تھانے میں دھوکہ بازوں نے مبینہ طور پر سرکاری اسکیم کے تحت کم قیمت پر مکان فراہم کرنے کا جھانسا دے کر ۱۱؍افراد کے ساتھ فریب دہی کی اور ان کی ذاتی تفصیلات کا غلط استعمال کرکے بڑے مالی لین دین کے لئے بینک کھاتے کھول لئے۔
فریب دہی۔ تصویر:آئی این این
تھانے میں دھوکہ بازوں نے مبینہ طور پر سرکاری اسکیم کے تحت کم قیمت پر مکان فراہم کرنے کا جھانسا دے کر ۱۱؍افراد کے ساتھ فریب دہی کی اور ان کی ذاتی تفصیلات کا غلط استعمال کرکے بڑے مالی لین دین کے لئے بینک کھاتے کھول لئے۔ پولیس نے پیر کے روز اس بارے میں اطلاع دی۔ تھانے کے الہاس نگر کی ایک ۵۴؍ سالہ خاتون، جو اس معاملے میں شکایت کنندہ ہیں، نے الزام لگایا کہ ملزمین نے انہیں ’مہاڈا‘اسکیم کے تحت رعایتی قیمت پر مکان فراہم کرنے کا وعدہ کرکے ان کا اعتماد حاصل کیا۔
ہل لائن پولیس اسٹیشن کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ملزمین نے شکایت کنندہ اور دیگر لوگوں کو کم قیمت پر مہاڈا کےفلیٹ دینے کا لالچ دیا اور گزشتہ ۲؍ برسوں کے دوران ان سے رقم جمع کی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ملزمین نے ان کی ذاتی تفصیلات کا غلط استعمال کرکے سم کارڈز، ای میل آئی ڈی بنوائیں اور ان کے نام پر بینک کھاتے کھلوائے۔ملزمین نے مبینہ طور پر ۱۱؍ متاثرین میں سے ہر ایک سے۵؍ہزار روپے لئے، اس طرح مجموعی طور پر۵۵؍ہزار روپے جمع کئے۔ انہوں نے متاثرین کی تفصیلات کا استعمال کرتے ہوئے ان کے نام پر کھولے گئے بینک کھاتوں کے ذریعے بڑے پیمانے پر مالی لین دین بھی کیا۔
عہدیدار کا کہنا ہے کہ ملزمین نے مبینہ طور پر جعلی دستخط اور دستاویزات کا استعمال کرتے ہوئے کمپنیوں اور بلڈروں کے مختلف بینک کھاتوں میں رقم منتقل کیں، جس سے نہ صرف متاثرین کے ساتھ دھوکہ دہی ہوئی بلکہ ان کا اعتماد بھی مجروح ہوا۔سنیچر کو خاتون کی شکایت کے بعد، پولیس نے ۳؍ افراد کے خلاف دھوکہ دہی اور جعل سازی کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس کو شبہ ہے کہ مزید افراد بھی اس فریب دہی کا شکار ہوئے ہوں گے اور انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سرکاری ہاؤسنگ اسکیموں سے متعلق کسی بھی دعوے پر رقم دینے سے پہلے اس کی تصدیق ضرور کر لیں۔
تھانے:روس میں نوکری دلانے کے بہانے دھوکہ،۳؍افراد کیخلاف کیس درج
پولیس نےیہاں ایک شخص کو روس میں اچھی ملازمت دلانے کا جھانسا دے کر۲؍لاکھ۹۲؍ہزار روپے کی ٹھگی کرنے کے الزام میں ۳؍ افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔پولیس کے مطابق۳۸؍سالہ شکایت کنندہ بدلاپور (مشرقی) کا رہنے والا ہے اور پیشے سے کارپینٹر ہے۔ ملزمین نے اسے ایک ٹریول کمپنی کے ذریعے روس کے ایک مال میں نوکری دلانے کا یقین دلایا تھا۔انہوں نے پاسپورٹ، ویزا اور ہوائی ٹکٹ سمیت ایمپلائمنٹ ویزا فراہم کرنے کا وعدہ کیا اور نومبر ۲۰۲۵ءسے اس سال جنوری کے درمیان اس سے کل۲؍لاکھ ۹۲؍ ہزار روپے لے لئے۔
بھیونڈی پولیس اسٹیشن کے ایک افسر نے بتایا’’شکایت کنندہ کو ایمپلائمنٹ ویزا کے بجائے عارضی ویزا پر بیرون ملک بھیج دیا گیا تھا۔‘‘ افسر کے مطابق شکایت کنندہ نے بتایا کہ روس پہنچنے کے بعد اس سے سخت مشقت کا کام کرایا گیا لیکن وعدے کے مطابق نوکری نہیں دی گئی۔ ساتھ ہی ملزمین نے اس سے لی گئی رقم بھی واپس نہیں کی۔انہوں نے بتایا کہ شکایت کی بنیاد پر سنیچر کو ۲؍ مرد اور ایک خاتون کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہتا کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔افسر نے بتایا کہ ملزمین کی تلاش جاری ہے اور معاملے میں ملوث ٹریول کمپنی کے کردار کی بھی جانچ کی جا رہی ہے۔