حادثہ سے متاثر شخص نے ایک دن قبل پیش آئے واقعہ کا ویڈیو شیئر کیا۔ لودھا پلاوا کے مکینوں نے مسئلہ حل کرنے کا پُرزور مطالبہ کیا۔
EPAPER
Updated: October 06, 2025, 12:32 PM IST | Shahab Ansari | Thane
حادثہ سے متاثر شخص نے ایک دن قبل پیش آئے واقعہ کا ویڈیو شیئر کیا۔ لودھا پلاوا کے مکینوں نے مسئلہ حل کرنے کا پُرزور مطالبہ کیا۔
یہاں گھوڑ بندر روڈ پر بڑے بڑے گڑھوں اور سڑک کی حالی کی وجہ سے یہاں سے گاڑیوں کو گزرنے میں دقتیں پیش آرہی ہیں جس کے نتیجہ میں یہاں ٹریفک جام کا مسئلہ ایک بار پھر پیدا ہو گیا ہے۔ اس راستے پر اکثر سفر کرنے والوں کو شکایت ہے کہ کچھ عرصہ قبل مرمت کے باوجود گھاٹ کی طرف گھوڑ بندر روڈ پر دوبارہ بڑے بڑے گڑھے پڑ گئے ہیں جن کی وجہ سے گھاٹ سے اتر کر ممبئی کی طرف آنے والی گاڑیوں کو شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ایک شخص نے سوشل میڈیا پر اپنا تجربہ بیان کیا ہے کہ عام طور پر اپنی گاڑی میں انہیں گائے مکھ گھاٹ سے بھائندر پاڑہ پہنچنے میں تقریباً ۱۰؍ منٹ صرف ہوتے ہیں لیکن اس مرتبہ وہ ٹریفک میں بُری طرح پھنس گئے اور تقریباً ایک گھنٹہ صرف ہوگیا۔ اس راستے پر سفر کرنے والوں نے انتظامیہ سے سڑک کی مرمت کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کے مطابق ہائی وے سے نوی ممبئی، جواہر لال نہرو پورٹ ٹرسٹ (جے این پی ٹی)، ممبئی کے مشرقی اور مغربی مضافات میں پہنچنا اور گجرات جانا سب محال ہوگیا ہے۔ سنیچر کو بھی اس سڑک کو استعمال کرنے والوں نے شکایت کی تھی کہ جا بجا گڑھوں کی وجہ سے ٹریفک کا مسئلہ اتنا بڑھ گیا ہے کہ چھوٹے چھوٹے حصوں کو بھی پار کرنے میں گھنٹہ بھر گزر جارہا تھا۔ گھوڑ بندر روڈ پر واگلے اسٹیٹ میں جیجا ماتا نگر پر سڑک کی حالت اتنی زیادہ خراب ہے کہ یہاں پر کئی بڑے بڑے گڑھے پڑ گئے ہیں۔ جمعہ کی شب ایک شخص اپنی اہلیہ کے ساتھ موٹر سائیکل پر جاتے ہوئے گڑھے کی وجہ سے بائیک سمیت گر گئے اور ان کی بیوی کا پیر زخمی ہوگیا۔ اس حادثہ کے فوراً بعد انہوں نے اس جگہ کا ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کیا اور اس سڑک کو موت کا کنواں قرار دیا۔ سنیچر کو انہوں نے سڑک کے درمیان بیٹھ کر احتجاج کیا تاکہ انتظامیہ متوجہ ہو اور اس سڑک کی مرمت کی جائے۔ اس شخص نے ویڈیو میں بتایا کہ جس جگہ حادثہ ہوا، وہ فائونٹین ہوٹل سے ۲؍ سے ۳؍ کلو میٹر آگے واقع ہے۔
اتوار کو لودھا پلاوا سٹی کے مکینوں نے بھی خاموش احتجاج کرکے خستہ حال سڑکوں اور ٹریفک کے مسئلہ کے خلاف آواز بلند کی۔ ان سب مسائل کے ساتھ کاسر وڈولی میں میٹرو ۴؍ کے تعمیراتی کام کی وجہ سے بھی اس علاقے میں ٹریفک جام رہتا ہے۔