئے جو پاکستان کی مبینہ کامیابیوں کو دیکھ کر بے چینی محسوس کرتے ہیں۔ ہندوستان نے اپنے قدم دھیمے انداز میں، سوچ سمجھ کر اور زیادہ پائیدار نتائج کے ساتھ اٹھائے ہیں۔
ہندوستان کا معاملہ ایسا نہیں ہے۔ اس کی حیثیت ایک مستقل طاقت کی ہے۔ ہندوستان دفاعی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں ایسے اقدامات کررہا ہے جو مکہ معاہدہ کی طرح ڈرامائی نتائج کے تو حامل نہیں ہیں لیکن یہ پائیدار اور مستحکم نتائج کیلئے ضروری ہیں۔ علاوہ ازیں ہندوستان کےموجودہ تجارتی شراکت دار برطانیہ، نیوزی لینڈ، یورپی یونین، آسٹریلیا اور امریکہ جیسے ممالک ہیں جو (پاکستان کے شراکت دار) قطر، ترکی اور انڈونیشیا سے زیادہ وسیع اہمیت رکھتے ہیں۔ ان ممالک کی اپنے خطوں میں اہمیت ہے۔ ہندوستان کے شراکت دار وہ ممالک ہیں جن پر عالمی معیشت کے مستقبل کا دارومدار ہے۔ علاوہ ازیں ہندوستان دفاع کے شعبے میں بھی مضبوط ہورہا ہے۔ ۲۶-۲۰۲۵ء میں اس کی دفاعی برآمدات ریکارڈ ۳۸؍ ہزار ۴۲۴؍ کروڑ رہی جو گزشتہ مدت کے مقابلے میں ۶۲؍ فیصد زیادہ ہے۔ جی ای ایرو اسپیس اور ہندوستان ایروناٹکس ہندوستان میں ایف ۴؍۱۴؍ فائٹر انجن بنائیں گے۔
ہندوستان کو اس بات کا بھی خیال رکھنا چاہئے کہ وہ اپنے تعلقات اور شراکت داری کی اہمیت اور وزن کو بڑھا چڑھا کر پیش نہ کرے کیونکہ وہ ہتھیاروں کا خالص درآمد کنندہ ہے اور اس کے جو تجارتی معاہدے ہیں، ان کے نتائج دیر سے برآمد ہوتے ہیں۔ لہٰذا، جب ہم اس بات پر توجہ مرکوز کرتے ہیں کہ پاکستان کے ساتھ سعودی وابستگی کا ردّعمل ہندوستان اور پاکستان کے بحران کے وقت کیا ہوگا اور بدر معاہدہ کے شریک ممالک ہندوستانی نظام کے تعلق سے کیا سمجھتے ہیں، تب ہندوستان کو اپنے اعصاب پر قابو رکھنا ہوگا اور اس پر توجہ نہیں دینی ہوگی کہ اسلام آباد کس طرح کی سرخیوں میں جگہ پا رہا ہے۔ پاکستان کا مقصد یہ معلوم ہوتا ہے کہ وہ موجودہ حالات و واقعات میں صحیح جگہ پر رہنا چاہتا ہے جبکہ ہندوستان کی کوشش یہ ہونی چاہئے کہ وہ تاریخ میں صحیح جگہ پر رہے۔
(مضمون نگار’ انڈیاز ورلڈ‘ میگزین کے ایڈیٹر ہیں)